بلوچستان میں اغوا کے بعد پنجاب سے تعلق رکھنے والے نو بس مسافروں سمیت 11 افراد قتل

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ضلع نوشکی میں نامعلوم افراد کی طرف سے بس کو اغوا کرنے کے بعد پنجاب سے تعلق رکھنے والے نو افراد سمیت کل 11 افراد کو قتل کر دیا گیا اور اس واقعے میں پانچ مسافر زخمی بھی ہوئے ہیں۔ ایس ایس پی نوشکی اللہ بخش بلوچ نے بی بی سی کو بتایا کہ یہ واقعہ نوشکی شہر سے اندازاً چھ کلومیٹر پہلے سلطان چڑھائی کے علاقے میں پیش آیا۔

خلاصہ

  • بلوچستان میں اغوا کے بعد پنجاب سے تعلق رکھنے والے نو بس مسافروں سمیت 11 افراد کو قتل کر دیا گیا
  • بلوچستان میں حزب اختلاف کی چھ جماعتوں نے ’تحفظ آئین پاکستان‘ کے نام سے ملک گیر تحریک چلانے کا اعلان کیا ہے
  • پاکستان کے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب رمدے نے کہا ہے کہ’14 تاریخ کو ہم واشنگٹن جا رہے ہیں جہاں آئی ایم ایف کے ساتھ پروگرام کے خدوخال پر مذاکرات کریں گے۔‘
  • سینیٹ کے نو منتخب چیئرمین یوسف رضا گیلانی اور ڈپٹی چیئرمین کے اپنے عہدوں کے حلف اٹھا لیے ہیں
  • پی ٹی آئی نے اس الیکشن کو ’غیر آئینی‘ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ ’سینیٹ میں وفاق کی تمام اکائیوں کی نمائندگی کے بغیر چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا انتخاب ناقابلِ قبول ہے۔‘

لائیو کوریج

  1. پاکستان اور انڈیا بات چیت کے ذریعے مسئلے حل کریں: امریکہ

    امریکہ کے محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ وہ انڈیا کی جانب سے پاکستان میں کی جانے والی مبینہ ماورائے عدالت قتل کی وارداتوں کے حوالے سے میڈیا پر چلنے والی اطلاعات سے آگاہ ہے لیکن وہ ان الزامات پر کوئی تبصرہ نہیں کرنا چاہیں گے۔

    پیر کو میڈیا بریفنگ کے دوران امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر کا پاکستان اور انڈیا کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں کہنا تھا کہ ’ہم اس صورتحال میں (اس معاملے میں) بیچ میں نہیں پڑنا چاہیں لیکن ہم کشیدگی سے گریز کرنے کے لیے اور مسائل کا حل بات چیت کے ذریعے نکالنے کے لیے دونوں ممالک کی حوصلہ افزائی کریں گے۔‘

    واضح رہے کہ برطانوی اخبار ’دی گارڈین‘ نے اپنی ایک حالیہ رپورٹ میں یہ دعویٰ کیا کہ انڈیا ’غیر ملکی سرزمین پر رہنے والے ریاست مخالف عناصر‘ کو ختم کرنے کی ایک وسیع حکمت عملی پر عمل کر رہا ہے اور اس ضمن میں اس نے سنہ 2020 سے اب تک پاکستان میں بھی متعدد کارروائیاں کی ہیں۔‘

    واضح رہے برطانوی اخبار ’دی گارڈین‘ کی ایک حالیہ رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ 1999 میں انڈین ایئر لائنز کی پرواز 814 کی ہائی جیکنگ میں مبینہ طور پر ملوث زاہد اخوند عرف ظہور مستری کی پاکستان میں نقل و حرکت کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کے لیے مبینہ طور پر انڈین خفیہ ادارے ’را‘ کی ایک اہلکار نے خود کو نیو یارک پوسٹ کا رپورٹر ظاہر کیا۔

