لائیو, امریکہ اور ایران کے درمیان مخلص ثالث کا کردار ادا کر رہے ہیں: وزیرِ اعظم شہباز شریف

اپنے خطاب میں وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ’علاقائی امن اور استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کو آگے بڑھانے‘ کے لیے فیلڈ مارشل عاصم منیر کا بھی شکریہ ادا کیا۔

خلاصہ

  • پاکستان کی کویت اور بحرین پر حملوں کے بعد فریقین سے تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل
  • ممکن ہے ہفتے کے آخر تک ایران سے معاہدہ طے پا جائے: ٹرمپ
  • میدان جنگ میں شکست کے بعد دُشمن اب ایران میں تقسیم کے بیج بو رہا ہے: سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای
  • امریکی ایوانِ نمائندگان کا ایران کے خلاف جنگ روکنے کے حق میں ووٹ
  • حزب اللہ کی جانب سے حملے بند کرنے کی شرط پر اسرائیل اور لبنان جنگ بندی پر متفق

لائیو کوریج

  1. کوئٹہ سمیت بلوچستان کے اکثر علاقوں میں پیٹرول کی شدید قلت, محمد کاظم، بی بی سی اردو، کوئٹہ

    پیٹرول

    ،تصویر کا ذریعہEPA/Shutterstock

    کوئٹہ سمیت بلوچستان کے اکثر علاقوں میں پیٹرول کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے۔ مختلف علاقوں میں نہ صرف سستا ملنے والا ایرانی پیٹرول نایاب ہو گیا ہے بلکہ جہاں دستیاب ہے وہاں اس کی قیمت پاکستانی آئل کمپنیوں کے پیٹرول سے بھی زیادہ ہے۔

    پاکستانی آئل کمپنیوں کی سہولت نہ ہونے کی وجہ سے بلوچستان کے اکثر علاقوں میں ایرانی تیل فروخت ہوتا ہے۔

    عید سے قبل کوئٹہ میں ایرانی پیٹرول 280 روپے فی لیٹر میں دستیاب تھا لیکن عید سے تین چار روز پہلے اس کی فی لیٹر قیمت 380 روپے تک پہنچ گئی۔ اور اب یہ اس نرخ پر بھی دستیاب نہیں ہے۔

    ریلوے کالونی کوئٹہ کے ایک رہائشی بسم اللہ بلوچ نے بتایا کہ ایرانی پیٹرول اس وقت کوئٹہ میں 400 روپے فی لیٹر سے زائد میں فروخت ہورہا ہے۔

    ایک جانب ایرانی پیٹرول مہنگا ہو گیا ہے دوسری جانب پاکستانی آئل کمپنیوں کے پیٹرول پمپس پر پیٹرول دستیاب ہی نہیں، جس کی وجہ سے لوگوں کو پریشانی اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

    سرکاری حکام کا کہنا ہے کہ ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے شہر میں تیل کی قلت کا نوٹس لیا ہے اور زیادہ قیمت پر تیل فروخت کرنے والے منی پیٹرول پمپس کے خلاف کارروائی کرکے گرفتاریاں کی گئی ہیں۔

    ایرانی سرحد سے تقریباً 25 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ماشکیل شہر کے تاجر رہنما میر کبیر احمد ریکی نے بتایا کہ قلت کے باعث وہاں ایرانی پیٹرول 500 روپے فی لیٹر سے بھی زیادہ قیمت پر فروخت ہو رہا ہے۔

    انھوں نے بتایا کہ ماشکیل میں ایران آمد و رفت کے کراسنگ پوائنٹ سے صرف ایرانی ڈیزل لانے کی اجازت ہے، جبکہ پیٹرول کی ترسیل پنجگور کے چیدگی کراسنگ پوائنٹ اور چاغی کے راغے کراسنگ پوائنٹ سے ہوتی ہے۔ ان کے مطابق عید کی تعطیلات کے باعث بارڈر بند ہونے سے پیٹرول کی سپلائی متاثر ہوئی، جس کے نتیجے میں قلت پیدا ہو گئی ہے۔

    اگرچہ ایران سے ملحق اضلاع کیچ اور گوادر میں ایرانی پیٹرول کی قیمتیں دیگر علاقوں کے مقابلے میں کم ہیں، تاہم قلت کے باعث وہاں بھی نرخ پہلے کے مقابلے میں زیادہ ہو گئے ہیں۔

