’ایکس‘ کے غلط استعمال سے متعلق حکومت پاکستان کے احکامات کی پاسداری نہ ہونے پر پابندی لگائی: وزارتِ داخلہ
وفاقی وزارتِ داخلہ نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ کی بندش کے حوالے سے جمع کردہ ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ اس پلیٹ فارم نے غلط استعمال کی روک تھام سے متعلق حکومت پاکستان کے احکامات کی پاسداری نہیں کی جس کے باعث اس پر پابندی لگانا ضروری تھا۔
خلاصہ
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کی سربراہی میں ایک وفد پیر کو اسلام آباد پہنچا ہے جس کا استقبال پاکستانی وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کیا
حالیہ بارشوں اور سیلاب سے خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں حادثات سے آٹھ افراد ہلاک اور 12 زخمی ہوئے ہیں
محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا نیا سلسلہمنگل سے شروع ہو رہا ہے
وزیر اعظم شہباز شریف نے شدید بارشوں اور سیلاب سے نمٹنے کے لیے این ڈی ایم اے کو خصوصی ہدایات جاری کی ہیں
بلوچستان حکومت نے شدید بارشوں کی وجہ سے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں اربن فلڈنگ ایمرجنسی نافذ کی
لائیو کوریج
بارشوں کے حالیہ سلسلے میں خیبرپختونخوا میں چار روز کے دوران 21 افراد ہلاک 32 زخمی, عزیز اللہ خان، بی بی سی اردوڈاٹ کام، پشاور
،تصویر کا ذریعہDist Admin
خیبرپختون خوا میں گزشتہ چار روز کے دوران تیز بارشوں کے باعث جانی و مالی نقصانات کی رپورٹ پی ڈی ایم اے نے جاری کر دی ہے جس کے مطابق بارشوں کے حالیہ سلسلے میں بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں اب تک 21 افراد ہلاک اور 32 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق مرنے والوں میں نو بچے، تین خواتین اور نو مرد شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں چار بچوں سمیت پانچ خواتین اور 23 مرد شامل ہیں۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق مختلف اضلاع میں دیواریں اور چھتیں گرنے سے مجموعی طور پر 330 مکانات کو نقصان پہنچا جس میں 53 گھروں کو مکمل جبکہ 277 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔
ادارے کے مطابق تیز بارش کے باعث حادثات خیبر، دیر اپر و لوئر، چترال لوئر، سوات، باجوڑ، شانگلہ، مانسہرہ، مہمند، مالاکنڈ، کرک، ٹانک، مردان، پشاور، چارسدہ، بونیر، ہنگو، بٹگرام، بنوں، شمالی وزیرستان، کوہاٹ اور اورکزئی میں رونما ہوئے ہیں .
پی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی جانب سے متعلقہ ضلعی انتظامیہ اور اداروں کو متاثرہ خاندان کو فوری طورپر امداد اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت
کی گئی ہے۔
انتخابات میں دھاندلی کے مبینہ الزامات، سابق کمشنر راولپنڈی نےاندراج مقدمہ کی درخواست پر اپنا جواب جمع کروا دیا
راولپنڈی کی مقامی عدالت میں سابق کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چھٹہ کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست پر سماعت کیس کی سماعت
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج حاکم خان بکھر نے کی۔
دوران سماعت لیاقت علی چھٹہ کی جانب سے ان کے وکیل نے عدالت میں پیش ہوکر جواب جمع کروایا جس میں کہا گیا ہے کہ ’میرے خلاف دو انکوائریاں چل رہی ہیں،ان میں پیش ہو رہا ہوں، ایک انکوائری الیکشن کمیشن اور دوسری محکمانہ طور پر چل رہی ہے۔‘
لیاقت علی چھٹہ نے تحریری جواب میں بتایا کہ ان کی جانب سے عدالت میں وکیل پیش ہوں گے۔ عدالت نے سابق کمشنر کی جانب سے جواب جمع کرانے پر سماعت 20 اپریل تک ملتوی کر دی۔
