روس کا بیلسٹک میزائلوں سے کیئو پر حملہ، ایک شخص ہلاک، متعدد زخمی

،تصویر کا ذریعہReuters
روس نے یوکرین کے دارالحکومت کیئو پر بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز سے بڑے پیمانے پر حملے کیے ہیں جن میں کم از کم ایک شخص ہلاک اور 14 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
یوکرینی حکام کے مطابق رات بھر کیئو اور اس کے گردونواح کے متعدد علاقوں کو نشانہ بنایا گیا۔ صدر وولودیمیر زیلنسکی نے اسے روس کے یوکرین پر حملے کے آغاز کے بعد سے کیئو پر ہونے والے ’سب سے بڑے بیلسٹک حملوں میں سے ایک‘ قرار دیا ہے۔
یوکرینی فوج کا کہنا ہے کہ فضائی دفاعی نظام نے داغے گئے 41 میزائلوں میں سے 18 کو تباہ کر دیا، جبکہ 108 ڈرون بھی مار گرائے گئے۔

،تصویر کا ذریعہEPA
دوسری جانب یوکرین نے بھی روسی تنصیبات پر اپنے حملے جاری رکھے ہوئے ہیں۔ یوکرینی فوج کے مطابق ڈرون حملوں میں بحیرۂ اسود میں موجود روس کے دو آئل ٹینکروں کو نشانہ بنایا گیا۔
کیسپین پائپ لائن کنسورشیم، جو قازقستان کا خام تیل روس کی بحیرۂ اسود کی بندرگاہ نووروسیسک تک پہنچاتا ہے، نے تصدیق کی کہ اس کے ٹرمینل کو بھی حملے میں نقصان پہنچا، تاہم کسی جانی نقصان یا تیل کے اخراج کی اطلاع نہیں ملی۔
ادھر روس کے جنوب مغربی علاقے سٹاوروپول کے گورنر نے کہا کہ ایک ڈرون حملے کے نتیجے میں ایک صنعتی پارک میں آگ لگ گئی۔
یوکرینی فضائیہ کے مطابق روس نے حالیہ حملوں میں سکندر اور ہائپر سونک زرکون میزائلوں سمیت مختلف ہتھیار استعمال کیے، جبکہ مجموعی طور پر 125 ڈرون بھی حملوں میں شامل تھے۔

،تصویر کا ذریعہReuters
کیئو کے میئر ویتالی کلیچکو نے بتایا کہ حملوں کے نتیجے میں رہائشی اور غیر رہائشی عمارتوں کو نقصان پہنچا، جن میں ایک سپر مارکیٹ، طلبہ کی رہائش گاہ اور دو گودام بھی شامل ہیں، جہاں آگ بجھانے کے لیے فائر فائٹرز کارروائیاں کرتے رہے۔
صدر زیلنسکی نے ٹیلیگرام پر اپنے بیان میں دعویٰ کیا کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران روس نے یوکرین پر تقریباً ایک ہزار 450 حملہ آور ڈرون، ایک ہزار 640 سے زائد گائیڈڈ بم اور مختلف نوعیت کے 99 میزائل داغے ہیں۔