    ضلع کیچ کے صدر مقام تربت میں تیل کے کاروبار سے وابستہ وارث رند نے بتایا کہ تربت میں ایرانی پیٹرول 340 روپے فی لیٹر میں دستیاب ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ گذشتہ دو برسوں سے ضلع کیچ میں ایران سے پیٹرول نہیں بلکہ صرف ڈیزل آ رہا ہے، اور پیٹرول کے لیے انحصار گوادر پر ہے۔ چونکہ کنٹانی بارڈر سے سپلائی بند ہے اور دیگر راستوں سے آنے والی مقدار محدود ہے، اس لیے طلب پوری نہیں ہو رہی۔

    گوادر میں منگل کے روز ایرانی پیٹرول 260 سے 270 روپے فی لیٹر میں دستیاب تھا۔ گوادر میں تیل کے کاروبار سے وابستہ ایک تاجر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ کنٹانی بارڈر سے عید سے قبل بعض وجوہات کی بنا پر تیل کی ترسیل روک دی گئی تھی۔

    انھوں نے مزید کہا کہ دیگر راستوں سے آنے والا تیل صرف گوادر کی ضروریات پوری کرتا ہے، یہی وجہ ہے کہ کیچ اور دیگر اضلاع میں پیٹرول کی سپلائی متاثر ہونے سے قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔

  2. علیمہ خان کی تجویز کے بعد خیبرپختونخوا میں صوبائی بجٹ سے متعلق خدشات: ’ہمارے پاس 29 جون تک کا وقت ہے‘, عزیز اللہ خان، بی بی سی اردوڈاٹ کام، پشاور

    عمران خان کی بہن علیمہ خان ، وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی

    ،تصویر کا ذریعہPTI

    خیبرپختونخوا حکومت کے مشیر خزانہ مزمل اسلام کا کہنا ہے کہ صوبائی بجٹ تیار ہے تاہم اس کو پیش کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کریں گے اور جب اُن کی جانب سے اس ضمن میں ہدایت ملے گی تو بجٹ پیش کر دیا جائے گا۔

    یاد رہے کہ سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی بہن علیمہ خان کی جانب سے دیے گئے ایک حالیہ بیان کے بعد خیبر پختونخوا میں سالانہ بجٹ پیش کرنے یا نہ کرنے سے متعلق بحث کا آغاز ہوا ہے۔

    علیمہ خان کی جانب سے مطالبات کی منظوری تک وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کو صوبائی بجٹ پیش نہ کرنے کی تجویز دی گئی تھی جبکہ سہیل آفریدی نے بھی بجٹ پیش کرنے سے قبل عمران خان سے ملاقات کا مطالبہ کر رکھا ہے۔

    وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے وفاقی بجٹ پیش کیے جانے کے دن بھی اسلام آباد میں پارلیمان کے سامنے احتجاج کا اعلان کر رکھا ہے۔ تاہم صوبائی حکومت کے مشیر خزانہ مزمل اسلام نے بی بی سی کو بتایا کہ بجٹ پیش کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ وزیر اعلی کریں گے۔

    مزمل اسلم نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اگرچہ وفاقی حکومت کی جانب سے خیبر پختونخوا کو اس کے حصے کی رقم ادا نہیں کی جا رہی، لیکن اس کے باوجود صوبائی حکومت اپنا بجٹ پیش کرنے کی پوزیشن میں ہے۔

    سہیل آفریدی نے گذشتہ روز کہا تھا کہ ان کی اور صوبائی مشیر خزانہ کی عمران خان سے ملاقات کروائی جائے تاکہ وہ بجٹ کے بارے میں عمران خان کی رائے لے سکیں۔

    اُن کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کے عوام نے عمران خان کو مینڈیٹ دیا ہے اور صوبے میں قائم حکومت بھی انہی کے اعتماد کی بنیاد پر قائم ہے، لہٰذا آئندہ مالی سال کے بجٹ سے متعلق دستاویزات اُن کے ساتھ شیئر کرنا اور ان کی رہنمائی حاصل کرنا ضروری ہے۔

    انھوں نے کہا کہ اس مقصد کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ سے بھی رجوع کیا جائے گا اور باقاعدہ پٹیشن دائر کی جائے گی۔

    اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے مزید کہا تھا کہ ’اگر ہمیں مزید دیوار سے لگانے کی کوشش کی گئی اور عمران خان سے ملاقات کا حق مسلسل سلب کیا جاتا رہا، تو 10 جون کو قومی اسمبلی کے سامنے دھرنا دیں گے اور وفاقی بجٹ بھی پاس نہیں ہونے دیا جائے گا۔‘

    س بارے میں جب پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی جنرل سیکرٹری اور سابق وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی سے رابطہ قائم کیا تو ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت وقت پر بجٹ پیش کرے گی۔ ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ علیمہ خان کی جانب سے ایک تجویز پیش کی گئی ہے جس پر غور کیا جا سکتا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ وزیر اعلی کی کوشش ہے کہ وہ بجٹ کے بارے میں عمران خان سے ملاقات کریں تاکہ ان سے مشاورت کے بعد بجٹ پیش کیا جائے اور اس کے لیے وزیر اعلی کوششیں کر رہے ہیں۔

    جب اُن سے پوچھا گیا کہ اگر صوبائی اسمبلی بجٹ پیش کرنے میں تاخیر سے کام لیتی ہے تو اس کے کیا اثرات ہو سکتے ہیں؟ اس پر شوکت یوسفزئی نے کہا کہ اگر 30 جون تک بجٹ پیش نہ کیا گیا تو اس کے بعد مالیاتی بل پیش کیا جاتا ہے اور اس میں پھر مسائل پیدا ہو سکتے ہیں اور اس میں پھر وزیر اعلی کو اعتماد کا ووٹ حاصل کرنا ہوتا ہے یا عدم اعتماد اور گورنر راج کے امکانات ہو سکتے ہیں اور اس میں عدم اعتماد کے سلسلے میں حزب اختلاف بھی اپنا کردار ادا کر سکتی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ انھیں معاملات کو مدنظر رکھتے ہوئے بجٹ ضرور پیش کیا جائے گا اور اس ضمن میں ’ہمارے پاس 29 جون تک کا وقت ہے۔‘

    انھوں نے کہا کہ یہ بات واضح ہے کہ وفاقی حکومت سے اپنے حقوق کے حصول کے لیے پوری جدوجہد ضرور کی جائے گیگ

    یاد رہے کہ مالی سال 2024-25 میں خیبرپختونخوا حکومت نے ملک کی تاریخ میں پہلی بار وفاقی بجٹ سے پہلے اپنا صوبائی بجٹ پیش کیا تھا جو باقاعدہ طریقے سے منظور بھی ہوا تھا۔ تاہم مالی سال 2025-26 میں صورتحال بالکل مختلف رہی۔

    وزیر خزانہ آفتاب عالم نے 13 جون 2025 کو 2,119 ارب روپے کا بجٹ اسمبلی میں پیش تو کیا تھا، لیکن وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے حکومتی اراکین کو مطالبات زر پر ووٹنگ سے روک دیا اور واضح کیا کہ بانی چیئرمین عمران خان سے مشاورت کے بغیر بجٹ منظور نہیں کیا جائے گا۔

    اس کشمکش کے نتیجے میں بجٹ کی منظوری کا عمل کئی روز تک مؤخر رہا اور آخرکار 24 جون کی درمیانی رات کو آئینی بحران سے بچنے کے لیے بجٹ منظور کیا گیا تھا، جبکہ اپوزیشن نے کٹوتی کی تحاریک نہ لیے جانے پر کارروائی کا بائیکاٹ کیا تھا۔

    وزیراعلیٰ گنڈاپور نے بعد ازاں اعتراف کیا کہ بجٹ کی منظوری میں تاخیر صوبے میں گورنر راج کا پیش خیمہ بن سکتی تھی، اس لیے آئینی ذمہ داری نبھاتے ہوئے بجٹ پاس کیا گیا۔

  3. بریکنگ, کویت میں ایرانی حملوں میں متعدد افراد زخمی، فضائی آپریشن معطل

    کویت کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ملک میں فضائی ٹریفک اور پروازوں کو عارضی طور پر معطل کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

    حکام کے مطابق یہ فیصلہ اس وقت کیا گیا جب ٹرمینل ون ایرانی حملوں کی زد میں آیا جس کے نتیجے میں بعض افراد زخمی ہوئے جبکہ ہوائی اڈے کے انفراسٹرکچر کو بھی نقصان پہنچا۔

    بیان میں کہا گیا ہے کہ مسافروں کے تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے متعدد پروازوں کو متبادل ہوائی اڈوں کی جانب منتقل کیا جا رہا ہے۔