    برطانوی اخبار کی اس رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ انڈیا نے زاہد اخوند سمیت تقریباً 20 افراد کو پاکستانی سر زمین پر نشانہ بنایا۔

    انڈیا کی وزارت خارجہ نے گارڈین کی اس رپورٹ کو ’جھوٹ اور بدنیتی پر مبنی پروپیگنڈا‘ قرار دیا لیکن دلچسپ بات یہ ہے کہ اسی رپورٹ سے متعلق جب انڈیا کے وزیرِ دفاع راج ناتھ سنگھ سے ایک انٹرویو میں پوچھا گیا تو انھوں نےاس بات کی تصدیق یا تردید تو نہیں کی مگر یہ ضرور کہا کہ ’اگر کسی پڑوسی ملک سے کوئی دہشت گرد انڈیا کو پریشان کرنے یا یہاں دہشت گردانہ کارروائیاں کرنے کی کوشش کرتا ہے تو اسے مناسب جواب دیا جائے گا۔‘

  2. کوئٹہ میں ’گیس لیکیج کے باعث‘ دھماکہ، ایک پولیس اہلکار ہلاک, محمد کاظم/ بی بی سی اردو، کوئٹہ

    بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے نواحی علاقے کچلاک میں دھماکے کی وجہ سے ایک پولیس اہلکار ہلاک اور 10 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

    پولیس حکام کا دعویٰ ہے کہ دھماکہ بظاہر گیس لیکیج کی وجہ سے ہوا۔

    ایس پی صدر کوئٹہ آصف یوسفزئی نے بتایا کہ دھماکہ مسجد سے چند گز کے فاصلے پر واقع حجرے میں ہوا۔ دھماکے کی وجہ سے حجرے کی چھت گر گئی۔

    آصف یوسفزئی کا کہنا تھا کہ دھماکے میں پولیس کا ایک اہلکار ہلاک ہوا جبکہ تین پولیس اہلکاروں سمیت 10 افراد زخمی ہوگئے۔

    زخمیوں کو طبی امداد کی فراہمی کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا۔

    ایس پی صدر نے بتایا کہ بم ڈسپوزل سکواڈ نے جائے وقوعہ اور شواہد کا جائزہ لے کر اپنی رپورٹ دی جس کے مطابق جائے وقوعہ سے بارودی مواد کے شواہد نہیں ملے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ دھماکہ بظاہر گیس لیکیج کی وجہ سے ہوا ہے۔

  3. نو مئی حملے: فوج کے زیرِ حراست 20 ملزمان عید سے قبل رہا

    نو مئی

    ،تصویر کا ذریعہsocial media

    نو مئی کو عسکری تنصیبات پر حملوں کے الزام میں فوج کے زیرِ حراست 20 افراد کو عید سے قبل رہا کر دیا گیا ہے۔

    اٹارنی جنرل کی جانب سے سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی رپورٹ کے مطابق نو اور 10 مئی کے واقعات پر فوجی عدالتوں نے 20 ملزمان کو ایک سال قید کی سزا سنائی تھی جن میں سے 17 نے ساڑھے 10 ماہ اور تین نے ساڑھے نو ماہ قید کاٹی۔ یعنی ان میں سے کسی بھی ملزم نے پورے ایک سال کی قید نہیں گزاری۔

    رپورٹ کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے آرمی ایکٹ کے تحت ان ملزمان کی بقیہ سزائیں معاف کر دی ہیں اور ان 20 ملزمان کو عید الفطر 2024 سے قبل رہا کر دیا گیا ہے۔

    دستاویزات میں شامل فہرست میں ان 20 افراد کے نام درج ہیں جنھیں چھ اور سات اپریل کو بالترتیب پنجاب اور خیبر پختونخوا سے رہا کیا گیا۔

    رپورٹ کے مطابق نو اور 10 مئی کے حملوں پر فوجی عدالتوں نے راولپنڈی کے آٹھ، لاہور کے تین، گوجرانوالہ کے پانچ، دیر کے تین اور مردان کے ایک ملزم کو ایک، ایک سال قید بامشقت کی سزا دی تھی۔

