پنجاب کی وزیر اعلیٰ مریم نواز کی طرف سے ’انگلی توڑنے‘ کے بیان کے بعد سے سندھ اور پنجاب کے وزرا کے درمیان سخت الفاظ کا تبادلہ جاری ہے۔
آج سندھ کے وزیرِ اطلاعات شرجیل انعام میمن نے الزام عائد کیا کہ پنجاب حکومت ان کی جماعت کی آڑ لے کر وفاقی حکومت کو ’نشانہ‘ بنا رہی ہے۔
اس کے جواب میں پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے اس الزام کی تردید کرتے ہوئے یہ دعویٰ کیا کہ سندھ کے وزیر ’وفاق اور پنجاب کے خلاف سازش کر رہے ہیں۔‘
خیال رہے کہ اگرچہ سندھ میں پیپلز پارٹی اور پنجاب میں مسلم لیگ ن کی حکومتیں قائم ہیں مگر وفاق میں یہ دونوں جماعتیں اس حکومتی اتحاد کا حصہ ہیں جس کے سربراہ مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والے وزیر اعظم شہباز شریف ہیں۔
کئی دنوں سے سیلاب سے متاثرہ افراد کی مدد کے طریقہ کار پر اختلاف سے شروع ہونے والا یہ معاملہ پانی اور وسائل کی تقسیم کی بحث میں تبدیل ہو چکا ہے اور لفظی جنگ تھمنے کا نام نہیں لے رہی ہے۔
سندھ میں برسرِ اقتدار پی پی پی پنجاب کی وزیر اعلیٰ مریم نواز کے بیانات پر برہم ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے پنجاب میں حالیہ سیلاب سے متاثر ہونے والوں کی مدد کے لیے عالمی امداد کی اپیل کرنے سمیت بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت مالی معاونت کرنے پر زور دیا تھا، جبکہ پنجاب کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز کا اصرار ہے کہ پنجاب حکومت سیلاب زدگان کی مدد کے لیے ’کسی سے کوئی ڈکٹیشن نہیں لے گی۔‘
انھوں نے کہا تھا کہ پیپلز پارٹی ’ہماری اتحادی جماعت ہے‘ لیکن اُنھوں نے ’سیلاب کے معاملے پر سیاست کی‘۔ انھوں نے متنبہ کیا تھا کہ ’ہم پنجاب کے عوام کی جانب اُٹھنے والی ہر اُنگلی توڑ دیں گے۔‘
شرجیل انعام میمن اور عظمیٰ بخاری میں تکرار
عظمیٰ بخاری نے شرجیل انعام میمن سے کہا کہ بحث کے لیے ’جگہ اور وقت آپ کی مرضی کے مطابق ہو گا، آپ خود ضرور آئیں، کسی پراکسی کے پیچھے نہ چھپیں۔‘
عظمیٰ بخاری نے شرجیل انعام میمن پر الزام عائد کیا کہ ’پنجاب کے سیلاب متاثرین پر گندی سیاست کا آپ کا بیانیہ ناکام ہو گیا۔ اب وزیر اعظم کے خلاف غیر ضروری بیانیہ لے آئے۔‘
انھوں الزام عائد کرتے ہوئے کہا ’کیا آپ کو وزیر اعظم نے پنجاب کے سیلاب متاثرین پر سیاست کے لیے کیا کہا تھا؟ بلاول بھٹو بطور وفاقی وزیر، وفاق اور وزیر اعظم کی جڑیں کھوکھلی کر رہے تھے۔‘
عظمیٰ بخاری نے مزید الزام عائد کرتے ہوئے کہا ’آپ خود وفاق اور پنجاب کے خلاف سازش کر رہے ہیں۔ جب آپ سے آپ کی کارکردگی پوچھی جاتی ہے تو صوبائیت کارڈ کھیلنا شروع کر دیتے ہیں۔
وزیراطلاعات پنجاب نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا ’آپ مریم نواز کی مقبولیت سے خوفزدہ نہ ہوتے تو آج چھٹی کے دن پریس کانفرنس نہ ہوتی۔
اس سے قبل شرجیل انعام میمن نے پریس کانفرنس سے خطاب میں الزام عائد کیا کہ ’اگر آپ کی وزیراعظم سے کوئی لڑائی ہے تو اسے آپس تک ہی رکھیں اور پیپلز پارٹی کو اس میں نہ دھکیلیں۔‘
انھوں نے کہا کہ ’ہم وفاقی حکومت کے خلاف سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔‘
شرجیل انعام میمن نے الزام عائد کیا کہ ’ہماری آڑ میں ایسا ماحول پیدا کرنےکی کوشش کی جارہی ہے کہ پیپلزپارٹی وفاقی حکومت کو سپورٹ نہ کرے تاہم ہم وفاقی حکومت کے خلاف سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔‘
شرجیل انعام میمن نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ’لیکن جس طرح پنجاب حکومت مسلسل تنقید کر رہی ہے، اس کا مقصد میری سمجھ سے باہر ہے، یہ جو چند دنوں سے حالات ہو رہے ہیں، یہ بالواسطہ طور پر پیپلز پارٹی کو ٹارگٹ کر رہے ہیں، لیکن اصل ٹارگٹ وفاقی حکومت ہے۔‘