لائیو, نیپال میں سیلاب سے بڑے پیمانے پر تباہی: 160 سے زائد افراد ہلاک، انڈین شہریوں سمیت سینکڑوں سیاح لاپتہ

نیپال اور تبت کی سرحد پر اچانک آنے والے شدید سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں اب تک کم از کم 162 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ہے کیونکہ اب بھی کم از کم 403 افراد لاپتہ ہیں، جن میں 341 غیر ملکی شہری شامل ہیں۔

خلاصہ

  • نیپال اور تبت کے سرحدی علاقے میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے کم از کم 162 افراد ہلاک، سینکڑوں تاحال لاپتہ
  • سی آئی اے چیف کی روسی انٹیلی جنس حکام سے ملاقات کا کچھ نتیجہ نکل سکتا ہے: ڈونلڈ ٹرمپ
  • آبنائے ہرمز میں ایک تیل بردار جہاز کو نامعلوم پروجیکٹائل سے نشانہ بنایا گیا: یو کے ایم ٹی او
  • قطری وزیرِ اعظم آج تہران کا دورہ کریں گے
  • آبنائے ہرمز کھلی ہے، جلد بڑی کامیابی حاصل کریں گے: ٹرمپ

لائیو کوریج

  1. 14 بچوں کی میتیں ورثا کے حوالے کر دی گئیں: طلال چوہدری

    وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ اسلام آباد کے پمز ہسپتال میں آتشزدگی سے ہلاک ہونے والے تمام 14 بچوں کی میتیں ان کے ورثا کے حوالے کر دی گئی ہیں۔

    ہسپتال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے بتایا کہ ابتدائی ریسکیو آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے اور وزیر اعظم شہباز شریف نے واقعے کی مکمل تحقیقات کے لیے ایک اعلیٰ سطح انکوائری ٹیم تشکیل دے دی ہے۔

    طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ ریسکیو آپریشن کے بعد تمام شواہد محفوظ کر لیے گئے ہیں، جن کی بنیاد پر تحقیقاتی ٹیم اپنی رپورٹ مرتب کرے گی۔ اس عمل کے نتیجے میں ’ذمہ داروں کے تعین، جزا و سزا کے مراحل اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے طریقۂ کار تجویز کیا جائے گا۔‘

    میڈیا سے گفتگو میں وزیر مملکت برائے داخلہ کا کہنا تھا کہ تحقیقات میں تمام شواہد، سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر متعلقہ معلومات کا جائزہ لیا جائے گا۔ ان کے بقول ’ان سوالات کے بھی جواب تلاش کیے جائیں گے کہ ایمرجنسی کے دروازے کیوں بند تھے، حادثے کے وقت کتنے ڈاکٹر موجود تھے اور کتنے ڈاکٹروں اور نرسوں نے ہنگامی صورت حال میں فوری ردعمل دیا۔‘

    طلال چوہدری نے اس تاثر کی تردید کی کہ فائر بریگیڈ اور ریسکیو ٹیمیں تاخیر سے پہنچیں۔ انھوں نے کہا کہ ’کنٹرول روم میں کال موصول ہونے کے چھ منٹ بعد ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر موجود تھیں‘ جبکہ اس کے چند منٹ بعد انتظامیہ کے حکام بھی پہنچ گئے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ریسکیو اہلکاروں نے مؤثر کارروائی کی، جس کے نتیجے میں سات بچوں سمیت 19 افراد کو بچا لیا گیا۔

  2. پمز میں آتشزدگی: بی بی سی نے کیا دیکھا؟

    ،ویڈیو کیپشنپمز میں آتشزدگی کے بعد بی بی سی نے کیا دیکھا؟

    اسلام آباد کے پمز ہسپتال میں نومولود بچوں کی نرسری میں ہونے والی آتشزدگی کے نتیجے میں 14 بچے ہلاک ہو گئے ہیں۔ بی بی سی نے پمز ہسپتال دورہ کیا اور وہاں موجود عینی شاہدین سے بات کر کے یہ جاننے کی کوشش کی ہے کہ انھوں نے وہاں کیا دیکھا۔