    خیبر پختونخوا کے ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل ایڈوکیٹ جنرل شاہ فیصل نے بی بی سی سے گفتگو کرتے ہوئے 20 ملزمان کی رہائی کی تصدیق کی اور بتایا کہ ایک سال سے کم عرصے تک فوج کے زیرِ حراست رہنے والے یہ افراد اب اپنے گھروں کو جا چکے ہیں۔

    سپریم کورٹ نے 20 ملزمان کی رہائی کی منظوری دی تھی

    28 مارچ کو فوجی عدالتوں میں سویلینز کا ٹرائل کالعدم قرار دینے کے خلاف انٹرا کورٹ اپیلیوں پر سماعت کے دوران اٹارنی جنرل نے سپریم کورٹ کو بتایا تھا کہ نو مئی کے 103 ملزمان میں سے 20 کو رہا کر دیا جائے گا۔

    اٹارنی جنرل کے مطابق یہ 103 ملزمان میں سے 20 ملزمان ایسے ہیں جو کم سزا کی کیٹیگری میں آتے ہیں۔ انھوں نے عدالت کو بتایا کہ آرمی چیف سے حتمی منظوری سمیت تین مراحل مکمل کرنے کے بعد ملزمان کو رہا کیا جائے گا۔

    بیرسٹر اعتزاز احسن نے عدالت کو بتایا کہ فوجی عدالت جو ٹرائل چلا رہی ہے اس میں تو آرمی چیف ہوتے ہی نہیں۔ انھوں نے کہا کہ جب آرمی چیف نے کیس سنا ہی نہیں تو حتمی منظوری کیسے دے سکتے ہیں۔

    اعتزاز احسن نے کہا تھا کہ آرمی چیف کا ملزمان کی رہائی کا فیصلہ کرنا غیر آئینی ہے۔

    اٹارنی جنرل نے بتایا کہ آرمی ایکٹ کے مطابق آرمی چیف سے حتمی منظوری لینا لازمی ہے۔ انھوں نے کہا کہ پہلا مرحلہ محفوظ شدہ فیصلہ سنایا جانا، دوسرا اس کی توثیق ہو گی اور تیسرا مرحلہ کم سزا والوں کو آرمی چیف کی جانب سے رعایت دینا ہو گا۔

    جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے چھ رکنی بینچ نے فوجی عدالتوں کو 20 ملزمان رہا کرنے کی اجازت دی تھی۔ سپریم کورٹ نے آئندہ سماعت پر رہائی پانے والے اور کم سزا والے ملزمان کی رپورٹ طلب کی تھی۔

    عدالت نے واضح کیا کہ فوجی عدالتوں میں ملزمان کو حتمی سزائیں سنانے پر حکم امتناع برقرار رہے گا۔ اس مقدمے کی سماعت اپریل کے آخری ہفتے تک ملتوی کی گئی تھی۔

  4. شہباز شریف اور سعودی ولی عہد کی ملاقات: ’پاکستان میں پانچ ارب ڈالر مالیت کے سعودی سرمایہ کاری پیکج کا پہلا مرحلہ جلد مکمل کرنے کا عزم‘

    mohammad bin salman

    ،تصویر کا ذریعہPID

    سعودی عرب کے ولی عہد و وزیراعظم محمد بن سلمان اور وزیراعظم شہباز شریف کی ملاقات کے مشترکہ اعلامیے کے مطابق سعودی عرب کے ولی عہد اور شہباز شریف نے الصفا پیلس مکہ میں ملاقات کی جس میں سعودی ولی عہد نے انھیں منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

    اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ’ملاقات میں پاکستان میں پانچ ارب ڈالر مالیت کے سعودی سرمایہ کاری پیکج کا پہلا مرحلہ جلد مکمل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

