خطے میں سلامتی کے خدشات کے پیش نظر دنیا کی بڑی فضائی
کمپنیوں نے مشرق وسطیٰ کے متعدد ممالک کے لیے اپنے فضائی آپریشنز معطل کرنے کا
اعلان کیا ہے، متعدد ایئرلائنز نے یا تو اپنی پروازیں منسوخ کر دی ہیں یا انھیں
دوسرے راستوں پر موڑ دیا گیا ہے۔
متعدد کمپنیوں نے مسافروں سے معذرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ
اقدامات حفاظتی نقطۂ نظر کے تحت کیے گئے ہیں۔
پی آئی اے کا خلیجی ممالک کے لیے فضائی آپریشن معطل
پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز نے خلیجی ممالک کے لیے اپنا
فضائی آپریشن فوری طور پر معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس حوالے سے جاری ہونے والے
ایک اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ پی آئی اے کی متحدہ عرب امارات، بحرین، دوحہ اور
کویت کے لیے شیڈول تمام پروازیں معطل کر دی گئی ہیں، یہ معطلی ابتدائی طور پر کل (اتوار)
شام تک یا فضائی حدود کی بحالی تک نافذ العمل رہے گی۔
پی آئی اے انتظامیہ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ سعودی عرب کے
لیے شیڈول پروازیں اپنا آپریشن جاری رکھیں گی مگر حفاظت کے پیش نظر اُن کا روٹ تبدیل
کر دیا گیا ہے اور اب یہ پروازیں طویل راستوں سے ہوتی ہوئیں منزل مقصود تک پہنچیں
گی۔
قطر ایئرویز کی دوحہ آنے اور جانے والی
تمام پروازیں معطل
قطر ایئرویز نے بھی تصدیق کی ہے کہ اُن کی دوحہ آنے اور جانے
والی تمام پروازیں قطری فضائی حدود کی بندش کے باعث عارضی طور پر معطل کر دی گئی
ہیں۔
ایئر لائن کا کہنا ہے کہ وہ حکومتی اداروں اور متعلقہ حکام کے
ساتھ قریبی رابطے میں ہے تاکہ اس صورتحال کے باعث متاثر ہونے والے مسافروں کو
سہولت فراہم کی جا سکے۔ انتظامیہ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ جیسے ہی قطر کی فضائی
حدود دوبارہ کُھلیں گی تو پروازوں کا
سلسلہ بحال کر دیا جائے گا۔
کمپنی نے واضح کیا ہے کہ معمول کی پروازیں دوبارہ شروع ہونے
کے بعد بھی شیڈول میں تاخیر کا سامنا ہو سکتا ہے۔ قطر ایئرویز نے مزید بتایا کہ حمد
انٹرنیشنل ایئرپورٹ سمیت دیگر اہم ایئرپورٹس پر اضافی عملہ تعینات کر دیا گیا ہے
تاکہ متاثرہ مسافروں کی مدد کی جا سکے۔ ایئر لائن نے کہا کہ مسافروں اور ملازمین
کی حفاظت ہمیشہ اس کی اولین ترجیح ہے اور اس صورتحال سے پیدا ہونے والی کسی بھی
تکلیف پر کمپنی معذرت خواہ ہے۔
امارات (ایمریٹس) کی دبئی آنے اور جانے والی تمام پروازیں معطل
ایمریٹس ایئرلائن نے اپنی دبئی آنے اور جانے والی تمام پروازیں
عارضی طور پر معطل کر دی ہیں۔
ایئر لائن نے مسافروں پر زور دیا ہے کہ وہ ایئرپورٹ پر جانے
سے قبل تازہ ترین معلومات حاصل کریں۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ صورتحال پر مسلسل نظر
رکھے ہوئے ہے اور متعلقہ حکام کے ساتھ رابطے میں ہے۔
ایمریٹس نے متاثرہ مسافروں سے معذرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انھیں
دوبارہ بکنگ، رقم کی واپسی یا متبادل سفری انتظامات میں مدد فراہم کرے گی۔
ورجن اٹلانٹک، برٹش ایئرویز، وز ایئر کی پروازیں بھی متاثر
ورجن اٹلانٹک نے اعلان کیا ہے کہ اس نے لندن ہیتھرو سے دبئی
جانے والی اپنی پرواز VS400 منسوخ کر دی ہے۔ کمپنی نے
خبردار کیا ہے کہ مالدیپ، انڈیا اور سعودی عرب جانے والی پروازوں کو متبادل راستوں
کے باعث زیادہ وقت لگ سکتا ہے۔
برٹش ایئرویز نے بدھ تک تل ابیب اور بحرین کے لیے پروازیں
منسوخ کر دی ہیں جبکہ آج عمان جانے والی پرواز کو بھی معطل کر دیا گیا ہے۔ اسی دوران لندن ہیتھرو سے دوحہ جانے والی پرواز BA123 جو
گذشتہ رات 8 بجے روانہ ہوئی تھی، اسے منزل پر پہنچنے سے کچھ دیر قبل واپس موڑ دیا
گیا۔
وِز ایئر نے تصدیق کی ہے کہ اس نے اسرائیل، دبئی، ابوظہبی اور
عمان کے لیے تمام پروازیں فوری طور پر معطل کر دی ہیں۔ وز ایئر کی سعودی عرب کے
لیے پروازیں منگل تک منسوخ رہیں گی۔
اسی طرح لفتھانزا، ایئر انڈیا اور ترک ایئر لائنز نے بھی خطے
کے لیے متعدد پروازیں منسوخ کرنے کا اعلان کیا ہے۔