آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

تفتیشی اداروں میں مبینہ حکومتی مداخلت پر سپریم کورٹ کا از خود نوٹس

پاکستان کے چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے تفتیشی اداروں میں مبینہ طور پر حکومتی مداخلت سے متعلق از خود نوٹس لیا ہے اور اس کی سماعت انیس مئی کو دن ایک بجے سپریم کورٹ کا پانچ لارجر بینچ دن ایک بجے اس کی سماعت کرے گا۔

لائیو کوریج

  1. عمران خان اسٹیبلشمنٹ سے ٹائیگر فورس کی طرح کی حمایت چاہتے تھے: بلاول بھٹو

    وزیر خارجہ اور پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سابق وزیراعظم عمران خان پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ نہیں چاہتے تھے کہ ہمارے قومی ادارے غیر متنازع رہیں، وہ چاہتے تھے کہ ہماری اسٹیبلشمنٹ بھی ٹائیگر فورس کا رول اپنا کر ان کو سپورٹ کرے۔

    بلاول بھٹو نے سابق وزیر اعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ پہلے وزیر اعظم ہیں جو کہتے ہیں غحر جمہوری اقدام کر کے انھیں بچایا جائے۔

    وزارت خارجہ کا حلف اٹھانے کے بعد پہلی مرتبہ کراچی آمد کے موقع پراستقبال کے لیے آنے والے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پارٹی کارکنوں کو مبارک ہو کہ ہماری جیت ہوچکی ہے، جمہوریت کی جیت ہوچکی ہے، چاروں صوبوں کی جیت ہوچکی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ملک میں انتے بحران پیدا کردیے کہ ہم اس کا نام بحران خان رکھنا چاہتے ہیں، اس نے جس چیز میں ہاتھ ڈالا اس کو تباہ کردیا، عمران خان نے تبدیلی کے نام پر تباہی کی۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ عمران خان اب عدلیہ اور اداروں پر حملے کر رہے ہیں، عمران خان مجھے نہیں بچایا تحریک چلا رہے ہیں، یہ تحریک چلارہے ہیں کہ ادارے آئینی اور قانونی دائرے میں رہنے کے بجائے، جمہوری نظام میں مداخلت کریں، یہ ملک کے پہلے وزیراعظم ہیں جو تحریک چلا رہے کہ غیر جمہوری قدم اٹھایا جائے اور مجھے بچایا جائے۔

  2. سازش وائٹ ہاؤس میں نہیں بلکہ بلاول ہاؤس میں ہوئی: بلاول بھٹو

    پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرپرسن اور پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کراچی میں اپنی پارٹی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چاروں صوبوں اور پاکستان کی جیت ہو چکی ہے کہ ہم نے اس سیلیکٹڈ اور کٹھ پتلی کو، اس نالائق ترین وزیراعظم کو گھر بھیج دیا ہے۔

    بلاول بھٹو نے کہا کہ یہ بیرونی سازش نہیں بلکہ ایک جمہوری عمل تھا۔ ان کے مطابق یہ آئین، جمہوریت اور سیاسی کارکنان کی کامیابی ہے۔

    بلاول بھٹو نے عمران خان کا نام لیے بغیر کہا کہ یہ کہتے ہیں کہ ان کے خلاف وائٹ ہاؤس میں سازش ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کے خلاف یہ سازش بلاول ہاؤس میں ہوئی۔

  3. حکومت کا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا اعلان

    پاکستان کی وفاقی حکومت نے رواں ماہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

    وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ حکومت کا فی الحال پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے کا کوئی ارادہ نہیں۔

    میڈیا سے گفتگو کے دوران وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے واضح کیا کہ انھوں نے وزیر اعظم شہباز شریف کو تجویز دی تھی کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمت بڑھائی جائے لیکن وزیر اعظم نے انکار کر دیا۔

    مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم موجودہ صورت حال میں عوام پر مزید بوجھ نہیں ڈالنا چاہتے۔

    انھوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ پٹرول خریدنے کے لیے قطاروں میں نہ لگیں۔

    مفتاح اسماعیل نے واضح کیا کہ فی الحال پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہیں ہو رہا لیکن کبھی بھی ایڈجسمنٹ کر سکتے ہیں۔

    ایک سوال کے جواب میں مفتاح اسماعیل نے کہا کہ ’دورہ سعودی عرب میں مثبت بات ہوئی۔ انھوں نے اچھی پیشکش کی لیکن اس پر بات نہیں کر سکتا۔‘ انھوں نے کہا کہ ’سب سے بات چیت ہو رہی ہے لیکن معاملات حتمی طور پر طے ہونے میں کچھ وقت لگتا ہے۔`

  4. پاکستان کی سیاسی صورتحال پر بی بی سی اردو کے لائیو پیج میں خوش آمدید!

    گذشتہ مہینوں کے دوران پاکستان کی سیاسی صورتحال تیزی تبدیل ہوئی ہے اور سنہ 2018 کے الیکشن کے بعد برسرِاقتدار آنے والی جماعت پاکستان تحریکِ انصاف کے سربراہ اور سابق وزیرِ اعظم عمران خان کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد اب پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف پاکستان کے وزیرِ اعظم ہیں۔

    اس بدلتی سیاسی صورتحال پر بی بی سی اردو کے لائیو پیج میں خوش آمدید !

    ملک کی سیاست اور دن بھر پیش آنے والے اہم واقعات کے بارے میں آپ یہاں تازہ ترین خبریں دیکھ سکیں گے۔