    ’بات چیت کا محور پاک سعودی تعلقات کو مزید مضبوط اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانا تھا۔ ملاقات میں پاکستان کی معیشت میں سعودی عرب کے تعاون کو سراہا گیا اور پاک سعودی کاروباراورسرمایہ کاری میں تعاون بڑھانے کے باہمی عزم کا اظہار کیا گیا۔‘

    اعلامیے کے مطابق ’شہباز شریف نے سعودی عرب کی غیر متزلزل حمایت اور مہمان نوازی پر سعودی ولی عہد کا شکریہ ادا کیا اور دوطرفہ تعلقات اور اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔‘

    ’سعودی ولی عہد نے پاکستان کا جلد دورہ کرنے کی دعوت قبول کر لی۔‘

    خیال رہے کہ گذشتہ روز شہباز شریف کی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے مکہ مکرمہ میں ملاقات ہوئی تھی۔

  5. پی ٹی آئی کا چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا انتخاب بائیکاٹ کرنے کا فیصلہ

    پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کے بائیکاٹ کا فیصلہ کرلیا۔

    پی ٹی آئی نے خیبرپختونخوا کے سینیٹرز کی ایوان میں موجودگی تک انتخابات ملتوی کرنے کا مطالبہ کردیا۔

    پی ٹی آئی ترجمان کا کہنا ہے کہ وفاق کی تمام اکائیوں کی نمائندگی کے بغیر چیئرمین، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا انتخاب غیرآئینی ہے۔

    ترجمان نے مزید کہا کہ نامکمل الیکٹورل کالج کے ساتھ غیر منتخب افراد کو سلیکٹ اور ایوان بالا کی توہین برداشت نہیں کریں گے۔

    پی ٹی آئی ترجمان نے یہ بھی کہا کہ نامکمل ایوان کی صورت میں چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا انتخاب جمہوری اقدار کا قتل ہے۔

    ترجمان کے مطابق غیرآئینی حکومت کے ہاتھوں آئین، جمہوری اصولوں کی پامالی کا سلسلہ جاری ہے، چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا انتخاب عوامی مینڈیٹ پر نقب زنی ہے۔

  6. بریکنگ, اسلام آباد ہائیکورٹ میں سینیٹ چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کے انتخابات رکوانے کی پی ٹی آئی کی کوشش ناکام، الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری

    اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق حکمراں جماعت پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے پاکستان کے ایوانِ بالا یعنی سینیٹ کے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کے انتخابات رکوانے کی کوشش ناکام ہو گئی ہے اور عدالت کی جانب سے الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کر دیے گئے ہیں۔

    اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے اس درخواست کی سماعت کے دوران یہ ریمارکس دیے ہیں کہ بادی النظر میں یہ دیکھنا ہو گا کہ اس عدالت کے پاس ان انتخابات کو روکنے کے اختیارات بھی ہیں یا نہیں۔

    اسلام آباد ہائی کورٹ کے رجسٹرار نے اس درخواست پر اعتراض عائد کیا تھا اور مؤقف اختیار کیا تھا کہ اسی قسم کی ایک اور درخواست پشاور ہائی کورٹ میں زیر سماعت ہے تاہم چیف جسٹس نے اس اعتراض کے باوجود اس درخواست کی سماعت کی۔

    درخواست گزار کے وکیل شعیب شاہین نے اس درخواست کے حق میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا میں سینیٹ کے انتحابات کو ملتوی کر دیا گیا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ ایک صوبے کی عوام کو کیسے ان کے حق سے محروم کیا جا سکتا ہے۔ چیف جسٹس نے درخواست گزار کے وکیل سے استفسار کیا کہ کیا انتخابات کو روکنے سے متعلق ایک درخواست پشاور ہائی کورٹ میں بھی زیر سماعت ہے جس پر عدالت کو بتایا گیا کہ وہاں پر کوئی دوسرا معاملہ زیر التوا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ تمام صوبوں میں سینیٹ کی نشستوں کی تعداد برابر ہے۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ فاٹا کا کیا سٹیٹس ہے جس پر شعیب شاہین کا کہنا تھا کہ ’فاٹا کو صوبہ خیبر پختونخوا میں ضم کر دیا گیا ہے۔‘