  3. پمز میں آتشزدگی، امدادی کارکنوں نے ردعمل میں تاخیر کی: عینی شاہدین

    غم زدہ لواحقین

    ،تصویر کا ذریعہAFP via Getty Images

    وفاقی دار الحکومت اسلام آباد کے پمز ہسپتال میں آتشزدگی کے عینی شاہدین کا دعویٰ ہے کہ امدادی کارکنوں نے ردعمل میں تاخیر کی۔

    ایک عینی شاہد خرم محمود نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ انھوں نے آتشزدگی میں اپنی تین دن کی بیٹی کو کھو دیا ہے۔ انھوں نے دعویٰ کیا کہ امدادی کارکنوں کو پہنچنے میں کئی گھنٹے لگ گئے: ’ہم مدد کے انتظار میں سڑک پر بیٹھے تھے۔‘

    ایک اور عینی شاہد عبدالغفور نے اسی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ آگ ’بہت تیزی سے‘ پھیلی تھی۔

    انھوں نے کہا کہ وہ مریضوں کو بچانے میں مدد کی غرض سے ہسپتال کے اندر گئے، لیکن زچگی وارڈ تک نہیں پہنچ سکے: ’اندر گھنا سیاہ دھواں تھا اور مریض پھنسے ہوئے تھے، امدادی ٹیمیں تقریباً دو گھنٹے بعد پہنچیں۔‘

  4. پمز آتشزدگی میں 14 نومولود ہلاک: اب تک ہم جانتے ہیں؟

    اسلام آباد میں واقع پمز ہسپتال میں آتشزدگی کے نتیجے میں 14 نومولود بچے ہلاک ہوئے ہیں۔ عینی شاہدین کے مطابق آگ صبح چھ بجے سے ساڑھے چھ بجے کے درمیان لگی تھی۔

    • یہ آگ اسلام آباد میں واقع پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) کے زچہ و بچہ وارڈ میں لگی۔ اطلاعات کے مطابق آگ ایک ایئر کنڈیشننگ یونٹ سے شروع ہوئی اور وارڈ میں آکسیجن کی لائنوں کے باعث تیزی سے پھیل گئی۔
    • ہسپتال کے ترجمان کے مطابق آگ لگنے کے وقت وارڈ میں 15 نومولود بچے موجود تھے، جن میں سے صرف ایک بچے کو زندہ بچایا جا سکا ہے۔
    • وفاقی سیکریٹری صحت کو معطل کرنے کے ساتھ ساتھ حکومت نے اس واقعے کی تحقیقات کے لیے ایک اعلی سطح کی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، جسے 24 گھنٹوں کے اندر اپنی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اس واقعے پر ’گہرے دُکھ اور دلی افسوس‘ کا اظہار کیا ہے۔
    • غم سے نڈھال والدین ہسپتال کے باہر جمع ہیں، جبکہ حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے بچوں کی شناخت کے لیے ڈی این اے ٹیسٹ کرائے جائیں گے۔
    • ہسپتال میں سوگ اور صدمے کی کیفیت ہے، اور عملہ اور لواحقین اس افسوسناک واقعے کے اثرات سے نمٹنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
    • پاکستان میں ہلاکت خیز آتشزدگی کے واقعات ماضی میں بھی پیش آتے رہے ہیں، جن کی وجہ اکثر عمارتوں میں حفاظتی قوانین پر ناقص عملدرآمد کو قرار دیا گیا۔ رواں سال کے آغاز میں کراچی کے ایک شاپنگ سینٹر میں لگنے والی آگ سے 67 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
    • ہلاک ہونے والے بچوں کے والدین اور لواحقین نے بچوں کے وارڈ میں ناقص انتظامات کے دعوے کیے ہیں جنھیں پمز انتظامیہ نے مسترد کیا ہے۔
  5. کوئٹہ سے ٹرین سروس آج دوسرے روز بھی معطل, محمد کاظم، بی بی سی اردو، کوئٹہ