    کویتی حکام کا کہنا ہے کہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور سکیورٹی اقدامات کو مزید سخت کر دیا گیا ہے تاکہ شہریوں اور مسافروں کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔

    کویت کی وزارت دفاع کے سرکاری ترجمان کرنل سعود عبدالعزیز العطوان نے بتایا کہ ایرانی جارحیت کے نتیجے میں آج کویت کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے ٹرمینل 1 کو متعدد ڈرونز نے نشانہ بنایا۔

    بیان کے مطابق ان حملوں میں کویت کے ہوائی اڈے کی عمارت کو کافی نقصان پہنچا اور متعدد افراد زخمی ہوئے جنھیں ضروری طبی امداد فراہم کی گئی۔

    انھوں نے تصدیق کی کہ مسلح افواج متعلقہ حکام کے ساتھ مل کر صورتحال کی نگرانی کر رہی ہیں اور کسی بھی پیش رفت سے نمٹنے اور ملک کی سلامتی اور استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھانے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔

  4. بریکنگ, بحرین کی فوج کا ایرانی حملوں کی کوشش ناکام بنانے کا دعویٰ

    بحرین کی دفاعی فورس کی جنرل کمان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایران کی جانب سے میزائلوں اور ڈرون طیاروں کے ذریعے حملوں کا ہدف مملکت میں شہری تنصیبات تھیں۔

    بیان میں کہا گیا ہے کہ بحرینی فضائی دفاعی نظام نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تین میزائل اور متعدد ڈرون طیاروں کو تباہ کر دیا ہے۔

    بحرین کی فوج کے مطابق تمام دفاعی یونٹس مکمل طور پر تیار ہیں اور ملک کے دفاع کے لیے ہر وقت چوکس ہیں۔

    حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ احتیاط کریں، کسی نامعلوم یا مشتبہ چیز کے قریب نہ جائیں اور مشتبہ شے کے نظر آنے کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ اداروں کو اطلاع دیں۔

    بیان میں کہا گیا ہے کہ بم ڈسپوزل یونٹس مکمل طور پر متحرک ہیں اور عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔

    بحرینی حکام نے مزید کہا کہ شہری علاقوں اور نجی املاک کو نشانہ بنانا بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

  5. روس کے زیرِ قبضہ یوکرین کے علاقے میں بس پر ڈرون حملہ، سات افراد ہلاک

    ڈرون

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    روس کے زیرِ کنٹرول یوکرین کے علاقے میں مسافر بس پر ہونے والے ایک ڈرون حملے میں سات افراد ہلاک جبکہ 11 زخمی ہو گئے ہیں۔

    یوکرین کے مشرقی علاقےڈونیٹسک میں کریملن کی حمایت سے تعینات رہنما ڈینس پوشیلین نے بتایا ہے کہ کہ یہ بس بدھ کی علی الصبح اس وقت نشانہ بنی جب وہ ماسکو اور روس کے زیرِ قبضہ کریمیا کے شہر سمفروپول کے درمیان موجود تھی۔

    روسی حکام کے مطابق رات بھر میں 350 سے زیادہ ڈرونز کو مار گرایا گیا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز یوکرین کے مختلف شہروں پر روسی بڑے حملے میں کم از کم 22 افراد ہلاک ہو گئے تھے، جن میں متعدد خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔

    اس حملے کے اگلے ہی روز بس پر ڈرون حملہ کیا گیا ہے۔

    اس علاقے کے گورنر الیگزینڈر دروزدینکو کے مطابق ماسکو کے شمال مغرب میں واقع لینن گراڈ کے علاقے کے اوپر کم از کم 50 ڈرونز کو مار گرایا گیا۔

    یاد رہے کہ اسی علاقے میں سینٹ پیٹرزبرگ شہر بھی شامل ہے، جہاں بدھ سے سالانہ انٹرنیشنل اکنامک فورم کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد روس کو عالمی سطح پر پیش کرنا ہے۔

    منتظمین کے مطابق اس فورم میں 130 سے زیادہ ممالک اور خطوں کے وفود شرکت کریں گے۔

  6. خیبرپختونخواہ میں بارش کے دوران حادثات میں دو افراد ہلاک 31 زخمی، این ڈی ایم اے کا پہاڑی علاقوں میں ممکنہ لینڈ سلائیڈنگ کا الرٹ جاری

    rain

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    ،تصویر کا کیپشنفائل فوٹو: این ڈی ایم اے نے بارشوں، لینڈ سلائیڈ اور بعض مقامات پر ژالہ باری کے امکان کے پیش نظر سیاحوں کو خباردار کر دیا

    پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد سمیت صوبہ خیبرپختون خوا اورصوبہ پنجاب کے بعض علاقوں میں گزشتہ روز شدید گرمی کے بعد آندھی، طوفانی بارش اور چند مقامات پر ژالہ باری کے باعث متعدد افراد کے زخمی ہونے اور بارش کے باعث محتلف حادثات کی خبریں سامنے آئی ہیں۔

    پاکستان میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے این ڈی ایم اے نے دو تا چھ جون پہاڑی علاقوں میں ممکنہ لینڈ سلائیڈنگ کا الرٹ جاری کر دیا۔

    ادارے کے مطابق دو تا پانچ جون خیبر پختونخوامیں جاری بارشوں اور پگھلتے گلیشئیرز کے باعث لینڈ سلائیڈ کے خطرات میں اضافہ ہو گا جس کے سبب چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور ہری پورکے علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا شدید خطرہ ہے۔

    پی ڈی ایم اے پنجاب نے بدھ سے سے 5 جون 2026 تک صوبے کے بیشتر اضلاع میں بارشوں، آندھی اور بعض مقامات پر ژالہ باری کے امکان کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا۔ ہے۔

    پی ڈی ایم اے خیبرپختونخوا کی جانب سے گزشتہ روز ہونے والی تیز ہواواں/آندھی اور بارش کے باعث گھروں کی دیواریں اور چھتیں گرنے سے ہونے والے نقصانات کی رپورٹ جاری کر دی گئی ہے جس کے مطابق تیز آندھی اور بارش کے باعث, آسمانی بجلی اور گھروں کی دیواریں گرنے سے اب تک دو افراد ہلاک جبکہ 31 افراد زخمی ہوئے۔

    پی ڈی ایم اے کے مطابق حادثات صوبہ کے مختلف اضلاع پشاور، چارسدہ، نوشہرہ اور بنوں میں پیش آئے۔

    بارش سے حادثات، چھت گرنے سے چھ بچے ہلاک

    خیبر پختونخوا میں امدادی ادارے ریسکیو 1122 کے مطابق پیر اور منگل کی درمیانی شب خیبرپختونخوا کے علاقے کوزہ الپوری، رحیم آباد میں ایک گھر کا کمرہ گرنے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق کمرے کے ملبے تلے سات بچے دب گئے تھے۔

    ریسکیو 1122 شانگلہ کی ٹیمیوں نے امدادی کارروائی کرتے ہوئے ملبے تلے دبے بچوں نکال لیا۔ اس حادثے میں چھ بچے ہلاک گئے جبکہ ایک بچی کو زندہ نکال لیا گیا، جسے طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

    ادھر شدید موسمی صورتحال اور تیز ہواؤں کے باعث ضلع بنوں کے مختلف علاقوں میں عمارتوں اور دیواروں کے گرنے کے تین واقعات پیش آئے، جن میں مجموعی طور پر پانچ افراد زخمی ہوئے۔

    ریسکیو حکام کے مطابق ضلع بنوں میں جاری خراب موسم کے باعث اب تک 20 سے زائد افراد زخمی ہو چکے ہیں جنھیں طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ہسپتال منتقل کیا گیا ہے، اور ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔

    د مردان میں شیرگڑھ شگو ناکہ کے مقام پر ایک پٹرول پمپ کے سائن بورڈ پر لگا فلیکس بجلی کی تاروں سے ٹکرانے کے باعث آگ لگ گئی۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 کے فائر فائٹرز موقع پر پہنچ گئے اور بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پا کر اسے پمپ تک پھیلنے سے روک دیا۔

    ریسکیو 1122 کے ترجمان بلال احمد فیضی کے مطابق خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں آندھی، تیز ہواؤں اور ہلکی بارش کے باعث متعدد ہنگامی واقعات پیش آئے ہیں۔ مردان، پشاور اور دیگر اضلاع میں بھی آندھی اور تیز ہواؤں کے نتیجے میں مختلف ایمرجنسی صورتحال رپورٹ ہوئی ہے۔