یاد رہے کہ زیب فیاض ایڈوکیٹ
نے سابق کمشنر کے خلاف 22 اے کی درخواست دائر کر رکھی ہے جس میں لیاقت
علی چھٹہ کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی استدعا کی گئی ہے اور مؤقف اپنایا ہے کہ ’تھانہ سول میں درخواست دینے کے باوجود مقدمہ درج نہیں کیا گیا، سابق کمشنر راولپنڈی نے پریس کانفرنس کر کے اپنے جرم کا اعتراف کیا، 17 فروری کو پریس کانفرنس کی اور روپوش ہو گئے۔‘
عدالت نے 14 مارچ کو سابق کمشنر راولپنڈی کو طلبی کا نوٹس جاری کیا تھا۔ یاد رہے کہ عام انتخابات کے تقریباً 10 دن بعد کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ مُجھے نگران حکومت نے الیکشن کروانے کے لیے لگوایا گیا تھا، الیکشن ٹھیک نہیں کروا سکا لہٰذا میں استعفیٰ دیتا ہوں۔‘
پیٹرول کی قیمت میں 4.53 روپے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 8.14 روپے کا اضافہ
،تصویر کا ذریعہGetty Images
حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا ہے جس کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں چار روپے 53 پیسے اور ہائی سپیڈ ڈیزل میں فی لیٹر 8 روپے 14 پیسے اضافہ کر دیا گیا ہے۔
حکومت کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق حالیہ اضافے کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 293 روپے 94 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے جب کہ ڈیزل کی نئی قیمت 290 روپے 38 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے عالمی مارکیٹ میں ہونے والے قیمتوں کے رد و بدل کی بنیاد پر مقامی سطح پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تبدیلی کا تعین کیا ہے۔
،تصویر کا ذریعہMinistry of petroleum
واضح رہے کہ اس سے قبل 31 مارچ کو پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 9 روپے 66 پیسے کا اضافہ کیا تھا۔
سعودی وفد کی ’دو طرفہ تعاون اور اقتصادی شراکت داری کے لیے‘ اسلام آباد آمد
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کی سربراہی میں ایک وفد پیر کو اسلام آباد پہنچا ہے جس کا استقبال پاکستانی وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کیا۔
سرکاری بیان کے مطابق سعودی وفد کے دورے کے دوران مختلف معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط ہوں گے جبکہ سعودی وفد پاکستان میں قیام کے دوران سرمایہ کاری کے مواقع کا بھی جائزہ لے گا۔
سعودی وفد کی صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ملاقاتیں متوقع ہیں۔
پاکستانی دفتر خارجہ کے مطابق دونوں ملکوں کے وزرا خارجہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کاری کونسل (ایف آئی ایف سی) سے ملاقاتیں کریں گے۔ ’اس دورے کا مقصد دوطرفہ تعاون اور اقتصادی شراکت داری کو فروغ دینا ہے۔‘
اس تحریر میں ایسا مواد ہے جو X کی جانب سے دیا گیا ہے۔ کسی بھی چیز کے لوڈ ہونے سے قبل ہم آپ سے اجازت چاہتے ہیں کیونکہ یہ ممکن ہے کہ وہ کوئی مخصوص کوکیز یا ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہوں۔ آپ اسے تسلیم کرنے سے پہلے X ککی پالیسی اور پرائیویسی پالیسی پڑھنا چاہیں گے۔ اس مواد کو دیکھنے کے لیے ’تسلیم کریں، جاری رکھیں‘ پر کلک کریں۔
تنبیہ: بی بی سی دیگر ویب سائٹس کے مواد کی ذمہ دار نہیں ہے۔
X پوسٹ کا اختتام
عدت کیس کی سماعت 24 اپریل تک ملتوی, شہزاد ملک/ بی بی سی اردو، اسلام آباد
سابق وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری بی بی کے خلاف عدت کے دوران نکاح کے مقدمے میں سزا کے خلاف دائر کی گئیں اپیلوں پر سماعت 24 اپریل تک ملتوی کر دی گئی۔