    بلوچستان کے دار الحکومت کوئٹہ سے ٹرین سروس آج بدھ کو مسلسل دوسرے روز بھی معطل رہی۔

    کوئٹہ میں پاکستان ریلوے کے ایک اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ سکیورٹی خدشات کے باعث ٹرین سروس کو منگل سے دو روز کے لیے معطل کیا گیا تھا۔

    واضح رہے کہ نواب اکبر بگٹی کی برسی کے موقع پر کوئٹہ سمیت بلوچستان کے متعدد علاقوں میں سکیورٹی ہائی الرٹ ہے۔

    رواں ماہ بھی سکیورٹی خدشات کے باعث جعفر ایکسپریس کی سروس دو سے تین مرتبہ معطل کی جا چکی ہے۔

    جعفر ایکسپریس کوئٹہ سے پشاور تک روزانہ چلنے والی واحد ٹرین ہے۔ یہ سندھ اور پنجاب کے مختلف شہروں سے ہوتے ہوئے پشاور پہنچتی ہے، جس کے باعث کم آمدنی والے اور غریب طبقے کے مسافروں کے لیے سفر کا ایک اہم ذریعہ سمجھی جاتی ہے۔

    ٹرین سروس کی معطلی سے مسافروں کو شدید مشکلات اور پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

  6. پمز میں آتشزدگی کا معاملہ: وفاقی سیکرٹری صحت معطل، تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل

    وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے پمز ہسپتال میں آتشزدگی کے نتیجے میں نومولود بچوں کی ہلاکت کے معاملے پر وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس شروع ہو گیا ہے۔

    وزیراعظم نے متعلقہ افسران پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی سیکرٹری صحت اسلم غوری کو فوری طور پر معطل کر کے عہدے سے ہٹا دیا ہے جبکہ واقعے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔

    سابق سیکریٹری داخلہ شاہد خان کمیٹی کے سربراہ ہوں گے دیگر ممبران میں سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ ڈاکٹر بیرسٹر نبیل اعوان شامل ہیں۔

  7. پمز واقعے کے ذمہ داروں کا تعین کرکے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے: صدرِ زرداری

    President Asif Ali Zardari

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    پاکستان کے صدرِ آصف علی زرداری نے اسلام آباد کے پمز ہسپتال میں آتشزدگی کے نتیجے میں 14 ہلاکت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس واقعے کے ذمہ داروں کا تعین کرکے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔

    صدر زرداری کا کہنا ہے کہ ہسپتالوں میں مریضوں، خصوصاً نومولود بچوں کی حفاظت کے لیے مؤثر فائر سیفٹی اور ہنگامی انتظامات یقینی بنائے جائیں۔

    اس سے قبل وزیرِ اعظم شہباز شریف نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے حکم دیا تھا کہ واقعہ کے محرکات کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے ذمہ داران کا تعین کیا جاۓ اور سخت سے سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔

  8. وارڈ کا دروازہ بند نہیں تھا اور آگ بجھانے کے آلات موجود تھے: پمز انتظامیہ

    PIMS Hospital

    ،تصویر کا ذریعہAFP via Getty Images

    پمز ہسپتال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر رانا عمران سکندر نے ان اطلاعات کی تردید کی ہے کہ وارڈ کا دروازہ بند تھا۔

    عمران سکندر نے بی بی سی کو بتایا کہ دروازہ پر تالا نہیں لگا ہوا تھا بلکہ وہاں عملہ موجود تھا۔

    ان کے مطابق یہ انتظام بچوں کو وارڈ سے چوری ہونے سے بچانے کے لیے کیا گیا تھا، کیونکہ ماضی میں سرکاری ہسپتالوں میں بچوں کے چوری کے واقعات پیش آ چکے ہیں۔

