اسرائیلی وزیرِاعظم کا بیان غزہ جنگ بندی معاہدے کی کوششوں کے لیے مثبت نہیں: امریکی اہلکار

،تصویر کا ذریعہGetty Images
ایک سینیئر امریکی عہدیدار نے اسرائیلی وزیرِ اعظم بنیامن نتن یاہو کے مبینہ بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے بیانات غزہ جنگ بندی معاہدے کی کوششوں کے لیے تعمیری نہیں ہیں۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق نتن یاہو نے کہا ہے کہ معاہدے کے تحت جنگ بندی کے بعد بھی اسرائیلی فوج غزہ کے کچھ علاقوں اور مصر کی سرحد کے ساتھ ملحقہ جنوبی علاقوں میں موجود رہے گی۔
یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن مشرقِ وسطیٰ کے دورے پر ہیں تاکہ جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کے معاہدے کو آگے بڑھایا جا سکے۔
پیر کے روز امریکی وزیرِ خارجہ نے یروشلم میں نتن یاہو کی ساتھ تین گھنٹے ملاقات کی جس کے بعد ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی وزیرِ اعظم نے واشنگٹن کی جانب سے اسرائیل اور حماس کو جنگ بندی معاہدے کے قریب لانے کے لیے پیش کی گئی تجویز پر رضامندی ظاہر کی ہے۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق، انٹونی بلنکن سے ملاقات کے بعد اسرائیلی یرغمالیوں کے خاندانوں سے بات کرے ہوئے نتن یاہو کا کہنا تھا کہ کہ انھوں نے امریکی وزیرِ خارجہ کو اس بات پر راضی کر لیا ہے کہ معاہدے کے تحت جنگ بندی کے بعد بھی اسرائیلی فوجی غزہ کے کچھ علاقوں اور مصر کی سرحد کے ساتھ ملحقہ جنوبی علاقوں میں میں موجود رہیں گے۔





