ایرانی صدر مسعود پزشکیان سنیچر کو دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچیں گے

ایران کے صدر مسعود پزشکیان سنیچر کو دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچ رہے ہیں جہاں وہ صدر آصف زرداری، وزیرِ اعظم شہباز شریف اور دیگر اعلیٰ حکام کے ساتھ ملاقاتیں کریں گے۔ بطور صدر مسعود پزشکیان کا پاکستان کا پہلا دورہ ہے

خلاصہ

  • ہائبرڈ نظام ملک سے اپوزیشن کا خاتمہ چاہتا ہے: آل پارٹیز کانفرنس کا اعلامیہ
  • غزہ میں تقسیم کے متنازع مقامات پر امریکی صدر کے خصوصی ایلچی سٹیو وٹکوف کا دورہ
  • 5 اگست کو توڑ پھوڑ کا کوئی ارادہ نہیں،عمران خان جیل میں ثابت قدم ہیں: سلمان اکرم راجہ
  • اگست میں پنجاب میں مون سون کی بارشوں کا نیا سلسلہ، لینڈ سلائیڈنگ اور اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ
  • ایرانی صدر مسعود پژشکیان سنیچر کو دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچیں گے
  • یوکرین میں حکام کا کہنا ہے کہ کیئو کے متعدد اضلاع پر روسی ڈرونز اور میزائلوں کے حملے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 26 ہوگئی ہے جن میں تین بچے بھی شامل ہیں۔
  • پاکستان کے صوبہ پنجاب کے ضلع رحیم یار خان میں شیخانی پولیس پوسٹ پر ڈاکوؤں کے حملے میں ایلیٹ فورس کے پانچ اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ پولیس کی جوابی فائرنگ میں ایک ڈاکو مارا گیا۔

لائیو کوریج

  1. فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرنے کا مطلب کیا ہے اور کیا یہ ماضی میں دیگر ممالک بھی کر چکے ہیں؟

    غزہ

    ،تصویر کا ذریعہReuters

    لگ بھگ 140 ممالک باضابطہ طور پر فلسطینی ریاست کو تسلیم کر چکے ہیں حالانکہ بہت سے یورپی ممالک اور امریکہ کا کہنا ہے کہ وہ اسے صرف اسرائیل کے ساتھ تنازع کے طویل مدتی حل کے حصے کے طور پر تسلیم کریں گے۔

    سپین، آئرلینڈ اور ناروے نے غزہ میں جنگ بندی کے لیے سفارتی دباؤ بڑھانے کے لیے گذشتہ سال یہ قدم اٹھایا تھا۔

    فرانس نے تاحال فلسطینی ریاست کو تسلیم نہیں کیا لیکن صدر ایمانوئل میکخواں کا کہنا ہے کہ وہ ستمبر میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اس کا باضابطہ اعلان کریں گے۔

    برطانیہ کے وزیراعظم کیئر سٹارمر نے اب یہی کہا ہے کہ برطانیہ بھی ایسا کرے گا، بشرطیکہ اسرائیل متعدد شرائط پر پورا نہ اترے۔

    فلسطین کے نمائندوں کو فی الحال اقوام متحدہ کی سرگرمیوں میں محدود حقوق حاصل ہیں اور فلسطین کو عرب لیگ سمیت مختلف بین الاقوامی تنظیموں نے بھی تسلیم کیا ہے۔

    ناقدین کا خیال ہے کہ فلسطینی ریاست کی قیادت اور اس کے دائرہ کار سے متعلق سوالات حل کیے بغیر اسے تسلیم کرنا زیادہ تر ایک علامتی اقدام ہوگا۔

    گذشتہ ہفتے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے برطانیہ کے سابق فارن آفس کے سربراہ لارڈ میک ڈونلڈ نے کہا کہ فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنا بذاتِ خود ’زیادہ اہمیت نہیں رکھتا‘۔ انھوں نے مزید کہا کہ یہ اقدام ’اسرائیلیوں اور امریکیوں کو شدید غصہ دلائے گا اور لوگ پوچھیں گے کہ ایسا کرنے کی وجہ کیا ہے، اس کے بعد کیا ہو گا اور اس کے بعد کے اقدامات کرنا بہت مشکل ہو گا۔‘