    عمران سکندر نے واضح کیا کہ ہسپتال میں آگ بجھانے کے لیے پانی کا انتظام نہیں بلکہ وہاں آگ بجھانے والے سلینڈر رکھے گئے تھے۔

    ان کے مطابق آج آگ بجھانے کی کوشش کے دوران 24 سلینڈر استعمال کیے گئے۔

  9. آکسیجن سپلائی کی وجہ سے آگ پھیلی ہے: طارق فضل چوہدری

    وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری کا کہنا ہے کہ گیس کی لائنز اور پلاسٹک انسٹرومنٹ کی وجہ سے آگ پھیلی۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حادثے کے وقت دو ڈاکٹرز، نرس اور عملہ موجود تھا جو واقعے میں محفوظ رہے۔

    ان کا کہنا ہے کہ آگ کی وجہ کا تعین ابھی نہیں کیا جا سکتا، کرائم سین کا جائزہ لیا جارہا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ دھماکہ جیسے بھی ہوا آکسیجن سپلائی کی وجہ سے آگ پھیلی ہے۔

  10. پمز ہسپتال واقعے پر وزیرِ صحت مصطفی کمال استعفیٰ دیں: سابق وفاقی وزرا

    Mustafa Kamal

    ،تصویر کا ذریعہAFP via Getty Images

    ،تصویر کا کیپشنفائل فوٹو

    پاکستان کے سابق وفاقی وزرا فواد چوہدری اور شیریں مزاری نے پمز ہسپتال واقعے پر وفاقی وزیرِ صحت مصطفی کمال سے استعفیٰ کا مطالبہ کر دیا ہے۔

    فواد چوہدری نے ایکس پر جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ ’بچوں کی وارڈ میں آتشزدگی سے بچوں کی جان جانے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے وزیر صحت مصطفیٰ کمال کو استعفی دیں۔‘

    ان کا کہنا ہے کہ اتنے بڑے اور اندوہناک واقعہ کی ذمہ دار انتظامیہ کے خلاف سخت کاروائی ہونی چاہیے، صرف معطلی اور ٹرانسفر کوئی سزا نہیں ہو گی۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ وفاقی وزیر اس واقعہ پر بری الذمہ قرار نہیں دیے جا سکتے۔

    شیریں مزاری نے فواد چوہدری کے بیان کی تائید کرتے ہوئے کہا ہے کہ افسوس کی بات یہ ہے کہ یہاں ایسا شاذ و نادر ہی ہوتا ہے۔

    ان کا کہنا ہے کہ ماضی میں ہونے والے ٹرین حادثات کو ہی یاد کر لیجیے۔ تاہم یہ واقعہ انتہائی ہولناک ہے۔

    ان کا کہنا ہے کہ پمز اور چلڈرنز ہسپتال شدید غفلت، بدانتظامی اور ابتری کا شکار ہیں۔

    شیریں مزاری کا مزید کہنا ہے کہ ’چلڈرنز ہسپتال کے لیے ’فرینڈز آف چلڈرنز ہسپتال‘ کے نام سے ایک بہت فعال گروپ موجود تھا، جو حکومتی فنڈنگ کی کمی سے پیدا ہونے والی خلا‘ کو پُر کرنے میں مدد کرتا تھا، لیکن مجھے یقین نہیں کہ وہ اب بھی فعال ہے یا نہیں۔

  11. پمز میں آتشزدگی: وارڈ میں صرف ایک بچے کو بچایا جا سکا، ہسپتال دستاویز

    PIMS hospital

    ،تصویر کا ذریعہAFP via Getty Images

    اسلام آباد کے پمز ہسپتال کی دستاویز کے مطابق چلڈرن وارڈ میں 15 بچے داخل تھے جن میں سے صرف ایک کو بچایا جا سکا ہے۔

    اس سے قبل پمز ہسپتال کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر عمران سکندر اور ہسپتال کی ترجمان ڈاکٹر انیزہ جلیل نے واقعے میں 14 بچوں کی ہلاکت کی تصدیق کی تھی۔

