امریکہ اور ایران کے درمیان اسلام آباد میں مذاکرات تاحال جاری ہیں: ایرانی وزارت خارجہ
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اسلام آباد مذاکرات کی کامیابی کا دار و مدار امریکہ کی جانب سے سنجیدگی اور نیک نیتی پر ہے۔
ایکس پر ایک پیغام میں اسماعیل بقائی نے کہا کہ سنیچر کا دن اسلام آباد میں ایران کے وفد کے لیے مصروف اور طویل رہا۔ ’صبح سے پاکستان کی نیک نیتی پر مبنی کوششوں اور ثالثی کے تحت شروع ہونے والے سخت مذاکرات اب تک بغیر کسی تعطل کے جاری ہیں۔‘
’اس دوران دونوں فریقوں کے درمیان متعدد پیغامات اور تحریری مسودوں کا تبادلہ ہوا ہے۔‘
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ان مذاکرات کے دوران آبنائے ہرمز، جوہری معاملات، جنگی نقصانات کے ازالے، پابندیوں کا خاتمہ اور خطے میں جنگ کے مکمل خاتمے پر بات چیت ہوئی ہے۔
انھوں نے کہا کہ ’اس سفارتی عمل کی کامیابی کا دار و مدار مخالف فریق کی سنجیدگی اور نیک نیتی۔۔۔ اور ایران کے جائز حقوق اور مفادات کو تسلیم کرنے پر ہے۔‘
اسماعیل بقائی نے مزید کہا کہ ’ہم مذاکرات کی میزبانی اور اس عمل کو آگے بڑھانے میں نیک نیتی پر مبنی کوششوں پر پاکستان کی حکومت اور اس کے گرم جوش اور باوقار عوام کے شکر گزار ہیں۔‘