  2. اگر اسرائیل نے غزہ میں جنگ بندی سمیت دیگر شرائط پر عمل نہ کیا تو برطانیہ فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کر لے گا: برطانوی وزیرِ اعظم

    سٹارمر

    برطانوی وزیرِ اعظم کیئر سٹارمر نے کہا ہے کہ اگر اسرائیل نے غزہ میں جنگ بندی سمیت دیگر شرائط پر عمل نہ کیا تو برطانیہ ستمبر میں اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کر لے گا۔

    برطانوی وزیرِ اعظم نے یہ بات کابینہ کے ہنگامی اجلاس کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہی۔

    کابینہ کی میٹنگ کے ایک ہینڈ آؤٹ کے مطابق برطانیہ فلسطین کو بطور ریاست اس صورت میں تسلیم کرے گا اگر ’اسرائیلی حکومت نے غزہ کی بدترین صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے اہم اقدامات نہ کیے، غزہ میں جنگ بندی نہ کی، مقبوضہ غربِ اردن کو اپنے ساتھ غیرقانونی طور پر ضم کیا اور دو ریاستی حل کے لیے ایک طویل المدتی امن مرحلے پر بات نہ کی۔‘

    انھوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اسرائیل اور حماس میں کوئی برابری نہیں ہے اور برطانیہ حماس سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ تمام یرغمالیوں کو رہا کرے، جنگ بندی معاہدے پر دستخط کرے، تسلیم کرے کہ وہ غزہ کی کسی بھی حکومت میں کوئی کردار ادا نہیں کریں گے اور اپنا اسلحہ پھینک دیں۔

    بیان میں کہا گیا ہے کہ سٹارمر اقوامِ متحدہ کے اجلاس سے قبل صورتحال کا جائزہ لیں گے اور دیکھیں گے کہ آیا سٹیک ہولڈرز اس حوالے سے مثبت قدم اٹھائے ہیں جس کے بعد حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

    موجودہ صورتحال کے بارے میں بات کرتے ہوئے برطانوی وزیرِ اعظم کا یہ بھی کہنا تھا کہ بھوکے بچوں کی تصاویر ہمارے ساتھ ’زندگی بھر کے لیے رہیں گی۔‘

  3. گذشتہ روز کی اہم خبریں

    • انڈیا کے وزیر داخلہ امت شاہ نے دعویٰ کیا ہے کہ انڈین حکومت کے پاس اِس بات کے ثبوت موجود ہیں کہ پہلگام حملے میں ملوث اور سکیورٹی فورسز کی تازہ کارروائی میں مارے گئے تینوں شدت پسند پاکستانی ہیں۔
    • انڈیا میں حزبِ اختلاف کی جماعت کانگریس کی رہنما پرینکا گاندھی نے پہلگام حملے میں سکیورٹی کی ناکامی پر حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ مودی حکومت سکیورٹی کی ناکامی پر کیوں خاموش ہے؟
    • حماس کے زیر انتظام وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اکتوبر 2023 میں جنگ کے آغاز سے اب تک غزہ میں مرنے والوں کی کل تعداد 60,034 ہو گئی ہے اور 145,870 زخمی ہو گئے ہیں۔
    • پاکستان کے صوبہ پنجاب میں قدرتی آفات سے نمٹنے والے ادارے پی ڈی ایم اے نے دریائے چناب اور دریائے جہلم اور ان سے ملحقہ ندی نالوں میں سیلاب کا الرٹ جاری کیا ہے۔
  4. بی بی سی کے لائیو پیج میں خوش آمدید!

    بی بی سی کے لائیو پیج میں خوش آمدید۔ پاکستان سمیت دنیا بھر کی اہم خبروں اور تجزیوں کے متعلق جاننے کے لیے بی بی سی کی لائیو پیج کوریج جاری ہے۔

    گذشتہ روز تک کی خبریں جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