  12. پمز ہسپتال میں آتشزدگی: بچوں کی لاشیں ڈی این اے ٹیسٹ کے بعد ہی متاثرہ خاندانوں کے حوالے کی جائیں گی، پولیس

    اسلام آباد کے پمز ہسپتال کے چلڈرن وارڈ میں آتشزدگی کے متعلق مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ جن خاندانوں کے بچے اس واقعہ میں ہلاک ہوئے ہیں وہ جائے وقوعہ کو چھوڑنے کے لیے تیار نہیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے بچوں کے خاندان والے اپنے نومولود بچوں کی لاشیں حوالے کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

    ان کا کہنا ہے کہ نرسری میں آگ کی شدت بہت زیادہ تھی اور 14 نومود بچے مکمل طور پر جھلس چکے ہیں اور بنا بچوں اور ان کے والدین کے ڈی این اے ٹیسٹ کے ان کی شناخت ممکن نہیں۔

    پولیس کے بقول اس واقعہ میں ہلاک ہونے والے بچوں کی لاشیں ان کا ڈی این اے ٹیسٹ کروانے کے بعد ہی متاثرہ خاندانوں کے حوالے کی جائیں گی۔

  13. پمز ہسپتال واقعے کے ذمہ داران کے خلاف سخت سے سخت کارروائی عمل میں لائی جائے: وزیرِ اعظم شہباز شریف

    پاکستان کے وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اسلام آباد کے پمز ہسپتال کے چلڈرن وارڈ میں آتشزدگی کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے حکام کو فوری تحقیقات کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔

    وزیرِ اعظم کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بچوں کے ساتھ ایسی صورتحال ناقابلِ تلافی ہے۔

    بیان کے مطابق وزیرِ اعظم نے حکم دیا ہے کہ واقعہ کے محرکات کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے ذمہ دآران کا تعین کیا جاۓ اور سخت سے سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔

    پمز ہسپتال کی انتظامیہ کے مطابق آتشزدگی کے اس واقعے میں 14 بچے ہلاک ہوئے ہیں۔

  14. اسلام آباد کے پمز ہسپتال کے چلڈرن وارڈ میں آتشزدگی، 14 نومولود بچے ہلاک: ایگزیکٹیو ڈائریکٹر پمز

    PIMS

    ،تصویر کا ذریعہRescue

    پاکستان کے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے سرکاری ہسپتال پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز پمز کے بچوں کے وارڈ میں آتشزدگی کے واقعے میں 14 نومولود بچے ہلاک ہو گئے ہیں۔

    پمز کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر عمران سکندر نے بچوں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔

    دوسری جانب اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ آگ پمز ہسپتال کی ایم سی ایچ وارڈ کے تیسرے فلور پر لگی جس میں مجموعی طور پر 14 بچے مکمل طور پر جھلس گئے ہیں۔

    ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آگ بھڑکنے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچیں۔

    بیان میں کہا گیا ہے کہ امدادی سرگرمیوں میں فائر برگیڈ کی چھ گاڑیوں اور چار ایمبولینسوں نے حصہ لیا۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق آگ پر فی الفور قابو پاتے ہوئے بچوں کو فوری طور پر آئی سی یو میں شفٹ کیا گیا۔

    انتظامیہ کا مزید کہنا ہے کہ واقعہ کی انکوائری کے لیے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جو آگ لگنے کی وجوہات کا تعین کرے گی۔

    اس سے قبل پمز کی ترجمان ڈاکٹر انیزہ جلیل نے بی بی سی کو بتایا تھا کہ تاحال اس واقعے میں کسی بچے کی موت کی تصدیق نہیں کی جا سکتی۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ آگ ایئر کنڈشن یونٹ میں لگی اور آکسیجن کے کنکشنز کے باعث آگ فوراً بھڑک اٹھی۔