    انھوں نے کہا کہ ’باقی صوبوں میں سینیٹ کے انتخابات ہو گئے ہیں جبکہ خیبر پختونخوا میں انتخابات کو ملتوی کر دیا گیا ہے۔

    عدالت نے استفسار کیا کہ سینیٹ میں چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کے انتخابات کب ہونے ہیں جس پر عدالت کو بتایا گیا کہ 9 اپریل کو انتخابات ہونے ہیں۔ درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ اگر عید کے بعد انتخابات ہو جائیں تو کیا حرج ہے؟ عدالت نے ابتدائی دلائل سننے کے بعد اس درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔

    واضح رہے کہ صدر آصف علی زرداری نے سینٹ کا اجلاس نو اپریل کو طلب کیا ہے جس میں نومنتخب سینیٹرز اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی حکمراں اتحاد کی طرف سے سینیٹ چیئرمین کے متفقہ امیدوار ہیں۔

  7. عالمی بینک کا جی ایس ٹی وصول کرنے کیلئے ایک ہی ایجنسی بنانے پر زور, تنویر ملک، صحافی

    عالمی بینک نے پاکستان میں جنرل سیلز ٹیکس (جی ایس ٹی) کی وصولی کے لیے ایک ایجنسی بنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے.

    عالمی بینک نے پاکستان کو جی ایس ٹی کی وصولی کے لیے ایک ایجنسی بنانے کی تجویز پاکستان سے متعلق حالیہ رپورٹ میں دی ہے۔ پاکستان میں جی ایس ٹی کی وصولی وفاقی سطح پر فیڈرل بورڈ آف ریونیو کرتا ہے اور صوبائی سطح پر بھی یہ ٹیکس ریونیو بورڈ کرتے ہیں۔

    سیلز ٹیکس جمع کرانے کے بعد اس کے ریٹرن بھی ان بورڈز کے ساتھ جمع کرانے پڑتے ہیں جو پاکستان میں کاروباری افراد کے کاسٹ آف پروڈکشن بڑھانے کے ساتھ ان کے لیے ایک مسئلہ بنا ہوا ہے۔

    ورلڈ بینک کی جانب سے پاکستان کو کافی عرصے سے ایک ایجنسی بنانے کے لیے کہا جا رہا ہے تاکہ اس کے ذریعے سیلز ٹیکس جمع کیا جا سکے اور اور اس کے بعد انہیں آئینی طریقہ کار کے ذریعے صوبوں میں تقسیم کیا جائے تاکہ اس سے انتظامی پیچیدگیوں کو بھی دور کیا جا سکے

  8. بریکنگ, پاکستان میں سونے کی قیمت ملکی تاریخ کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی, تنویر ملک، صحافی

    Gold

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    پاکستان میں سونے کی قیمت میں مسلسل اضافے کا رجحان سوموار کے روز بھی جاری رہا اور سونے کی قیمت سات سو روپے فی تولہ اضافے کے بعد 245700 روپے فی تولہ کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی۔

    پاکستان میں سونے کی قیمت میں مارچ کے مہینے کے آغاز سے اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے اور اب تک تقریباً بیس ہزار فی تولہ کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے

    سونے کی قیمت میں اضافے کی وجہ بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں اضافہ ہے

    صرافہ بازار کے ٹریڈرز کے مطابق بین الاقوامی سطح پر سونے کی قیمت میں اضافے کی وجہ جیو پولیٹیکل حالات ہیں جس میں دنیا کے مختلف حصوں میں تنازعات ہیں جس میں خاص کر مشرقِ وسطیٰ اور یوکرین روس تنازعات شامل ہیں

  9. بریکنگ, پی ٹی آئی نے چیئرمین سینیٹ اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا انتخاب اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا, شہزاد ملک، بی بی سی اُردو ڈاٹ کام

    parliament

    پاکستان تحریک انصاف نے چیئرمین سینیٹ اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا انتخاب اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا ہے۔