    اسلام آباد میں درخت گاڑی پر گرنے سے ایک شخص زخمی

    حادثہ

    ،تصویر کا ذریعہDistt Administration

    اسلام آباد سیکٹر جی ٹین تھری ابن سینا روڈ پر حادثہ تیز ہواؤں کے باعث درخت گاڑی پر گرگیا جس سے ایک شخص امجد اعجاز زخمی ہو گیا جنھیں ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

    ریسکیو حکام کے مطابق درخت اور گاڑی کو سڑک سے ہٹا دیا گیا ہے۔

    لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات، شمالی علاقوں کا سفر کرنے والے سیاحوں کے لیے انتباہ

    این ڈی ایم اے کے مطابق پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں دو تا چھ جون ن لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ برقرار ہے۔

    ادارے کے مطابق لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کے پیش نظر شاہی، شاردا، آٹھ مقام اوراڑنگ کیل کی رابطہ سٹرکیں حساس قرار جبکہ بالائی علاقوں میں بارشوں کے باعث مقامی ندی نالوں میں طغیانی اور سفری مشکلات پیدا ہو سکتی ہیں۔

    سیاح شمالی علاقوں کا سفر کرنے سے قبل موسم اور سڑکوں کی صورتحال ضرور چیک کریں۔

  7. امریکی فورسز نے متعدد ایرانی بیلسٹک میزائل اور ڈرونز کو تباہ کر دیا: سینٹکام

    سینٹکام

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    امریکی سینٹرل کمانڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی فورسز نے ایرانی بیلسٹک میزائل اور ڈرون حملے مار گرائے۔ دوسری جانب ایران کی پاسداران انقلاب نے اپنے بیان میں امریکی بحریہ کے پانچویں بیڑے کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔

    کویت اور بحرین میں مختلف مقامات پر میزائل حملوں کی متعدد اطلاعات کے بعد پاسدارانِ انقلاب نے باضابطہ طور پر امریکی بحریہ کے پانچویں فلیٹ کے اڈے پر حملے کا اعلان کیا ہے۔

    پاسداران انقلاب کا یہ بیان امریکہ کی جانب سے ایرانی جزیرے قشم میں فوجی تنصیبات پر حملے کے بعد سامنے آیا۔

    واضح رہے کہ سینٹرل کمانڈ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اس نے ایرانی بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز کی متعدد کوششوں کو ناکام بناتے ہوئے انھیں تباہ کر دیا اور جزیرہ قشم پر اہداف کے خلاف اپنے دفاع میں حملے کیے ہیں، جنھیں اس نے ’خطے میں ایرانی حملوں کی کوششوں‘ کے ردعمل کے طور پر بیان کیا ہے۔

    بیان کے مطابق ایران کی جانب سے خطے کے ممالک کی طرف کئی بیلسٹک میزائل داغے گئے، تاہم کوئی بھی میزائل اپنے مطلوبہ ہدف تک نہیں پہنچا۔

    بی بی سی فارسی کے مطابق یہ صورت حال ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ایرانی ذرائع نے دعویٰ کیا تھا کہ کویت میں کم از کم تین دھماکے ہوئے اور امریکی پیٹریاٹ نظام کو ناکارہ بنا دیا گیا ہے۔

    امریکی سینٹرل کمانڈ نے کہا کہ امریکی افواج نے اپنے دفاع میں جزیرہ قشم پر ایک ایرانی فوجی گراؤنڈ کنٹرول سٹیشن کو نشانہ بنایا۔

    امریکی حکام کے مطابق ان جھڑپوں میں کوئی امریکی فوجی زخمی نہیں ہوا۔

  8. ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات مسلسل جاری، اب وقت آ گیا ہے کہ کسی نہ کسی طریقے سے معاہدہ کیا جائے: ٹرمپ

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ

    ،تصویر کا ذریعہGetty

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات معطل ہونے کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے انھیں ’غلط اور بے بنیاد‘ قرار دیا۔

    ٹروتھ سوشل پر اپنے بیان میں ٹرمپ نے کہا کہ واشنگٹن اور تہران کے درمیان بات چیت مسلسل جاری ہے اور گذشتہ چند دنوں کے دوران بھی مذاکرات کا سلسلہ نہیں رکا۔ ان کے مطابق چار دن پہلے، تین دن پہلے، دو دن پہلے، ایک دن پہلے اور آج بھی دونوں ممالک کے درمیان گفتگو ہوئی ہے۔