سماعت کے دوران بشری بی بی کے سابق شوہر خاور مانیکا کے وکیل راجہ رضواب عباسی نے دلائل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس کیس میں دو بڑے اہم گواہان کے بیانات موجود ہیں اور کیس کے اہم گواہان کے مطابق عدت کے دوران نکاح کیا گیا۔
انھوں نے کہا کہ
نکاح خواں نے دونوں سے نکاح کے تمام تر تقاضے مکمل ہونے کا پوچھا تھا۔
ان اپیلبوں کی سماعت کرنے والے جج نے خاور مانیکا کے وکیل سے استفسار کیا کہ کیا نکاح سے متعلق میٹیریل کے لیے عمران خان سے بھی پوچھا گیا تھا؟ جس پر راجہ رضوان عباسی کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ہی نکاح خواں کو دوبارہ نکاح کے لیے کہا تھا۔
انھوں نے کہا کہ شواہد موجود ہیں کہ ’دونوں مجرمان عدت میں نکاح سے متعلق آگاہ تھے۔‘ انھوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی، بشریٰ بی بی کے وکلا شواہد کو جھٹلا نہیں سکتے۔ انھوں نے کہا کہ عمران خان اور اور بشریٰ بی بی کی شادی ’فراڈ تھی جو ثابت بھی ہوئی۔‘
خاورمانیکا کے وکیل کا کہنا تھا کہ ان کے موکل کو عدت میں رجوع کرنے کے حق سے محروم رکھا گیا اور خاورمانیکا کے بچوں سے بھی حقوق چھین لیے گئے۔ انھوں نے کہا کہ دورانِ عدت شادی کی تو ’کوئی اہمیت ہی نہیں۔‘
انھوں نے کہا کہ یکم جنوری 2018 کو ہونے والے نکاح کو ثبوتوں کے ساتھ ثابت کیا کہ شادی غیر قانونی تھی۔
راجہ رضوان عباسی کا کہنا تھا کہ سابق شوہر خاور مانیکا کی درخواست بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا تھا اور خاور مانیکا کی شکایت پر 496 اور 496 بی کے دفعات شامل ہوئیں۔
انھوں نے کہا کہ ٹرائل کورٹ نے 496 بی کی دفعہ کو حذف کر کے 496 کے تحت سزا سنائی تھی جبکہ دونوں ملزمان نے فرد جرم عائد ہونے پر صحت جرم سے انکار کیا تھا۔
خاور مانیکا کے وکیل رضوان عباسی کا دلائل کے لیے مئی کے پہلے ہفتے تک سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کی جبکہ عمران خان اور بشری بی بی کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے سماعت ملتوی کرنے کی مخالفت کی۔
عدالت نے راجہ رضوان عباسی سے استفسار کیا کہ انھیں دلائل مکمل کرنے میں مزید کتنا وقت درکار ہوگا جس پر عدالت کو بتایا گا کہ انھیں مزید تین سے چار گھنٹے درکار ہوں گے۔
عدالت نے ان اپیلوں پر سماعت 24 اپریل تک ملتوی کر دی جس پر عمران خان اور بشری بی بی کے وکیل سلمان اکرم راجہ سے اختلاف کیا اور 16 اپریل کو ان اپیلوں کی سماعت دوبارہ مقرر کرنے کی استدعا کی جسے عدالت نے منظور نہیں کیا۔
خیبر پختونخوا میں شدید بارشوں اور سیلاب کے دوران حادثات میں آٹھ ہلاکتیں، بارشوں کا نیا سلسلہ منگل سے, عزیز اللہ خان، بی بی سی اردو
،تصویر کا ذریعہEPA
حالیہ بارشوں اور سیلاب سے خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں حادثات سے آٹھ افراد ہلاک اور 12 زخمی ہوئے ہیں جبکہ محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا نیا سلسلہ کل یعنی منگل سے شروع ہو رہا ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے شدید بارشوں اور سیلاب سے نمٹنے کے لیے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کو خصوصی ہدایات جاری کی ہیں۔
قدرتی آفات سے نمٹنے والے صوبائی ادارے پی ڈی ایم اے کے مطابق خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں کہیں مکانات کی چھتیں گر گئی ہیں تو کہیں کہیں سیلابی ریلوں میں لوگ یا ان کے مویشی بہہ گئے ہیں۔ ہلاک ہونے والوں میں چار بچے، تین مرد اور ایک خاتون شامل ہیں۔
