گزشتہ روز کی چند اہم خبریں
آئیے آج کے دن کے آغاز پر گزشتہ روز کی چند اہم خبروں پر ایک نظر ڈالتے ہیں:
- پاکستان میں ساڑھے چار کروڑ بچوں کو پولیو وائرس کی بیماری سے بچانے کے لیے پیر کے روز سے ملک گیر انسداد پولیو مہم کا آغاز کیا گیا۔ مگر جہاں ایک طرف خیبر پختونخوا کے علاقے لکی مروت میں مقامی قبائل پر مشتمل ایک جرگے نے اس مہم کے بائیکاٹ کا اعلان سامنے آیا، تو وہیں سابقہ قبائلی علاقے جنوبی وزیرستان میں پولیو ٹیم کی سکیورٹی پر مامور پولیس اہلکاروں پر نامعلوم افراد نے حملہ کیا تاہم پولیس کے مطابق واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
- گزشتہ روز پاکستان کے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے تھانہ رمنا میں ایک قتل کا مقدمہ درج ہوا ہے جس میں ایک نامعلوم شخص نے انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی کی طالبہ کو گولیاں مار کر قتل کردیا۔ مقتولہ ایمان فیروز انٹرنیشنل اسلامک یونویرسٹی میں ففتھ سمسٹر کی طالبہ تھیں۔
- پاکستان کے صوبہ پنجاب کی پولیس کا کہنا ہے کہ اس نے محکمۂ انسداد دہشتگردی کے ساتھ مل کر میانوالی اور مکڑوال میں ایک مشترکہ آپریشن کے دوران 10 سے زیادہ شدت پسندوں کو ہلاک کیا ہے۔ ایک بیان میں پنجاب پولیس نے کہا کہ ’پنجاب پولیس کا میانوالی اور سی ٹی ڈی کا مکڑوال میں خوارجی دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن۔‘
- فلسطینی ریڈ کریسنٹ سوسائٹی نے طبّی کارکنوں پر حملے سے متعلق اسرائیل کی رپورٹ کو ’جھوٹ کا پلندہ‘ قرار دیا ہے۔ اس سے پہلے اسرائیلی فوج نے کہا تھا کہ غزہ میں 15 طبّی کارکنوں کی ہلاکت ایک آپریشنل غلط فہمی اور احکامات کی خلاف ورزی کے باعث ہوئی۔