    ان کا کہنا تھا کہ حادثے کے وقت وارڈ میں 15 بچے داخل تھے۔

    ہسپتال کے ایک اہلکار کا کہنا ہے کہ آگ چھ بج کر 45 منٹ پر چلڈرن وارڈ میں آگ لگی۔

    چیف کمشنر اور اسلام آباد پولیس کے سربراہ موقع پر موجود ہیں جبکہ میڈیا کو جائے حادثہ پر جانے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔

  15. اگر امریکہ نے آبنائے ہرمز سے بارودی سرنگیں صاف کر دی ہیں تو وہاں سے جہاز کیوں نہیں گزر رہے: ایران

    Kazem Gharibabadi

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    ایران کے نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے منگل کے روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے آبنائے ہرمز سے ’بارودی سرنگیں مکمل طور پر صاف کرنے‘ کے دعوے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’اگر امریکہ نے واقعی بارودی سرنگیں ہٹا دی ہیں تو پھر اب تک کوئی جہاز آبنائے ہرمز سے کیوں نہیں گزر پا رہا؟‘

    کاظم غریب آبادی کا کہنا ہے کہ امریکی دعوے ’محض پروپیگنڈا پر مبنی جھوٹ ہیں۔‘

    ایران کے نائب وزیر خارجہ نے دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ اگر امریکی بارودی سرنگیں صاف کرنے والے جہاز اس علاقے میں داخل ہوتے ہیں تو وہ ایران لیے بہترین اہداف ہوں گے۔

    ان کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب عمان کے وزیر خارجہ نے تہران کا دورہ کیا ہے اور دونوں خلیجی ملکوں کے درمیان آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں کی آمدورفت کے لیے ایک راہداری قائم کرنے کے معاملے پر تقریباً اتفاقِ رائے ہو گیا ہے۔

    کاظم غریب آبادی کا کہنا ہے کہ اگر تہران اور مسقط کے درمیان معاہدہ حتمی شکل اختیار کر بھی لیتا ہے تو اس کا یہ مطلب ہرگز نہیں کہ آبنائے ہرمز کل ہی کھل جائے گی۔

    ایران- عمان معاہدے میں کیا شامل ہے؟

    انھوں نے عمان کے ساتھ ہونے والے معاہدے کے متعلق تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ ’اس معاہدے کے تحت خلیج فارس میں داخلے کا راستہ ایرانی پانیوں سے ہو گا جبکہ باہر نکلنے کا راستہ عمان کی سمندری حدود سے گزرے گا، اور دونوں سمتوں میں جہاز ایرانی پانیوں سے گزریں گے۔‘

    ایرانی خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق ایران کے نائب وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ یہ راستہ ’آنے جانے والی دو رویہ شاہراہ‘ کی طرح ہو گا جس کی مجموعی چوڑائی تقریباً سات میل ہو گی۔

    تاہم انھوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایران اور عمان کے درمیان طے پانے والا یہ راستہ ’عارضی‘ ہے اور دونوں ممالک ایک نیا مستقل راستہ طے کرنے کے لیے 30 سے 60 دن کے اندر مذاکرات کریں گے۔

    ایرانی نائب وزیر خارجہ کے مطابق اس معاہدے کے بعد ’آبنائے ہرمز کا جنوبی راستہ بند کر دیا جائے گا۔‘ عمان بھی اس راستے کی بندش سے متفق ہے اور اس معاملے سے بین الاقوامی میری ٹائم آرگنائزیشن کو آگاہ کیا جائے گا۔

    غریب آبادی نے کہا کہ اگر حتمی مذاکرات کے لیے مقررہ 30 سے 60 دن کی مدت کے اختتام پر ’ایران کے مطالبات پورے نہ ہوئے تو آبنائے ہرمز بند ہی رہے گی۔‘

  16. امریکی سی آئی اے کے ڈائریکٹر غیر اعلانیہ دورے پر ماسکو پہنچ گئے

    John

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    امریکہ میں بی بی سی کے پارٹنر ادارے سی بی ایس کے مطابق امریکی سینٹرل انٹیلی جنس ایجنسی (CIA) کے سربراہ غیر اعلانیہ بات چیت کے لیے ماسکو گئے ہیں۔