جنوبی ضلع ٹانک میں وزیرستان سے آنے والے ریلے میں مسافر پک اپ بہہ گئی ہے جس میں سوار دو افراد ہلاک جبکہ تین کو زخمی حالت میں نکال لیا گیا۔
اسی طرح شمالی علاقوں میں ضلع لوئر دیر میں گھر کی چھت گر گئی جس میں مقامی لوگوں کے مطابق ملبے تلے چار افراد دب گئے ہیں جن میں سے ایک خاتون ہلاک ہوئی ہیں۔ باقی افراد کو نکالنے کے لیے ریسکیو 1122 کے اہلکار ملبہ ہٹانے میں مصروف ہیں۔
سابقہ قبائلی علاقے ضلع باجوڑ میں کمرے کی چھت گر گئی جس میں ریسکیو 1122 کو موصول ہونے والی اطلاع کے مطابق دو بچیاں ملبے تلے دب گئیں۔
ضلع لوئر کوہستان میں دبیر ڈیم کے قریبی علاقوں میں دریا میں پانی کی سطح بلند ہونے کی وجہ سے لوگوں نے اپنے مکان خالی کر کے قریبی علاقوں میں نقل مکانی کر لی ہے۔
مقامی شہری نعمت خان نے بتایا کہ دبیر ڈیم کے گیٹ اچانک کھول دیے جاتے ہیں جس سے رنوالیہ میں لوگ متاثر ہوتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جب بارشیں آتی ہیں یا ڈیم کی صفائی کی جاتی ہے تو اس سے ان کے علاقے میں آفت آجاتی ہے اور ان کے لیے مشکلات بڑھ جاتی ہیں۔ اس علاقے میں ڈیم کے قریب دس سے بارہ مکان ہیں۔ مقامی صحافی نے بتایا کے ڈیم کے نیچے دس سے بارہ کلومیٹر راستہ ہے جہاں سیلابی پانی سے مختلف مقامات پر راستے بند ہیں اور لوگ اپنے علاقے میں پھنس گئے ہیں۔
انتظامیہ کے مطابق ڈیم کے گیٹ نہیں کھولے گئے بلکہ بارشوں سے سیلابی صورتحال بن گئی ہے۔
ضلع خیبر میں ایک سکول کے قریب تیز بارش کی وجہ سے عبدالرازق نامی شخص کی کمرے کی چھت گر گئی جس کے ملبے تلے خواتین اور بچوں سمیت نو افراد دب گئے۔ ریسکیو 1122 کے ترجمان کے مطابق میڈیکل اور ڈیزاسٹر ٹیمیں اطلاع ملتے ہی جائے وقوع پہنچ گئیں جہاں سے تمام زخمیوں کو نکال کر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ادھر چترال کے مختلف علاقوں میں بھی بارشوں اور سیلابی ریلوں کی وجہ سے سڑکوں اور مکانات کو نقصان پہنچا ہے جبکہ چترال اور ادھر دیر کے قریب پہاڑوں پر برف باری کا سلسلہ بھی شروع ہوا ہے۔
خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں گذشتہ دو روز سے بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جبکہ محکمہ موسمیات کے مطابق کل یعنی منگل کے روز بارشوں کا ایک اور سلسلہ شروع ہونے کی توقع ہے جو 21 اپریل تک جاری رہے گا۔
یہ نیا سسٹم بلوچستان میں کل منگل اور بدھ کے روز داخل ہوگا اور پھر ملک کے دیگر علاقوں میں برسے گا۔
حالیہ بارشوں سے صوبے کے مختلف علاقوں میں فصلوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ ان میں زیادہ نقصان گندم کی فصل کو ہوا ہے جو کٹائی کے قریب تھی۔
مقامی انتظامیہ کے مطابق دریائے سوات اور دریائے کابل میں نوشہرہ کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب ہے جبکہ چترال میں دروش نالے میں سیلابی ریلہ آیا ہے جو آبادی میں داخل ہوا ہے۔ ان علاقوں میں دریاؤں کے قریب آبادیوں کو محتاط رہنے کا کہا گیا ہے۔
کوئٹہ میں اربن فلڈنگ ایمرجنسی
ادھر صوبہ بلوچستان میں بھی حالیہ بارشوں سے بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ہے جس کے بعد دو روز کے لیے تعلیمی ادارے بند کر دیے گئے ہیں۔
بلوچستان کے مختلف علاقوں میں 12 اپریل سے شروع ہونے والی بارشوں میں اب تک سات افراد ہلاک ہوئے ہیں جن میں پانچ افراد آسمانی بجلی گرنے سے ہلاک ہوئے ہیں۔
پی ڈی ایم اے کے حکام کے مطابق آسمانی بجلی سے دو افراد ڈیرہ بگٹی اور دو افراد سوراب میں ہلاک ہوئے ہیں جبکہ ایک پشین میں ہلاک ہوا ہے۔
