مانسہرہ میں واپڈا کے گرڈ سٹیشن کے افتتاح کے لیے تحریک انصاف اور مسلم لیگ ن میں تنازعہ, محمد زبیر خان، صحافی
صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع مانسہرہ کے علاقے چھترپلین میں چھترپلین گرڈ سٹیشن میں نئے تعمیر ہونے والے فیڈر کے وی کے افتتاح پر مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف کے کارکنان کے درمیان تنازعہ اور کشیدگی روکنے کے لیے انتظامیہ نے دونوں کو اپنی الگ الگ افتتاحی تقریب منعقد کرنے کی اجازت دی ہے۔
دونوں جماعتوں کے رہنماؤں نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ رکاوٹوں اور مخالفت کے باوجود افتتاح کرنے پہنچے ہیں اور دوسرے کو روکنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔
پولیس نے کشیدگی اور تصادم روکنے کے لیے سنیچر کے روز مانسہرہ سے چھتر پلین تک مختلف رکاوٹیں کھڑی کرکے روڈ کو بھی بلاک رکھا تھا۔
ضلع مانسہرہ انتظامیہ اور پولیس کے مطابق دونوں جماعتوں کے کارکناں میں اشتعال پایا جاتا ہے۔
حالات کو احسن طریقے سے کنٹرول کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ گرڈ سٹیشن واپڈا کی ملکیت ہے۔
اس پر فیڈر کاکام بھی واپڈا ہی نے کروائے تھے۔ واضح رہے کہ نئے فیڈر پر کام مکمل ہوچکا ہے مگر ابھی اس سے بجلی کی سپلائی شروع نہیں ہوئی ہے۔
مسلم لیگ ن نےاعلان کررکھا تھا کہ سنیچر کے روز کیپٹین (ر)صفدر اور سردار یوسف اس گرڈ سٹیشن کی افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گے۔ تاہم اس اعلان کے بعد تحریک انصاف کے رہنماؤں سینیٹر اعظم سواتی، بابر سلیم سواتی اور ایم این اے صالح محمد کی قیادت میں تحریک انصاف کے کارکناں نے گزشتہ روز جمعے کو یہاں جلسہ منعقد کیا اور یہ دعویٰ بھی کیا کہ انھوں نے اس سٹیشن کا افتتاح کردیا ہے۔