    اطلاعات کے مطابق جان ریٹکلف منگل کی صبح روسی دارالحکومت پہنچے۔

    فلائٹ ٹریکنگ کے اعداد و شمار سے تصدیق ہوئی ہے کہ منگل کے روز امریکہ کا ایک بڑا فوجی طیارہ لٹویا کے راستے امریکہ سے روس پہنچا۔

    فلائٹ ریڈار انسٹی ٹیوٹ کے اعداد و شمار کے مطابق، طیارے نے ریگا (Riga) ہوائی اڈے سے اڑان بھری اور دو گھنٹے بعد ماسکو میں اترا۔

    واشنگٹن اور ماسکو دونوں ہی اس دورے کی نوعیت یا ریٹکلف کی ملاقاتوں کی تفصیلات کے بارے میں خاموش ہیں۔

    اعلیٰ سطح کے امریکی اور روسی حکام کے درمیان براہِ راست بات چیت ایک نادر واقعہ ہے۔

    خیال کیا جاتا ہے کہ سی آئی اے کے ڈائریکٹر کی حیثیت سے ریٹکلف کا روس کا یہ پہلا دورہ ہے، اگرچہ وہ ماسکو میں اپنے انٹیلی جنس ہم منصبوں کے ساتھ رابطے میں رہے ہیں۔

    ریٹکلف ان اعلیٰ ترین امریکی حکام میں شامل ہیں جنھوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کے صدارتی دور میں روس کا دورہ کیا ہے۔

    سن 2022 میں یوکرین پر مکمل پیمانے پر حملے کے بعد سے امریکہ اور روس کے تعلقات کشیدہ رہے ہیں۔

    بی بی سی نے اس معاملے پر تبصرے کے لیے سی آئی اے، وائٹ ہاؤس اور پینٹاگون سے رابطہ کیا ہے۔

  17. اُمید ہے کہ ہم جلد آبنائے ہرمز میں ایک محفوظ گزرگاہ کا اعلان کر دیں گے: عمانی وزیرِ خارجہ

    Hormuz

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    ایران کا دورہ کرنے والے عمانی وزیر خارجہ بدر ابو سعید نے اپنے ایرانی ہم منصب عباس عراقچی کے ساتھ ہونے والی بات چیت کو ’تعمیری‘ قرار دیا۔

    اُنھوں نے سوشل نیٹ ورک ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’مجھے امید ہے کہ ہم جلد ہی آبنائے ہرمز کے لیے ایک عارضی راہداری کے قیام اور جہاز رانی کے تحفظ کی بحالی کے لیے عملی اقدامات کا اعلان کریں گے۔‘

    عمانی وزیر خارجہ نے مزید لکھا: ’اسلام آباد مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) کے آرٹیکل 5 کے مطابق، مناسب وقت پر آبنائے (ہرمز) کے مستقبل کے انتظام اور اس کے مستقل حل کے لیے کوششیں کی جائیں گی۔‘

  18. آبنائے ہرمز کو بارودی سرنگوں سے مکمل طور پر پاک کر دیا گیا ہے: صدر ٹرمپ کا دعویٰ

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز کو بارودی سرنگوں سے پاک کر دیا گیا ہے اور امریکی فوج کی ’سپیس فورس‘ پوری آبنائے ہرمز کی نگرانی کر رہی ہے۔

    امریکی صدر نے سوشل نیٹ ورک ’ٹروتھ سوشل‘ پر لکھا کہ بحریہ نے انھیں مطلع کیا ہے کہ ’آبنائے ہرمز کے بین الاقوامی پانیوں میں موجود تمام بارودی سرنگیں یا تو ہٹا دی گئی ہیں یا انھیں دھماکے سے تباہ کر دیا گیا ہے۔‘