لورالائی اور کیچ میں مکانات کی چھتیں گرنے سے دو افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
ترجمان حکومت بلوچستان شاہد رند نے میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ حالیہ بارشوں اور سیلاب سے صوبے کے سات اضلاع زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کوئٹہ سٹی ایریا سے پانی کا اخراج کردیا گیا ہے جبکہ دیہی علاقوں میں پانی نکالنے کا عمل جاری ہے۔
خیال رہے کہ بلوچستان
حکومت نے شدید بارشوں کی وجہ سے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں اربن فلڈنگ ایمرجنسی
نافذ کی تھی۔
ملک کے مختلف حصوں میں بارشیں،عمر خیل کے قریب پک اپ گاڑی سیلابی ریلے میں بہنے سے ایک شخص ہلاک ، سات ماہ کا بچہ تاحال لاپتہ, عزیز اللہ خان، بی بی سی اردوڈاٹ کام، پشاور
،تصویر کا ذریعہDist admin
،تصویر کا کیپشندریائے سوات خیالی کےمقام پر اونچے درجہ کا سیلاب کی اطلاعات ہیں۔
ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کا حالیہ سلسلہ 12 اپریل سے جاری ہے جس سے مختلف مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ،اربن فلڈنگ، ندی نالوں میں طغیانی اور سیلابی صورتحال کے باعث نقصانات کی اطلاعات موصول ہو رہی پیں۔
خیبرپختون خوا کے علاقے ٹانک میں عمر خیل کے قریب پک اپ گاڑی سیلابی ریلے میں بہہ گئی ہے جس میں سات ماہ کا بچہ تاحال لاپتہ ہے۔
ڈی سی ٹانک شعیب خان کے مطابق نواحی علاقہ عمر خیل میں سیلابی ریلے سے بہہ جانے والی پک اپ میں سوار دو افراد ہلاک جبکہ تین زخمی ہو گئے ہیں۔
ریسکیو1122 ٹانک کے مطابق ایمرجنسی کی اطلاع ریسکیو کنٹرول روم کو موصول ہونے پر متاثرین کو موقعے پرطبی امداد دے کر ڈی ایچ کیو ٹانک منتقل کررہی ہیں جبکہ غوطہ خور ٹیم بچے کو تلاش کرنے کے لیے مصروف ہے۔
ضلع کوہستان میں دبیر ڈیم کے قریبی علاقوں میں دریا میں پانی کی سطح بلند ہونے کی وجہ سے لوگوں نے اپنے مکان خالی کر کے قریبی علاقوں میں نقل مکانی کر لی ہے۔
مقامی شہری نعمت خان کے مطابق دبیر ڈیم کے گیٹ اچانک کھول دیے جاتے ہیں جس سے رنوالیہ میں لوگ متاثر ہوتے ہیں۔
،تصویر کا ذریعہDist admin
دوسری جانب لوئر دیر میں خال لقمان بانڈہ کے علاقے میں گھر کا چھت گر نے سے چار افراد دب گئے۔ ریسکیو اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر ایک خاتون کو ملبے تلے سے نکالل کر طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ہسپتال منتقل کر دیا جبکہ باقی افراد کو نکالنے کیلئے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
باجوڑدوسری جانب باجوڑ کے علاقے کوہی ڈھیرئی میں کمرے کا چھت گرگئی جن میں دبے بچوں کو نکلنے کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
دریائے سوات خیالی کےمقام پر اونچے درجہ کا سیلاب کی اطلاعات ہیں۔ لوئر چترال میں بارش کے بعد آج صبح سے ہلکی برف باری کا سلسہ شروع ہو چکا ہے۔
،تصویر کا ذریعہRescue 1122
سوات کے علاقے مٹہ شوخدڑہ میرہ میں گھر کا چھت گرنے سے 40 سے زائد بھیڑیاں ملبے تلے دب گئے۔ ریسکیو 1122 کے مطابق اب تک 19 تک بھیڑیوں کو ملبے تلے سے زندہ ریسکیو کر لیا ہے۔
پی ڈی ایم اے خیبرپختونخوا کے مطابق 12 اپریل سے اب تک بارش کے باعث ہلاکتوں کی تعداد آٹھ ہو چکی ہے جبکہ 12 سے زائد زخمی ہیں۔
یاد رہے کہ سنیچر کے روز بلوچستان اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ آسمانی بجلی گرنے کے غیر معمولی واقعات میں کم از کم 26 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
بلوچستان:بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں اربن فلڈ ایمرجنسی نافذ، سرکاری اور نجی اسکول بند
