آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

ایران نے سکیورٹی چیف علی لاریجانی کی ہلاکت کی تصدیق کر دی

ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکرٹریٹ نے کونسل کے سیکریٹری علی لاریجانی کے اسرائیلی حملے میں مارے جانے کی تصدیق کر دی ہے۔ تنظیم نے ایک بیان میں کہا ہے کہ علی لاریجانی اپنے بیٹے مرتضیٰ لاریجانی، کونسل کے ڈپٹی سیکورٹی آفیسر علی رضا بیات اور محافظوں کے ایک گروپ کے ساتھ مارے گئے۔ پاسداران انقلاب نے اس سے قبل بسیج کمانڈر کی ہلاکت کی تصدیق کی تھی۔

خلاصہ

  • ایران نے سکیورٹی چیف علی لاریجانی کی ہلاکت کی تصدیق کر دی
  • پاسداران انقلاب نے پہلے بسیج کمانڈر کی ہلاکت کی تصدیق کی تھی
  • چین نے اعلان کیا ہے کہ تین ہفتوں سے مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگ کے درمیان وہ خطے کے ممالک کو انسانی امداد فراہم کرے گا
  • یورپی رہنماؤں کا اسرائیل اور حزب اللہ سے 'پائیدار سیاسی حل' کے لیے بات چیت شروع کرنے کا مطالبہ
  • بغداد میں امریکی سفارتخانے پر ڈرون اور راکٹ حملے
  • خامنہ ای بیٹے کے اقتدار میں آنے سے متعلق شکوک و شبہات رکھتے تھے: امریکی انٹیلی جنس رپورٹس میں دعویٰ
  • زیادہ دیر نہیں لگے گی، یہ جنگ جلد ختم ہو جائے گی: ڈونلڈ ٹرمپ

لائیو کوریج

  1. مشرقِ وسطیٰ میں لڑائی کا سولہواں روز: اب تک ہم کیا جانتے ہیں؟, فرییا سکاٹ ٹرنر، بی بی سی

    • پیر کو مشرقِ وسطیٰ میں جاری لڑائی 16 ویں روز میں داخل ہو چکی ہے۔ امریکہ اور ایران کی جانب سے اس جنگ کے مستقبل کے حوالے سے متضاد بیانات کے بعد اس جنگ کے خاتمے کے لیے کسی بھی معاہدے کا امکان بہت دُور دکھائی دے رہا ہے۔
    • ایرانی وزیرِ خارجہ نے امریکی صدر کے ان دعوؤں کی تردید کی ہے کہ ایران معاہدہ چاہتا ہے۔ امریکہ میں بی بی سی کے پارٹنر ادارے سی بی ایس کو دیے گئے انٹرویو میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ ’تہران نے کبھی بھی جنگ بندی کے لیے نہیں کہا اور نہ ہی ہم نے مذاکرات کی درخواست کی ہے۔‘
    • ایران میں شہریوں نے بی بی سی سے گفتگو میں اس خوف کا اظہار کیا ہے کہ ’اگر لڑائی جاری رہی تو ان کا ملک برباد ہو جائے گا۔‘ اسرائیل کی جانب سے ’مزید وسیع پیمانے‘ پر حملوں کے بعد دارالحکومت تہران میں ملبے کے ڈھیر نظر آ رہے ہیں۔ انٹرنیٹ کی بندش کے دوران مواصلائی رابطوں کی لائن بھی منہدم ہو گئی ہے۔
    • مشرقِ وسطیٰ کے مختلف ممالک میں بھی ایران کی جانب سے ڈرون حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔
    • امریکی صدر کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز کے تحفظ کے لیے اُن کا چین سمیت سات ممالک سے رابطہ ہوا۔
    • اسرائیل میں ایمرجنسی سروسز کا کہنا ہے کہ تنازع کے بعد سے لے کر اب تک ہلاکتوں کی تعداد 15 ہو گئی ہے۔ کلسٹر بموں نے تل ابیب کے کچھ حصوں کا نقصان پہنچایا ہے۔ اسرائیلی فوج کا یہ بھی کہنا ہے کہ وہ ایران کے خلاف اپنے حملوں کا دائرہ کار مزید بڑھا رہی ہے اور اس کے پاس اب بھی ’ہزاروں اہداف‘ ہیں۔
    • لبنان میں وزارتِ صحت کا کہنا ہے کہ یہاں اب تک ہلاکتوں کی تعداد 850 ہو گئی ہے۔ اسرائیل نے جنوبی لبنان پر حملوں کے بعد دارالحکومت بیروت کے مختلف علاقوں میں انخلا کے احکامات جاری کیے ہیں۔
    • اسرائیلی وزیر خارجہ نے بھی مذاکرات کے کسی بھی امکان کو مسترد کیا ہے۔
    • برطانیہ کے وزیر اعظم سر کیئر سٹارمر نے آبنائے ہرمز کو کھولنے کے معاملے پر صدر ٹرمپ سے ٹیلی فون پر بات کی ہے۔ برطانوی وزیر اعظم کے مطابق وہ اس جنگ کے حوالے سے پیر کو کینیڈا کے وزیر اعظم سے ملاقات کریں گے۔
    • بین الاقوامی توانائی ایجنسی کا کہنا ہے کہ اس کی جانب سے جاری کردہ تیل کے ہنگامی ذخائر ایشیا اور اوشیانا میں فوری طور پر دستیاب ہوں گے۔ دوسری جانب ایران کے وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ حکومت آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت سے متعلق انفرادی سطح پر ممالک سے بات چیت کے لیے تیار ہے۔
  2. گذشتہ روز کی اہم خبریں

    • اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کے خارجہ پالیسی کے مشیر نے لبنان اور اسرائیل کے درمیان امن مذاکرات کے امکان کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک حزب اللہ کو غیر مسلح نہیں کیا جاتا، بات چیت ممکن نہیں۔
    • امریکہ نے ایران کے ان دعوؤں کو ’جھوٹا‘ قرار دیا ہے جن میں کہا گیا تھا کہ اسرائیل اور امریکہ خلیجی ممالک پر ڈرون حملوں میں ملوث ہیں۔
    • امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشیر کیون ہیسٹ کا کہنا ہے کہ امریکہ اب تک ایران کے خلاف جنگ پر 12 ارب ڈالر خرچ کر چکا ہے۔
    • یران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی کا کہنا ہے کہ ایران کے جوہری مراکز ملبے تلے دبے ہیں اور ’فی الحال ہمارے پاس کوئی پروگرام نہیں اور نہ ہی ان کی دوبارہ بحالی کا کوئی منصوبہ ہے۔‘
    • اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ ایران میں بمباری کے لیے اس کے پاس ابھی ’ہزاروں اہداف‘ موجود ہیں۔
  3. بی بی سی کے لائیو پیج میں خوش آمدید!

    بی بی سی کے لائیو پیج میں خوش آمدید۔ پاکستان سمیت دنیا بھر کی اہم خبروں اور تجزیوں کے متعلق جاننے کے لیے بی بی سی کی لائیو پیج کوریج جاری ہے۔

    گذشتہ روز تک کی خبریں جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