’یہ اتحادیوں کے درمیان ملاقات تھی لیکن یہ ایک مشکل ملاقات تھی‘: برطانوی وزیراعظم سے ملاقات کے بعد اسرائیلی صدر کا قطر پر حملوں کا دفاع

،تصویر کا ذریعہPA Media
اسرائیلی صدر آئزک ہرزوگ نے بدھ کو برطانیہ کے وزیراعظم کیر سٹارمر کے ساتھ ملاقات کے بعد کچھ باتیں شیئر کیں۔
لندن میں قائم بین الاقوامی امور کے ایک تھنک ٹینک، چیتھم ہاؤس کے ایک ایونٹ میں بات کرتے ہوئے ہرزوگ نے اس ملاقات کو ’صاف گو‘ اور ’سخت‘ قرار دیا۔
انھوں نے کہا ’یہ اتحادیوں کے درمیان ملاقات تھی لیکن یہ ایک مشکل ملاقات تھی۔‘
منگل کو قطر پر اسرائیلی حملے میں حماس کی مذاکراتی ٹیم کے ارکان کو نشانہ بنانے کے بارے میں بات کرتے ہوئے ہرزوگ نے کہا کہ یہ حملے ضروری تھے تاکہ ’کچھ لوگوں کو ہٹایا جائے جو معاہدہ کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔‘
انھوں نے زور دیا کہ اسرائیل جنگ ختم کرنا چاہتا ہے، لیکن حماس کے فیصلے کے عمل میں سب کی رضامندی درکار ہوتی ہے اور اگر ایک شخص بھی انکار کر دے تو معاہدہ ممکن نہیں ہوتا۔
انھوں نے کہا ’اگر آپ آگے بڑھنا چاہتے ہیں، تو آپ کو ان لوگوں کو ہٹانا پڑتا ہے جو معاہدہ کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔‘


