امریکہ میں شٹ ڈاؤن نیو یارک میں میئر کے انتخاب میں شکست کی بڑی وجہ، ڈیموکریٹس اقتدار میں آئے تو ’بہت خراب صورتحال‘ ہو گی: ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سینیٹرز کے ساتھ گفتگو میں کہا ہے کہ اگر ڈیموکریٹس اقتدار میں آتے ہیں تو ’یہ بہت خراب صورتحال ہو گی۔‘ واضح رہے کہ امریکی شہر نیویارک میں میئر کے انتخاب میں ڈیموکریٹک امیدوار زہران ممدانی پہلے مسلمان میئر منتخب ہو گئے ہیں۔ان کی جیت کو ریپبلکن صدر ٹرمپ کے لیے ایک دھچکا قرار دیا جا رہا ہے

خلاصہ

  • ڈیموکریٹک امیدوار زہران ممدانی نیو یارک کے پہلے مسلمان میئر منتخب ہو گئے
  • صدر آصف علی زرداری نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی کو پاکستان اور قطر کے درمیان دفاع اور دفاعی پیداوار کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی پیشکش کی ہے
  • فلپائن میں سمندری طوفان سے 66 افراد ہلاک، درجنوں لاپتہ
  • امریکہ میں کارگو طیارے کو حادثہ، سات افراد ہلاک
  • واشنگٹن نے غزہ میں بین الاقوامی فورس بنانے کے لیے کوششیں شروع کر دیں

لائیو کوریج

  1. وزیرِ اعظم شہباز شریف نے 27ویں آئینی ترمیم کے لیے پیپلز پارٹی کی حمایت مانگی ہے: بلاول بھٹو

    بلاول، شہباز شریف

    ،تصویر کا ذریعہPID

    پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے 27ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے لیے پی پی پی سے حمایت مانگی ہے۔

    پیر کے روز بلاول بھٹو نے اپنے ایکس اکاؤنٹ سے جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کا ایک وفد وزیرِ اعظم شہباز شریف کی سربراہی میں ان سے اور صدر آصف علی زرداری سے ملا اور پی پی پی سے 27ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے لیے حمایت کی درخواست کی ہے۔

    ان کا کہنا ہے کہ ترمیم میں آئینی عدالتوں کا قیام، ایگزیکٹیو مجسٹریٹس کی بحالی، ججوں کے تبادلے کا اختیار، این ایف سی میں صوبوں کے حصوں کو حاصل تحفظ کا خاتمہ، آرٹیکل 243 میں ترمیم، تعلیم اور بہبود آبادی کی وزارتوں کی وفاق کو دوبارہ منتقلی اور چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی پر پیدا ہونے والے ڈیڈ لاک کے خاتمے کا طریقہ کار جیسے امور شامل ہیں۔

    بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ صدر زرداری کی دوحہ سے واپسی پر چھ نومبر کو اس معاملے پر پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی کا اجلاس ہو گا۔

  2. صدر ٹرمپ کی فوج کو نائیجیریا میں ’اسلامی شدت پسندوں‘ کے خلاف کارروائی کے لیے تیار رہنے کی ہدایت

    ڈونلڈ ٹرمپ

    ،تصویر کا ذریعہreuter

    امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فوج کو حکم دیا ہے کہ وہ نائیجیریا میں ’اسلامی شدت پسندوں‘ کے خلاف کارروائی کے لیے تیار رہے۔ صدر ٹرمپ کا الزام ہے کہ نائیجیریا کی حکومت مسیحیوں کا تحفظ کرنے میں ناکام رہی ہے۔

    صدر ٹرمپ نے یہ واضح نہیں کیا کہ وہ مسیحیوں کی کن ہلاکتوں کا حوالہ دے رہے ہیں۔ تاہم گذشتہ چند ہفتوں سے امریکہ میں دائیں بازو کے حلقوں کی جانب سے یہ دعوے سامنے آ رہے تھے کہ نائیجیریا میں مسیحیوں کی ’نسل کشی‘ کی جا رہی ہے۔

    نائیجیریا میں تشدد کا جائزہ لینے والے گروپس کا کہنا ہے کہ ایسے کوئی شواہد نہیں ملے جس سے یہ پتہ چلتا ہو کہ مسلمانوں سے زیادہ مسیحی مارے گئے ہیں۔

    نائیجیریا کے صدر کے مشیر ڈینیئل بوالا نے بی بی سی کو بتایا کہ شدت پسند گروہوں کے خلاف کوئی بھی فوجی کارروائی مشترکہ ہونی چاہیے۔

    اُن کا کہنا تھا کہ نائیجیریا شدت پسندوں کے خلاف تعاون پر امریکہ کا خیرمقدم کرے گا، لیکن یہ ایک خود مختار ملک ہے۔

    ڈینئل بوالا کا مزید کہنا تھا کہ شدت پسند کسی خاص مذہبی گروہ کو نشانہ نہیں بنا رہے بلکہ وہ تمام مذاہب کے ماننے والوں کو قتل کر رہے ہیں۔

    نائیجیریا کے صدر بولا ٹینیبو کا اصرار ہے کہ ملک میں مذہبی رواداری پائی جاتی ہے اور تمام مذہب اور علاقوں کو سکیورٹی چیلنجز کا سامنا ہے۔

    ٹرمپ نے سنیچر کو اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر لکھا کہ اُنھوں نے امریکہ کے وزارتِ جنگ کو ہدایت دی ہے کہ وہ ’ممکنہ کارروائی‘ کے لیے تیار رہیں۔

    صدر ٹرمپ نے خبردار کیا کہ وہ فوج کو نائیجیریا میں بھیج سکتے ہیں، اگر نائیجیریا کی حکومت نے کوئی مداخلت نہ کی تو اس کی امداد روک سکتے ہیں۔

  3. افغانستان کی زمین کی تہہ میں ایسی کیا چیز ہے جو زیادہ زلزلوں کی وجہ بنتی ہے؟

    افغانستان زلزلہ

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    گذشتہ شب شمالی افغانستان میں آنے والے زلزلے کے نتیجے میں اب تک 20 افراد کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں جبکہ سینکڑوں افراد زخمی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق، زلزلے سے بلخ اور سمنگان صوبے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔

    امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق، زلزلے کی شدت 6.3 تھی اور اس کی گہرائی 28 کلومیٹر (17 میل) تھی۔

    اس سے قبل اگست کے اواخر میں افغانستان کے مشرقی علاقے میں 6.0 شدت کا زلزلہ آیا تھا جس میں ایک ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

    ایسے میں سوال یہ اٹھتا ہے کہ افغانستان کی زمین کی تہہ میں ایسی کیا چیز ہے جو زیادہ زلزلوں کی وجہ بنتی ہے؟

    واضح رہے کہ زلزلہ اس وقت آتا ہے جب زمین کی تہہ بنانے والی ٹیکٹونک پلیٹس میں اچانک حرکت ہوتی ہے۔ جس مقام پر ٹیکٹونک پلیٹس ایک دوسرے سے ٹکراتی ہیں وہاں فالٹ لائنز نامی فریکچر وجود میں آتے ہیں۔

    افغانستان میں زیادہ زلزلے آنے کی ایک بڑی وجہ یہ ہے کہ زمین کے جس مقام پر یہ ملک واقع ہے اس کے عین نیچے متعدد فالٹ لائنز موجود ہیں کیوںکہ یہاں انڈین اور یوریشین ٹیکٹونک پلیٹس ایک دوسرے سے ملتی ہیں۔

    اس متعلق مکمل تحریر پڑھنے لیے یہاں کلک کریں۔

  4. افغانستان میں زلزلے کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 20 ہو گئی، سینکڑوں زخمی

    امدادی کارروائیاں جاری ہیں جبکہ حکام کا کہنا ہے کہ انھیں دور دراز علاقوں تک پہنچنے میں مشکلات کا سامنا ہے

    ،تصویر کا ذریعہReuters

    ،تصویر کا کیپشنامدادی کارروائیاں جاری ہیں جبکہ حکام کا کہنا ہے کہ انھیں دور دراز علاقوں تک پہنچنے میں مشکلات کا سامنا ہے

    اتوار اور پیر کی درمیانی شب شمالی افغانستان میں آنے والے زلزلے میں ہلاکتوں کی تعداد 20 ہو گئی ہے جبکہ سینکڑوں افراد زخمی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق، زلزلے سے بلخ اور سمنگان صوبے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔

    طالبان حکومت کی وزارت صحت کے ترجمان شرافت زمان عمار نے بتایا ہے کہ زلزلے کے نتیجے میں 20 سے زائد افراد ہلاک اور 320 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔

    اس سے قبل مقامی حکام نے بی بی سی کو بتایا تھا کہ امدادی سرگرمیاں جاری ہیں جبکہ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

    طالبان حکومت کے زیر انتظام صوبہ بلخ میں پولیس ہیڈ کوارٹر کے ترجمان حافظ محمد عیسیٰ واثق نے بی بی سی کو بتایا تھا کہ زلزلہ اتنا طاقتور تھا کہ صوبے میں کم از کم ’چار افراد ہلاک‘ اور 120 دیگر زخمی ہوئے۔

    میڈیا کو بھیجے گئے ایک بیان میں سمنگان کے صوبائی پولیس ہیڈکوارٹر کے ترجمان حشمت اللہ رحمانی کا کہنا ہے کہ زلزلے کے نتیجے میں صوبے میں نو افراد ہلاک اور 200 زخمی ہوئے ہیں۔

    حشمت اللہ رحمانی کے مطابق، زلزلے کے باعث درجنوں مکانات بھی منہدم ہو گئے ہیں جن میں سے بیشتر ضلع خلم میں واقع ہیں۔

    زلزلے سے صوبہ قندوز میں بھی جانی اور مالی نقصان کی اطلاعات ہیں۔

    امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق، زلزلے کی شدت 6.3 تھی اور اس کی گہرائی 28 کلومیٹر (17 میل) تھی۔ ادارے نے خبردار کیا تھا کہ زلزلے کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر ہلاکتوں اور تباہی کا خدشہ ہے۔

  5. مجھے نہیں لگتا کہ امریکہ وینزویلا کے ساتھ جنگ شروع کرنے جا رہا ہے: ڈونلڈ ٹرمپ

    ٹرمپ

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وینزویلا کے ساتھ جنگ کے امکان کو مسترد کر دیا ہے تاہم ان کا کہنا ہے کہ وینزویلد کے صدر کے طور پر نکولس مادورو کے دن گنے جا چکے ہیں۔

    ایک سوال کے جواب میں کہ کیا امریکہ وینزویلا کے خلاف جنگ چھیڑنے جا رہا ہے، امریکی صدر نے سی بی ایس کو بتایا: ’مجھے یقین نہیں کہ ایسا کچھ ہو گا۔ مجھے ایسا نہیں لگتا۔ لیکن وہ ہمارے ساتھ بہت برا سلوک کر رہے ہیں۔‘

    صدر ٹرمپ کا بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکہ کیریبین میں مبینہ طور پر منشیات کی سمگلنگ میں ملوث کشتیوں پر حملے جاری رکھے ہوئے ہے۔

    ٹرمپ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ حملے منشیات امریکہ میں داخل ہونے سے روکنے کے لیے ضروری ہیں۔

    امریکی صدر نے ان الزامات کی تردید کی ہے کہ امریکی کارروائیوں کا مقصد منشیات کی سمگلنگ روکنا نہیں بلکہ وینزویلا کے صدر کو اقتدار سے ہٹانا ہے جو ایک طویل عرصے سے ٹرمپ کے مخالف سمجھے جاتے ہیں۔

    صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ یہ ’بہت سی چیزوں‘ کے متعلق ہے۔

    بی بی سی کے امریکہ میں پارٹبر سی بی ایس نیوز کی رپورٹ کے مطابق، ستمبر کے اوائل سے کیریبین اور مشرقی بحرالکاہل میں امریکی حملوں میں کم از کم 64 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

    جب صدر ٹرمپ سے پوچھا گیا کہ آیا امریکہ وینزویلا پر زمینی حملے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے تو انھوں نے اس کے امکان کو مسترد کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا: ’میں آپ سے یہ تو نہیں کہوں گا کہ میں ایسا کروں گا... میں آپ کو یہ نہیں بتاؤں گا کہ میں وینزویلا کے ساتھ کیا کرنے والا ہوں، کیا میں ایسا کرنے والا ہوں یا میں ایسا نہیں کرنے والا۔‘

  6. حماس کا مزید تین یرغمالیوں کی لاشیں واپس کرنے کا دعویٰ

    غزہ

    ،تصویر کا ذریعہEPA/Shutterstock

    اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ حماس نے مزید تین تابوت ان کے حوالے کیے ہیں جن کے بارے میں حماس کا کہنا ہے کہ ان میں غزہ کے یرغمالیوں کی لاشیں ہیں۔

    اسرائیلی فوج نے غزہ میں ریڈ کراس کے ذریعے تابوت وصول کیے ہیں اور انھیں شناخت کے لیے اسرائیل پہنچا دیا گیا ہے۔

    اگر تصدیق ہو جاتی ہے کہ یہ یرغمالیوں کی لاشیں ہیں تو اس کے بعد صرف آٹھ اسرائیلی اور غیر ملکی مقتول یرغمالیوں کی لاشیں غزہ میں باقی رہ جائیں گی۔

    گذشتہ ماہ امریکی ثالثی میں ہونے والے جنگ بندی معاہدے کے پہلے مرحلے کے تحت حماس نے اپنے زیر حراست 20 زندہ اور 28 مردہ یرغمالیوں کو واپس کرنے پر رضامندی ظاہر کی تھی۔

    اسرائیل حماس پر مقتول یرغمالیوں کی لاشیں واپس کرنے میں بہت سست روی سے کام لینے کا الزام عائد کرتا آیا ہے جبکہ حماس کا کہنا ہے کہ وہ غزہ میں ملبے تلے پھنسی لاشوں کو نکالنے کے لیے کام کر رہی ہے۔

    حماس کے مسلح ونگ القسام بریگیڈز نے کہا کہ یہ باقیات اتوار کو ’جنوبی غزہ میں سرنگوں میں سے ایک کے راستے سے‘ ملی ہیں۔

    دوسری جانب، حماس کے زیرانتظام وزارت صحت کے مطابق، اتوار کے روز اسرائیلی فضائی حملے میں شمالی غزہ میں ایک شخص ہلاک ہو گیا ہے۔

    اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ایک جنگجو کو نشانہ بنایا جو اس کے فوجیوں کے لیے خطرہ تھا۔

  7. افغانستان میں 6.3 شدت کا زلزلہ، کم از کم آٹھ افراد ہلاک

    افغانستان

    اتوار اور پیر کی درمیانی شب شمالی افغانستان کے صوبہ بلخ کے دارالحکومت مزار شریف کے قریب زلزلہ آیا ہے۔ مقامی حکام کے مطابق، زلزلے کے نتیجے میں کم از کم آٹھ افراد ہلاک ہونے ہیں۔

    امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق، زلزلے کی شدت 6.3 تھی اور اس کی گہرائی 28 کلومیٹر (17 میل) تھی۔ ادارے کا کہنا ہے کہ زلزلے کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر ہلاکتوں اور تباہی کا خدشہ ہے۔

    محکمہ صحت کے ایک ترجمان نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ زلزلے کے نتیجے میں 180 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ صوبہ بلخ میں طالبان کے ایک ترجمان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں بتایا ہے کہ زلزلے کے نتیجے میں شولگرہ ضلع میں چار افراد ہلاک اور متعدد افراد زخمی ہیں۔

    بی بی سی آزادانہ طور پر ان اعداد و شمار کی تصدیق نہیں کر سکا ہے۔

    اس سے قبل ایک بیان میں حاجی زید کا کہنا تھا کہ انھیں ’صوبے کے تمام اضلاع سے معمولی زخمیوں اور سطحی نقصانات کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔‘

    ان کا کہنا تھا کہ زیادہ تر لوگوں کو اونچی عمارتوں سے گرنے کی وجہ سے چوٹیں آئی ہیں۔

    تقریباً پانچ لاکھ افراد مزار شریف میں آباد ہیں۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی خبر کے مطابق، زلزلہ کے بعد شہر کے بہت سے رہائشی سڑکوں پر نکل آئے کیونکہ انھیں خوف تھا کہ ان کے مکانات گر جائیں گے۔

    بلخ میں طالبان کے ترجمان نے ایکس پر ایک ویڈیو بھی پوسٹ کی ہے جس میں مزار شریف کی تاریخی نیلی مسجد کا ملبہ زمین پر پھیلا ہوا دکھائی دے رہا ہے۔

    کابل میں پولیس کے ترجمان خالد زدران نے ایکس پر لکھا کہ پولیس کی ٹیمیں ’صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔‘ ترجمان کے مطابق، مزار شریف کے قریب سمنگان صوبے سے بھی متعدد ہلاکتوں کی اطلاعات ہیں۔

    اس سے قبل اگست کے اواخر میں افغانستان کے مشرقی علاقے میں 6.0 شدت کا زلزلہ آیا تھا جس میں ایک ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

  8. گذشتہ روز کی اہم خبریں

    • امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ’اگر نائجیریا کی حکومت مسیحیوں کے قتل رکوانے میں ناکام رہتی ہے تو امریکہ فوراً نائجیریا کو دی جانے والی تمام امداد بند کر دے گا اور ضرورت پڑنے پر ملک میں داخل ہو کر شدت پسندوں کے خلاف کارروائی کر سکتا ہے۔
    • پاکستان کے وزیرِ دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ ’افغانستان کے حوالے سے پاکستان کی سکیورٹی پالیسیوں پر تمام پاکستانیوں بشمول ملک کی سیاسی اور عسکری قیادت میں مکمل اتفاق رائے موجود ہے۔‘
    • خیبر پختونخوا کے شہر ہنگو کے علاقے دوآبہ میں پولیس قافلے کو آئی ای ڈی حملے کا نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں ایس ایچ او سمیت دو اہلکار زخمی ہو گئے ہیں۔
    • برطانیہ میں ٹرین پر چاقو حملے کے نتیجے میں 11 افراد زخمی ہو گئے ہیں جبکہ حملے کے الزام میں ایک شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
  9. بی بی سی کے لائیو پیج میں خوش آمدید!

    بی بی سی کے لائیو پیج میں خوش آمدید۔ پاکستان سمیت دنیا بھر کی اہم خبروں اور تجزیوں کے متعلق جاننے کے لیے بی بی سی کی لائیو پیج کوریج جاری ہے۔

    گذشتہ روز تک کی خبریں جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