    پی ٹی آئی کے پانچ سینیٹرز نے چیئرمین سینیٹ اور ڈپٹی چیئرمین کا انتخاب روکنے کے لیے آئینی درخواست اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کر دی ہے۔

    پی ٹی آئی کی جانب سے دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ خیبر پختونخوا کی سینیٹ نشستوں کے انتخاب تک چیئرمین سینیٹ اور ڈپٹی چیئرمین کا انتخاب روکا جائے۔

  10. بریکنگ, آئی ایم ایف کا پاکستان سے کیپٹو پاور پلانٹس کے گیس قیمت درآمدی آر ایل این جی کے مساوی کرنے کا مطالبہ, تنویر ملک، صحافی

    IMF

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان سے ملک میں چلنے والے کیپٹو پاور پلانٹس کے گیس نرخ درآمدی آر ایل این جی کے مساوی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ کیپٹو پاور پلانٹس صنعتوں میں چلنے والے بجلی پیدا کرنے والے پلانٹس ہیں جنہیں حکومت کی جانب سے سستی گیس فراہم کی جاتی ہے۔

    پاکستان کو موجودہ مہینے میں موجودہ قرض پروگرام کے تحت ایک اعشاریہ ایک ارب ڈالر کی وصولی کے بعد آئی ایم ایف سے ایک بڑے قرض پروگرام کے لیے مذاکرات کرنے ہیں ۔

    آئی ایم ایف کی جانب سے صنعتوں میں موجود کیپٹو پاور پلانٹس کو سستی گیس کی قیمت درآمدی آر ایل این جی کے مساوی کرنے کا مطالبہ کافی عرصے سے کیا جا رہا ہے

    پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات کی کوریج کرنے والے سینیئر صحافی شہباز رانا نے بی بی سی کو بتایا کہ آئی ایم ایف کی جانب سے یہ مطالبہ کافی عرصے سے کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا آئی ایم ایف اور پاکستان کے درمیان انڈر اسٹینڈنگ طے ہو چکی ہے اور اگلے مالی سال میں اس پر عمل درآمد ہو جائے گا ۔ رانا نے کہا اس کے پس پردہ دو مقصد ہیں ایک تو اس کے ذریعے ان صنعتوں کو نیشنل گرڈ سے منسلک کر دیا جائے گا تاکہ ملک میں موجود سرپلس بجلی کو استعمال میں لایا جا سکے اور دوسری جانب اس گیس کو زیادہ پیدواری شعبوں کی طرف منتقل کیا جا سکے۔

  11. بریکنگ, پاکستان سٹاک ایکسچینج میں تیزی، انڈیکس 600 پوائنٹس اضافے کے بعد 69000 پوائنٹس کی سطح عبور کر گیا, تنویر ملک، صحافی

    Pakistan

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    پاکستان سٹاک ایکسچینج میں سوموار کے روز تیزی کا رجحان ریکارڈ کیا گیا ہے اور انڈیکس میں اب تک 610 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ سٹاک مارکیٹ کا انڈیکس اس وقت 69000 پوائنٹس کی سطح سے اوپر موجود ہے۔

    پاکستان سٹاک ایکسچینج میں کاروبار کے آغاز سے خریداری کا رجحان ریکارڈ کیا گیا ہے۔

    سٹاک مارکیٹ تجزیہ کار مارکیٹ میں تیزی کی وجہ معاشی محاذ پر پیش رفت کو قرار دیتے ہیں

    تجزیہ کار شہر یار بٹ نے بی بی سی کو بتایا کہ وزیراعظم پاکستان کی سعودی ولی عہد سے ملاقات میں پاکستان میں سرمایہ کاری کا موضوع زیر بحث آیا جس کے بعد تیل و گیس کے شعبے کے حصص میں تیزی آئی اسی طرح پاکستان میں بیرون ملک سے مقامی منی مارکیٹ میں سرمایہ کاری بھی ہو رہی ہے جس کا مثبت رجحان مارکیٹ میں پیدا ہوا ۔