    ٹرمپ نے کہا کہ مذاکرات کا نتیجہ کیا نکلے گا، اس بارے میں کچھ کہنا قبل از وقت ہے، تاہم انھوں نے معاہدے تک پہنچنے کے لیے ایران پر زور دیا ہے۔

    انھوں نے کہا، ’اب وقت آ گیا ہے کہ کسی نہ کسی طریقے سے معاہدہ کیا جائے۔ آپ یہ معاملہ 47 سال سے جاری رکھے ہوئے ہیں اور اسے مزید جاری رہنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔‘

  9. ابراہم لنکن کی بحیرہ عرب میں کارروائیاں جاری، 122 تجارتی جہازوں کا رخ موڑ دیا گیا: سینٹکام

    امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے کہا ہے کہ طیارہ بردار بحری جہاز یو ایس ایس ابراہم لنکن (سی وی این 72) بحیرہ عرب میں اپنی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے اور ایران کے خلاف امریکی بحری پابندی کے نفاذ میں حصہ لے رہا ہے۔

    بیان کے مطابق امریکی فورسز نے 122 تجارتی بحری جہازوں کو ان کے راستوں سے ہٹا کر قواعد کی تعمیل یقینی بنائی ہے، جبکہ کیریئر سٹرائیک گروپ خطے میں گشت اور نگرانی جاری رکھے ہوئے ہے۔

  10. گزشتہ روز کی اہم خبروں کا خلاصہ

    بی بی سی اردو کی لائیو کوریج میں بدھ کے روز خبروں کا سلسلہ آگے بڑھانے سے قبل ایک نظر گزشتہ روز کی اہم خبروں پر ڈال لیتے ہیں۔

    • امریکی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ اسلامی جمہوریہ کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نہ صرف زندہ ہیں بلکہ بظاہر تیزی سے سرگرم بھی ہو رہے ہیں۔ مارکو روبیو نے سینیٹ کی خارجہ تعلقات کمیٹی کو بتایا کہ ’میرے خیال میں اس بات کے آثار ہیں کہ وہ کسی نہ کسی سطح پر بڑھتا ہوا کردار ادا کر رہے ہیں۔‘
    • پاکستانی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے 24 مئی کو کوئٹہ میں ہونے والے ٹرین حملے کے بعد بلوچستان کے مختلف اضلاع میں متعدد کارروائیوں کے دوران 17 شدت پسندوں کو ہلاک کیا ہے۔
    • ایران کے سابق رہبرِ اعلیٰ علی خامنہ ای کی نمازِ جنازہ اور آخری رسومات ’ذوالحج کے مہینے کے آخر یا محرم کی ابتدا‘ میں ادا کیے جانے کا امکان ہے۔ خیال رہے علی خامنہ ای 28 فروری کو ایران اور امریکہ کے حملوں میں ہلاک ہوئے تھے۔
    • لبنان اور اسرائیل کے درمیان مذاکرات کا چوتھا دور امریکہ میں شروع ہو گیا ہے۔
    • انڈیا نے پاکستان اور یورپی یونین کے مشترکہ اعلامیے میں جموں و کشمیر کے ذکر کو ’مسترد‘ کرتے ہوئے اسے اپنے ملک کا ’اندرونی معاملہ‘ قرار دیا ہے۔
    • پاکستان کے صوبے بلوچستان میں قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمود خان اچکزئی کے خلاف بغاوت اور لوگوں کو ریاستی اداروں کے خلاف اکسانے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
    • امریکی نشریاتی ادارے اے بی سی کو انٹرویو میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امید ظاہر کی ہے کہ ایران کے ساتھ جنگ بندی میں توسیع اور آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کے حوالے سے ایک معاہدہ ’اگلے ہفتے‘ تک طے پا جائے گا۔
    • روس نے یوکرین کے کئی شہروں پر بڑے حملے کیے ہیں جن میں کم از کم 10 افراد ہلاک ہوئے۔ ان میں سے چھ دنیپرو میں اور چار دار الحکومت کیئو میں مارے گئے۔
  11. بی بی سی اردو کے نئے لائیو پیج میں خوش آمدید

    بی بی سی اردو کے نئے لائیو پیج میں خوش آمدید!

    اس نئے صفحے پر ہم آپ کے لیے پاکستان سمیت دنیا بھر سے تازہ ترین خبریں اور اہم تجزیے شامل کریں گے۔

    اگر آپ دو جون کی خبریں پڑھنا چاہیں تو اس لنک پر کلک کریں۔