آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

گرین لینڈ کا دفاع صرف اسی صورت ممکن ہے جب وہ امریکہ کا حصہ ہو: ٹرمپ کے وزیر خزانہ

امریکی وزیر خزانہ سکاٹ بیسنٹ نے کہا کہ ’ہم جانتے ہیں کہ گرین لینڈ کا دفاع صرف اسی صورت ممکن ہے جب وہ امریکہ کا حصہ ہو، اور اگر وہ امریکہ کا حصہ ہو تو اسے دفاع کی ضرورت ہی نہیں پڑے گی۔‘ انھوں نے کہا کہ ’میرا یقین ہے کہ یورپی ممالک سمجھ جائیں گے کہ یہ گرین لینڈ کے لیے بہتر ہے، یورپ کے لیے بہتر ہے اور امریکہ کے لیے بھی بہتر ہے۔‘

خلاصہ

  • امریکی حکام کا کہنا ہے کہ شام میں ایک کارروائی میں تین امریکی فوجیوں کے قتل میں ملوث القاعدہ کے ایک رہنما مارے گئے ہیں۔
  • کراچی کے گُل پلازہ میں لگنے والی آگ میں ہلاکتوں کی تعداد چھ ہو گئی۔ آگ بجھانے کا عمل تاحال جاری۔
  • ایرانی رہبرِ اعلیٰ کا احتجاجی مظاہروں میں ہزاروں افراد کی ہلاکتوں کا اعتراف، امریکی صدر کو ذمہ دار ٹھہرا دیا۔
  • امریکی محکمہ خارجہ نے ایران کے الزامات پر کہا ہے کہ ’صدر ٹرمپ کے ساتھ کھیل نہ کھیلا جائے۔‘
  • مارکو روبیو اور سابق برطانوی وزیر اعظم ٹونی بلیئر 'غزہ بورڈ آف پیس' کے رُکن نامزد

لائیو کوریج

  1. افغان طالبان کی جانب سے قیادت میں اختلافات سے متعلق بی بی سی کی رپورٹ پر ردعمل

    افغانستان میں طالبان کی عبوری حکومت نے بی بی سی کی اس رپورٹ کی تردید کی ہے جس میں قیادت کے اندر انٹرنیٹ کی بندش سمیت دیگر معاملات پر اختلافات کا ذکر کیا گیا ہے۔

    ذبیح اللہ مجاہد نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ افغان طالبان کی قیادت میں ’اختلافات سے متعلق بی بی سی کی رپورٹ بے بنیاد ہے۔‘

    ’امارت اسلامیہ کی صفوں میں کسی قسم کا اختلاف موجود نہیں۔ تمام امور اسلامی شریعت کے مطابق انجام دیے جاتے ہیں اور اختلاف کی کوئی گنجائش نہیں۔

    ’قیادت کی جانب سے اتحاد اور یکجہتی پر زور دینے والے بیانات یا معمولی معاملات میں رائے کے فرق کو کسی صورت اختلاف نہیں سمجھا جانا چاہیے۔ امارت اسلامیہ کے اندر مضبوط اتحاد، اطاعت اور یکجہتی موجود ہے اور اختلاف کا کوئی خدشہ نہیں۔‘

    بی بی سی کی اس رپورٹ میں افغان طالبان کے سربراہ ہیبت اللہ اخونزادہ کی لیک شدہ آڈیو کا ذکر ہے جس میں انھیں حکومت کے اندر ایک دوسرے کے مخالفین کے بارے میں خبردار کرتے ہوئے سنا جا سکتا ہے۔

    وہ اس دوران خبردار کرتے ہیں کہ ’اس تقسیم کی وجہ سے امارات ختم ہو سکتی ہے۔‘

    بی بی سی کو موصول ہونے والی ایک آڈیو نے ظاہر کیا کہ افغانستان میں طالبان کے سربراہ کو کیا چیز پریشان کر رہی ہے۔ یہ بیرونی نہیں بلکہ اندرونی خطرہ ہے۔

    طالبان نے 2021 میں امریکی انخلا کے ساتھ ہی ملک کا کنٹرول سنبھال لیا تھا۔

  2. گزشتہ روز کی چند اہم خبریں

    آئیے آج کے دن میں آگے بڑھنے سے پہلے گزشتہ روز کی چند اہم خبروں پر ایک نظر ڈالتے ہیں:

    • ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرس، انسانی حقوق کے ہائی کمشنر وولکر ترک اور مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ کو خط لکھ کر ان سے مطالبہ کیا ہے کہ ایران میں ’بیرونی مداخلت‘ کی مذمت کی جائے۔ انھوں نے کہا کہ 28 دسمبر کو معاشی مسائل پر شروع ہونے والے پُرامن مظاہروں کو ’دہشت گرد عناصر‘ نے ’مسلح فسادات‘ میں بدل دیا تھا۔
    • ترک وزیرِ خارجہ کا کہنا ہے کہ ’ہم ایران کے خلاف فوجی کارروائی کے خلاف ہیں۔ ہمارا ماننا ہے کہ ایران کے اصل مسائل انھیں خود حل کرنے چاہییں۔‘ ایک بیان میں خاقان فيدان نے کہا کہ ایران میں معاشی بے چینی کو ’غلط انداز میں بغاوت کے طور پر‘ پیش کیا گیا ہے۔
    • ایران کے وزیرِ دفاع عزیز نصیر زادہ کا کہنا ہے کہ ایران کے پُرتشدد مظاہروں میں اکثر ہلاکتیں ’چاقو کے وار، گلا گھونٹنے اور تقریباً 60 فیصد سر پر ضرب لگانے سے ہوئی ہیں۔‘ انھوں نے مزید کہا کہ مظاہروں میں 150 سے زیادہ اشیا خورد و نوش کی دکانیں تباہ ہوئیں مگر انھیں ’لوٹا نہیں گیا۔‘
    • امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ انھیں ایران کے آخری بادشاہ کے جلاوطن بیٹے رضا پہلوی بظاہر اچھے انسان لگتے ہیں مگر انھوں نے اس بارے میں غیر یقینی ظاہر کی کہ آیا پہلوی کو ایران کے اندر اتنی حمایت حاصل ہو سکے گی کہ وہ اقتدار سنبھال سکیں۔ اوول آفس میں خبر رساں ادارے روئٹرز کو دیے گئے انٹرویو میں ٹرمپ نے کہا کہ اس بات کا امکان ہے کہ ایران کی موجودہ حکومت گِر سکتی ہے۔
    • پاکستان کی سپریم کورٹ کے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیرِ صدارت جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں لاہور ہائی کورٹ کے 11 ایڈیشنل ججز کو مستقل کرنے کی منظوری دی گئی۔
  3. بی بی سی اردو کے لائیو پیج میں خوش آمدید

    یہاں آپ کو پاکستان اور دنیا بھر سے خبریں، تجزیے اور تبصرے پیش کیے جائیں گے۔

    گذشتہ روز کے لائیو پیج پر جانے اور خبریں پڑھنے کے لیے یہاں کلک کر سکتے ہیں۔