اڈیالہ جیل میں عمران خان کو اپنی بہنوں سے ملنے نہیں دیا گیا: پی ٹی آئی

پاکستان تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ اڈیالہ جیل کے باہر سابق وزیر اعظم عمران خان کی بہنوں نورین نیازی اور علیمہ خان کو پولیس نے اپنی حراست میں لیا ہے۔ تاحال راولپنڈی پولیس نے اس معاملے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔ جبکہ وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ اگر پولیس اور جیل حکام نے عمران خان کی بہنوں کو ملاقات سے روکا ہے تو تحریک انصاف کو ہائی کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کرنی چاہیے۔

خلاصہ

  • پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان کو اڈیالہ جیل میں ان کی بہنوں سے ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی
  • امریکہ اور چین نے ایک دوسرے پر اضافی ٹیرف کا اطلاق مزید 90 روز کے لیے مؤخر کر دیا
  • امریکہ نے کالعدم تنظیم مجید بریگیڈ کو 'غیر ملکی دہشت گرد تنظیم' نامزد کر دیا ہے
  • 'ہم جنگ کے خاتمے کے قریب ہیں، اور کابینہ نے حماس کو ختم کرنے کا ڈرامائی فیصلہ کیا ہے': نتن یاہو
  • نو مئی مقدمات: یاسمین راشد، عالیہ حمزہ، صنم جاوید سمیت پی ٹی آئی کے چھ رہنماؤں کو قید کی سزا، شاہ محمود قریشی بری

لائیو کوریج

  1. غزہ میں غذائی قلت کے شکار بچوں کی تصاویر دکھانے پر نتن یاہو نالاں

    اسرائیل کے وزیراعظم نے بین الاقوامی میڈیا کی جانب سے غزہ جنگ کی کوریج کو حماس کا پروپیگنڈہ قرار دیا ہے۔

    انھوں نے فاقہ زدہ کمزور اور لاغر بچوں کی تصاویر دکھائیں جو ایک اخبار کے فرنٹ پیج پر تھیں تاہم اس پر جعلی کا لیبل لگا ہوا تھا۔

    ان کا کہنا تھا کہ ان کی حکومت نیویارک ٹائمز کے خلاف کیس کر رہی ہے۔ جس نے اپنے پہلے صفحے پر ایک بھوکے بچے کی تصویر استعمال کی تھی جسے صحت کے بنیادی مسائل بھی تھے۔

    نتن یاہو کا کہنا ہے کہ بچے کی والدہ اور بھائی صحت مند ہیں ان کا الزام تھا کہ اخبار نے اس کی تصحیح بھی چاپی تھی۔

  2. اسرائیل کا فیصلہ مزید خونریزی کا راستہ ہے، ہمیں خطرے کی گھنٹی بجانے کی ضرورت ہے: برطانیہ اور فرانس کا انتباہ

    اقوام متحدہ میں برطانیہ کے نائب مستقل مندوب جیمز کریوکی نے کہا ہے کہ برطانیہ اسرائیلی حکومت پر زور دیتا ہے کہ وہ غزہ میں اپنی فوجی کارروائی میں توسیع کا اپنا فیصلہ واپس لے۔

    انھوں نے یہ بات سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کے دوران کہی۔

    ان کا کہنا ہے کہ اس منصوبے سے غزہ میں فلسطینی شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگا۔

    انھوں نے مزید کہا کہ یہ ’مزید خونریزی کا راستہ ہے۔‘

    ڈنمارک کے ایک نمائندے کا کہنا ہے کہ ان کا ملک اس توسیع کی 'مذمت' کرتا ہے اور برطانیہ کی جانب سے اسرائیل سے اپنا منصوبہ واپس لینے کے مطالبے کی حمایت کرتا ہے۔

    فرانس کے نمائندے نے کہا کہ 'ہمیں خطرے کی گھنٹی بجانے کی ضرورت ہے' اور اس منصوبے کے غزہ شہر اور پوری پٹی میں 'ڈرامائی انسانی نتائج' ہوں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ غزہ کے 'شہری پہلے ہی خوفناک حالات میں زندگی گزار رہے ہیں۔‘

  3. اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے غزہ میں امریکی کوششوں کو کمزور کیا ہے: امریکی سفیر

    امریکی سفیر ڈوروتھی شیا نے کہا ہے کہ امریکہ یرغمالیوں کی رہائی اور غزہ میں جنگ کے خاتمے کے لیے 'ابہت محنت سے کام' کر رہا ہے تاہم انھوں نے الزام عائد کیا کہ آج سکیورٹی کونسل کا ہنگامی اجلاس ان کوششوں کو 'کمزور' کیا ہے۔

    نیویارک میں جاری سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے امریکی سفیر نے کہا کہ اسرائیل نے جنگ بندی کے تین معاہدوں کو قبول کیا ہے جنہیں حماس نے مسترد کیا۔

    ’اگر حماس یرغمالیوں کو جانے دیتی ہے تو یہ جنگ آج ختم ہو سکتی ہے۔‘

    انھوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے ارکان نے آج کے اجلاس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اسرائیل پر نسل کشی کا الزام لگایا ہے۔

    امریکی سفیر نے کہا کہ امریکہ تین نکات پر کام کر رہا ہے جن میں انسانی ضروریات کو پورا کرنا، یرغمالیوں کی رہائی اور امن کا حصول شامل ہے۔

    انھوں نے سلامتی کونسل پر الزام عائد کیا کہ وہ پہلے نکتے پر توجہ مرکوز کر رہی ہے اور اس بات کا احساس نہیں کر رہی کہ وہ آپس میں جڑے ہوئے ہیں۔

    ڈوروتھی شیا نے مزید کہا کہ امریکہ نے جی ایچ ایف کے ذریعے اسرائیل کے ساتھ ساتھ غزہ کی انسانی امداد میں اضافہ کیا ہے۔

    انھوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا کہ وہ حماس سے مطالبہ کرے کہ وہ تمام یرغمالیوں کو رہا کرے۔

  4. بی بی سی اردو کے لائیو پیج میں خوش آمدید

    بی بی سی اردو کے نئے لائیو پیج میں خوش آمدید!

    یہاں آپ کے لیے پاکستان سمیت دنیا بھر سے اہم خبریں اور تازہ ترین خبریں شامل کی جائیں گی۔

    گذشتہ دنوں کی کوریج کے لیے اس لنک پر کلک کیجیے۔