آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

لائیو, صدر پزشکیان کے ’نہ جنگ نہ امن‘ کے بیان کے بعد ایرانی وزیرِ خارجہ کے علاقائی ممالک سے رابطے

ایرانی وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے عمان کے وزیرِ خارجہ بدر البوسعیدی کے ساتھ ’مذاکرات کی بحالی کے لیے موزوں حالات‘ اور آبنائے ہرمز میں جہاز رانی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا ہے۔

خلاصہ

لائیو کوریج

  1. بلوچستان میں نامعلوم افراد نے ایک پولیس سٹیشن کو تباہ اور تحصیل آفس کو نذر آتش کر دیا: حکام, محمد کاظم، بی بی سی اردو کوئٹہ

    بلوچستان کے دو اضلاع پشین اور کچھی میں نامعلوم مسلح افراد نے حملہ کر کے ایک پولیس تھانے کو دھماکہ خیز مواد سے تباہ کرنے کے علاوہ ایک تحصیل آفس کو نذر آتش کر دیا ہے۔

    پولیس تھانے کو تباہ کرنے کا واقعہ ضلع پشین کے علاقے سرانان میں پیش آیا۔

    پشین میں پولیس کے ایک اہلکار انور خان نے بی بی سی اردو کو بتایا کہ نامعلوم مسلح افراد جمعرات کو سرانان بازار آئے اور انھوں نے تھانے کے عملے پر قابو پالیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ بعد میں تھانے کو دھماکہ خیز مواد سے اُڑا دیا گیا لیکن اس میں کسی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

    سرانان میں پیش آنے والے اس واقعے کی ذمہ داری کالعدم عسکریت پسند تنظیم بلوچ لبریشن آرمی نے قبول کی ہے۔

    سرانان میں پیش آنے والا اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ

    سرانان انتظامی لحاظ سے کوئٹہ سے متصل ضلع پشین کا حصہ ہے اور یہ کوئٹہ شہر سے شمال میں اندازاً 57 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔

    سرانان اور ضلع پشین کی آبادی مختلف پشتون قبائل پر مشتمل ہے۔ اس علاقے میں یہ اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ ہے، جس کی ذمہ داری کالعدم بی ایل اے نے قبول کی ہے۔

    قوم پرست جماعت پشتونخوا ملی عوامی پارٹی نے سرانان میں پیش آنے والے اس واقعے سمیت زیارت، سنجاوی اور ہرنانی میں رونما ہونے والے بدامنی کے بعض واقعات کی مذمت کی ہے۔

    بیان میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ حساس علاقوں میں سکیورٹی کے موثر انتظامات کیے جائیں تاکہ شہری بلاخوف اپنے معمولات زندگی کو جاری رکھ سکیں۔

    ضلع کچھی میں تحصیل آفس کو کہاں نذرآتش کیا گیا؟

    ضلع کچھی میں تحصیل آفس کو کھٹن کے علاقے میں نذرآتش کیا گیا۔

    کچھی پولیس کے ایک اہلکار زاہد حسین کے مطابق اس علاقے میں مسلح افراد آئے اور انھوں نے تحصیل آفس کو نذرآتش کیا۔

    اہلکار کا کہنا تھا کہ آگ کی وجہ سے تحصیل آفس اور اس میں موجود سرکاری ریکارڈ کو نقصان پہنچا۔

    انھوں نے کہا کہ اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

    ضلع کچھی میں پہلے بھی اس نوعیت کے واقعات پیش آتے رہے ہیں۔

  2. گزشتہ روز کی اہم خبروں کا خلاصہ

    بی بی سی اردو کی لائیو کوریج کا سلسلہ جاری ہے۔

    جمعے کے روز خبروں کا سلسلہ آگے بڑھانے سے پہلے ایک نظر گزشتہ روز کی اہم خبروں کے خلاصے پر ڈال لیتے ہیں۔

    • شام کے وزیرِ خارجہ اسعد الشیبانی نے کہا ہے کہ ان کی حکومت پاکستان، ترکی اور سعودی عرب کے درمیان طے پانے والے مکہ معاہدے کے تحت ممکنہ تعاون یا شمولیت کے حوالے سے اپنے مختلف آپشنز پر غور کر رہی ہے۔
    • وزیراعظم شہباز شریف نے ایک بار پھر اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت بامقصد بات چیت کے لیے تیار ہے تاکہ پاکستان کی معیشت اور جمہوریت کو ترقی دے سکیں۔
    • وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت بانی پی ٹی آئی عمران خان سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر من و عن عملدرآمد کرنے والے اپنے اعلان پر قائم ہے اور اگر ان کے علاج کے لیے ضرورت پڑی تو انھیں بیرونِ ملک بھی بھیجا جا سکتا ہے۔
    • ایران کے سرکاری عہدیداروں کا کہنا ہے کہ ملک میں پٹرول کی یومیہ کھپت تقریباً 135 ملین لیٹر تک پہنچ گئی ہے اور محدود پیداوار، درآمدی مشکلات اور ذخائر پر دباؤ کے باعث صورتحال ایک ’فوری اور نازک مسئلہ‘ بن چکی ہے۔
    • ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے امریکہ کی جانب سے ایران کے خلاف اعلان کیے گئے نام نہاد ’اقتصادی ڈی ڈے‘ پر تنقید کی ہے۔ یاد رہے کہ
    • اس سے پہلے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف ایک ’غیر معمولی اور تباہ کن معاشی کارروائی‘ شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔
    • وسطی افریقی جمہوریہ (سی اے آر) کے مغربی علاقے زامبوئی میں، جو کیمرون کی سرحد کے قریب واقع ہے، سونے کی کان کے ایک علاقے میں لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں 100 سے زائد افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ ایک مقامی سرکاری اہلکار نے بی بی سی کو یہ معلومات فراہم کیں۔
    • ایران کے مرکزی بینک کے سربراہ عبدالناصر ہمتی نے کہا ہے کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت اب تک ایران کو کوئی رقم یا اثاثے جاری نہیں کیے گئے ہیں۔
  3. بی بی سی اردو کے نئے لائیو پیج میں خوش آمدید

    بی بی سی اردو کے نئے لائیو پیج میں خوش آمدید!

    اس صفحے پر آپ کے لیے پاکستان سمیت دنیا بھر سے تازہ خبریں اور اہم تجزیے شامل کیے جاتے ہیں۔

    اگر آپ 20 اگست کی خبریں پڑھنا چاہیں تو اس لنک پر کلک کر سکتے ہیں۔