    انھوں نے کہا کارپوریٹ نتائج کے سیزن نے بھی مارکیٹ میں تیزی پیدا کی ہے۔

    واضح رہے کہ چار اپریل کو بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 660 پوائنٹس اضافے کے بعد 68 ہزار کی نئی بُلند ترین سطح پر پہنچ گیا تھا۔

    اس سے ایک روز قبل (تین اپریل) کے ایس ای-100 انڈیکس 869 پوائنٹس بڑھ کر 67 ہزار 756 کی تاریخی بُلند ترین سطح پر پہنچا تھا۔

    اس سے قبل 28 مارچ 2024 کو کے ایس ای-100 انڈیکس 594 پوائنٹس اضافے کے بعد 67 ہزار کی نئی بُلند ترین سطح پر پہنچ گیا تھا۔

  12. بریکنگ, بشریٰ بی بی کی عمران خان سے ملاقات کی درخواست: عدالتی حکم پر عمل درآمد کیوں نہیں ہوا؟ متعلقہ حکام سے رابطہ کر کے آگاہ کریں، عدالت

    IK

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    اسلام آباد ہائی کورٹ میں عدالتی حکم پر سابق خاتون اول بشری بی بی کی بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کرانے پر عمل درآمد کیس کی سماعت کے دوران جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے سرکاری وکیل کو ہدایت دی کہ عدالتی حکم پر عمل درآمد کیوں نہیں ہوا؟ متعلقہ حکام سے رابطہ کر کے آج ہی آگاہ کریں۔

    جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے مقدمے کی سماعت کی، درخواست گزار بشری بی بی کے وکیل عثمان گل عدالت پیش ہوئے۔ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیے کہ ہم نے ہدایات کے ساتھ درخواست نمٹادی تھی، وکیل عثمان گل نے بتایا کہ جی ہم نے اسی عدالتی حکم پر عمل درآمد کی درخواست دی ہے۔

    جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا کہ آپ توہین عدالت کی درخواست دائر کریں، ہم کارروائی کریں گے، کیسے عدالتی احکامات کو نظر انداز کیا جاسکتا ہے؟

    اس پر وکیل عثمان گل نے استدعا کی کہ عید پر ملاقات کی اجازت دینے کا حکم دیا جائے، یہ جیل حکام کے اختیار میں بھی ہے۔ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریماکرس دیے کہ ایڈووکیٹ جنرل کو بلا لیتے ہیں، پھر اس معاملہ کو دیکھتے ہیں۔

    بعد ازاں اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد کو طلب کرتے ہوئے ان کی پیشی تک سماعت میں وقفہ کر دیا۔ وقفے کے بعد سماعت کے دوبارہ آغاز پر ایڈووکیٹ جنرل آفس سے سرکاری وکیل عبد الرحمن عدالت میں پیش ہوئے۔

    اس موقع پر جسٹس گل حسن اورنگزیب نے سرکاری وکیل کو ہدایت دی کہ عدالتی حکم پر عمل درآمد کیوں نہیں ہوا؟ متعلقہ حکام سے رابطہ کرکے آج آگاہ کریں، چیف کمشنر آفس، جیل حکام اور دیگر فریقین سے رابطہ کرکے عدالت کو آج ہی جواب دیا جائے۔

    واضح رہے کہ یکم اپریل کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے عید کے موقع پر بانی تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان سے اُن کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی ملاقات کروانے کا حکم دے دیا تھا۔