    صدر ٹرمپ نے یہ بھی لکھا کہ اُنھوں نے ایران کو آگاہ کر دیا تھا کہ بارودی سرنگیں بچھانے کی کوشش کرنے والے کسی بھی بحری جہاز کو ’فوری اور منظم طریقے سے‘ تباہ کر دیا جائے گا، اور اگر ایران نے اس حکم کی خلاف ورزی کی تو اس کے ساتھ وہی سلوک کیا جائے گا جو ’کوہ کلنگ‘ اور تین دیگر جوہری تنصیبات کے ساتھ کیا گیا تھا۔

    صدر ٹرمپ بارہا کہہ چکے ہیں کہ آبنائے ہرمز پر ان کا مکمل کنٹرول ہے اور انھوں نے اس آبنائے کو امریکی علاقہ قرار دیا ہے۔

    ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ اس آبی گزرگاہ میں جہازوں کی آمدورفت صرف ایرانی کنٹرول اور نگرانی میں ہی انجام پاتی ہے۔

  19. کینیڈا کا امریکہ پر 20 ارب ڈالرز کے جوابی ٹیرف لگانے کا اعلان

    Canada

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    کینیڈا کا کہنا ہے کہ وہ امریکی محصولات (ٹیرف) کا ’ڈالر کے بدلے ڈالر‘ کی بنیاد پر مؤثر جواب دے گا اور امریکی سٹیل، ڈیری مصنوعات، گھریلو آلات اور دیگر کئی اشیاء پر جوابی محصولات عائد کرے گا۔

    یہ تازہ ترین اقدام ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے جمعہ کے روز کینیڈین اشیاء کے ایک چھوٹے حصے پر 50 فیصد محصولات عائد کرنے کے ردعمل میں اٹھایا گیا ہے جو تجارتی مذاکرات کی ناکامی کے بعد سامنے آیا اور کینیڈین سٹیل، ایلومینیم، گاڑیوں اور لکڑی پر پہلے سے عائد امریکی محصولات کے علاوہ ہے۔

    کینیڈا تقریباً 28 ارب کینیڈین ڈالر (تقریباً 20 ارب امریکی ڈالر) مالیت کی امریکی درآمدات پر 15 فیصد سے 50 فیصد تک محصولات عائد کرے گا اور ان محصولات کا اطلاق آٹھ ستمبر کی نصف شب سے ہوگا۔

  20. گذشتہ روز کی اہم خبریں

    • سابق وزیرِ اعظم عمران خان کے صاحبزادوں قاسم اور سلیمان خان نے الزام عائد کیا کہ ہمارے والد جن حالات سے گزر رہے ہیں، یہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔
    • روسی وزارتِ خارجہ کے ایک سفارت کار نے کہا ہے کہ ان کا ملک ممکنہ طور پر مغربی پابندیوں کا سامنا کرنے والے ’دوست‘ ممالک کے ساتھ تعاون کے لیے کرپٹو کرنسی استعمال کر سکتا ہے۔
    • ایران کی تسنیم نیوز ایجنسی نے ایک باخبر ذریعے کے حوالے سے خبر دی ہے کہ ’بعض میڈیا اداروں کے دعووں کے برعکس، پاکستانی فوج کے سربراہ عاصم منیرجنھوں نے گذشتہ روز ایران کا دورہ کیا، اپنے ساتھ امریکہ کی جانب سے کوئی دھمکی آمیز یا اس نوعیت کا کوئی پیغام نہیں لائے تھے؛ بلکہ وہ مذاکرات کی راہ ہموار کرنے اور امریکی فریق تک ایران کی شرائط و موقف پہنچانے کے خواہاں تھے۔‘
    • امریکی محکمہ خزانہ نے پاسدارانِ انقلاب کے پانچ سینیئر عہدیداروں کے بارے میں معلومات فراہم کرنے پر ایک کروڑ ڈالر تک کے انعامات کی پیشکش کی ہے۔
    • امریکی وزیرِ دفاع پیٹ ہیگستھ کا کہنا ہے کہ ایران کے خلاف حملے بند نہیں کیے جا رہے اور ضرورت پڑی تو مسلح کارروائیاں کی جائیں گی۔