عمران خان کے پاس چار سالہ کارکردگی بتانے کے لیے کچھ نہیں ہے: مریم نواز

پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز شریف نے سابق وزیر اعظم عمران خان کے دور حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کے پاس اپنی چار سالہ حکومت کی کارکردگی بتانے کے لیے کچھ بھی نہیں ہے۔
لاہور کے حلقہ این اے 128 میں پاکستان مسلم لیگ ن کی جانب سے عوامی رابطہ مہم کے تحتکارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز شریف نے سابق وزیر اعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’میں چیلنج کرتی ہوں کہ عمران خان سے کہو کہ اپنی چار سالہ حکومت کی کارکردگی ایک منٹ میں بتائیں، لیکن وہ اپنی کارکردگی پر ایک لفظ بھی نہیں بول سکتے کیونکہ ان کے پلے کچھ بھی نہیں ہے۔‘
مریم نواز نے ان کا موازانہ شہباز شریف سے کرتے ہوئے کہا کہ ’کہاں تاریخی نالائقی، نااہلی اور بیڈ گورننس سے ریکارڈ قائم کرنے والا عمران خان اور کہاں چند دنوں میں گورننس کا ٹریک سیدھا کرنے والا شہباز شریف، کہاں مافیاز کو نوازنے کے لیے 120 روپے کلو چینی کی قیمت کرنے والے عمران خان اور کہاں مشکل حالات میں چینی کو واپس 70 روپے میں لے آنے والے شہباز شریف۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ کہاں جو صبح 12 بجے اٹھنے والا عمران خان اور کہاں صبح پانچ بجے اٹھ کر کام پر جانے والا شہباز شریف، ان کا کوئی مقابلہ نہیں ہے، نواز شریف اور شہباز شریف کا مقابلہ تمہارے بس کی بات نہیں ہے۔
انھوں نے سابق دور حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اسلاآباد ایئرپورٹ سے میٹرو سروس چار سال تک بند رکھنے والے عمران خان اور کہاں وزارت اعظمی کا عہدہ سنبھالنے کے بعد چار دنوں میں میٹرو بس کو چلانے والا شہباز شریف، اس سے بڑی کسی حکومت کی ناکامی نہیں ہو سکتی جب وہ حکومت سے نکلے تو دکھانے کے لیے ایک منصوبہ بھی نہ ہو۔‘