  13. گذشتہ روز کی چند اہم خبروں کا خلاصہ

    • پاکستان کے وزیراعظم نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت افطار میں شرکت کی ہے، ملاقات میں دو طرفہ تجارتی اور سرمایہ کاری امور پر بات چیت ہوئی۔ وفد کے ہمراہ ملاقات کے علاوہ وزیراعظم اور سعودی ولی عہد کے درمیان ون آن ون ملاقات بھی ہوئی۔ وزیراعظم نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی صحت کے لیے دعا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
    • بشام میں چینی انجینیئرز پر حملے سے متعلق وفاقی حکومت کو ارسال کی گئی خیبرپختونخوا پولیس کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ابتدائی جانچ کی بنیاد پر بظاہر لگتا ہے کہ چینی باشندوں کو لے جانے والی گاڑی بلٹ پروف اور بم پروف نہیں تھی۔ بشام میں چینی انجینیئرز پر حملے سے متعلق خیبرپختونخوا پولیس نے ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ وفاقی وزارت داخلہ کو ارسال کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق جائے وقوعہ کی فضائی تصویر بھی حاصل کر لی گئی ہے اور تھانہ بشام تقریباً چھ کلومیٹر جبکہ داسو ڈیم 77 کلومیٹر جائے وقوعہ سے دور ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ تباہ ہونے والی بس دوسری گاڑی سے 15 فٹ کے فاصلے پر تھی اور خودکش دھماکے سے بس 300 فٹ گہرائی میں جاگری۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ چینی قافلے میں شامل تمام بسوں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب تھے اور خودکش بمبار کے زیرِ استعمال گاڑی کے ٹکرے حاصل کر لیے گیے ہیں۔ گذشتہ ماہ بشام کے علاقے میں ایک خودکش حملے میں چینی انجینیئرز سمیت پانچ افراد ہلاک ہوئے تھے جس پر وزیر اعظم شہباز شریف نے چینی حکام کو تحقیقات اور واقعے میں ملوث افراد کو سزائیں دینے کی یقین دہانی کرائی تھی۔
    • پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے شہر خضدار میں اتوار کو ہونے والے بم دھماکے میں کم ازکم دو افراد ہلاک اور پانچ زخمی ہوئے۔یہ دھماکہ اتوار کی شب شہر کے معروف تجارتی مرکز عمر فاروق چوک کے علاقے میں ہوا۔ صوبائی حکومت کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ابتدائی اطلاعات کے مطابق بم موٹر سائیکل میں نصب تھا۔ ڈپٹی کمشنر خضدار عارف زرکون نے فون پر بی بی سی کو بتایا کہ اس دھماکے میں دو افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ پانچ زخمی ہیں۔ سٹی پولیس سٹیشن خضدار کے ایس ایچ او عزیز خدرانی نے بتایا کہ اس علاقے میں خواتین اور بچے بڑی تعداد میں رات کو عید کی خریداری کے لیے آتے ہیں۔
    • وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے عمران خان کے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم کا بیان ’خوف اور مایوسی سے نکلا ہے۔‘ انھوں نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں کہا کہ یہ الزامات بغیر کسی شواہد کے عائد کیے گئے ہیں۔ ’عمران خان اور ان کی شریک حیات دونوں توشہ خانہ کی ڈکیتی میں ملوث رہے ہیں۔ آڈیوز نے کرپشن اور غبن کو ثابت کیا ہے۔ ’نو مئی کو ریاستی اداروں پر حملے اور شہدا کے خلاف مہم چلانا ان کی پالیسی رہی ہے۔ پروپیگنڈے اور جھوٹ کے ذریعے سچ کو چھپایا نہیں جا سکتا۔ اڈیالہ میں خوف و ہراس کی کیفیت حالیہ بیانات سے عیاں ہے۔‘ خیال رہے کہ عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری بی بی توشہ خانہ کیس میں عائد کیے گئے الزامات کی تردید کرتے ہیں۔
  14. بی بی سی کے لائیو پیج میں خوش آمدید!

    Live Page Banner

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    پاکستان کی سیاست، معیشت، حکومتی امور اور اہم عدالتی مقدمات سمیت دیگر تازہ ترین خبریں جاننے کے لیے بی بی سی کی لائیو پیج کوریج میں خوش آمدید!

    سات اپریل تک کی خبریں جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