امریکی اہلکار کی ایرانی اثاثے بحال کرنے کے دعوؤں کی تردید

،تصویر کا ذریعہAFP
بی بی سی فارسی کے مطابق ایک امریکی عہدے دار نے امریکہ کی جانب سے ایرانی اثاثے بحال کرنے کے دعوے کی تردید کر دی ہے۔
اس سے قبل خبر رساں ادارے روئٹرز نے ایک اعلی ایرانی ذریعے کے حوالے سے دعوی کیا تھا کہ مذاکرات سے قبل امریکہ ایران کے منجمد اثاثے بحال کرنے پر رضا مند ہو گیا ہے۔
ایرانی ذریعے نے معاملے کی حساسیت کے پیش نظر اپنا نام ظاہر کرنے سے گریز کرتے ہوئے روئٹرز کو بتایا کہ اثاثے غیر منجمد کرنے کا تعلق آبنائے ہرمز سے بحری جہازوں کی محفوظ نقل و حرکت سے ہے جو ممکنہ طور پر ان مذاکرات کا سب سے بنیادی نقطہ ہے۔
ایرانی وفد کے سربراہ محمد باقر قالیباف نے مطالبہ کیا تھا کہ مذاکرات کے آغاز سے قبل ایران کے منجمد اثاثوں کی بحالی ضروری ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان آمد سے قبل ایرانی وفد کے سربراہ محمد باقر قالیباف نے مطالبہ کیا تھا کہ مذاکرات سے قبل لبنان میں جنگ بندی اور امریکہ میں منجمد ایرانی اثاثوں کی بحالی کی شرائط پوری ہونا لازمی ہے۔






