،تصویر کا ذریعہPDMA Balochistan
بلوچستان میں حالیہ بارشوں کے سبب متاثرہ علاقوں میں رین اور اربن فلڈ ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے جس کے تحت تمام سرکاری افسران اور عملے کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں۔ بارشوں سے متاثرہ اضلاع میں 15 اور16اپریل کو سرکاری اور نجی اسکول بھی بند رہیں گے۔
ترجمان حکومت بلوچستان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے بارشوں سے تباہی کی صورت حال کے باعث تمام افسران اورعملے کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں۔ بیان کے مطابق بارشوں سے متاثرہ اضلاع میں پندرہ اور سولہ اپریل کو سرکاری اور نجی اسکول بند رہیں گے۔
بیان کے مطابق ’بارشوں کی صورتحال پر وزیر اعلی بلوچستان سرفراز بگٹی کی زیر صدارت صوبے کے ڈویژنل کمشنرز اور پی ڈی ایم اے حکام کا آن لائن اجلاس ہوا جس میں صوبے کی مجموعی بارشوں کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔
،تصویر کا ذریعہDC Kech
،تصویر کا کیپشنڈی سی کیچ حسین جان بلوچ اتوار کے روز کیچ کے مختلف علاقوں میں بارشوں سے شدید نقصانات ہوئے
بیان کے مطابق وزیراعلی بلوچستان سرفراز بگٹی کا نکاسی آب نہ ہونے کی عوامی شکایات پر اظہار برہمی کیا اور ہدایت کی کہ تمام فیلڈ آفیسرزموجودہ وسائل سے سپورٹ فراہم کریں گے۔
وزیر اعلی بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا کہ فیلڈ افسران نکاسی آب کے نالوں پر موجود تجاوزات کو ختم کریں۔
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آج دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچیں گے
،تصویر کا ذریعہRadio Pakistan
سعودی وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کی سربراہی میں سعودی وفد آج پاکستان کا دو روزہ دورہ کرے گا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وفد کے دورے کا مقصد بہتر دوطرفہ تعاون اور اقتصادی شراکت داری پر مثبت اثر ڈالنا ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق سعودی وفد کا دورہ وزیراعظم شہبازشریف کے دورہ سعودی عرب کا تسلسل ہے۔
خیال رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کےحالیہ دورے میں سعودی قیادت نے پاکستان میں سرمایہ کاری کی یقین دہانی کرائی تھی۔
رجمان دفتر خارجہ کے مطابق وفد میں سعودی وزیر پانی و زراعت انجینیئرعبدالرحمان عبدالمحسن الفادلی، سعودی نائب وزیر سرمایہ کاری بدر البدر، سعودی خصوصی کمیٹی کے سربراہ محمد مازید التویجری اور دیگر شامل ہیں۔
وفد میں سعودی وزارت توانائی اور سعودی فنڈ برائے عمومی سرمایہ کاری کے سینیئر حکام بھی شامل ہوں گے۔
سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور وزیراعظم شہباز شریف کی ملاقات کے بعد مشترکہ اعلامیے میں پاکستان میں 5 ارب ڈالر مالیت کے سعودی سرمایہ کاری پیکج کا پہلامرحلہ جلد مکمل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا تھا۔
آئی ایم ایف اور عالمی بینک کے سالانہ اجلاسوں کا آج سے آغاز، پاکستانی وفد اجلاسوں میں شرکت کرے گا
،تصویر کا ذریعہRadio Pakistan
عالمی مالیاتی فنڈز اور عالمی بینک کے سالانہ اجلاسوں کا آغاز آج سے واشنگٹن میں ہو رہا ہے۔
یہ اجلاس 20 اپریل تک جاری رہیں گے۔
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگ زیب آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کی سالانہ سپرنگ میٹنگز میں شرکت کریں گے اور اس دوران پاکستان کے لیے آئی ایم ایف کے بڑے قرض پروگرام کے لیے بھی بات چیت ہو گی۔
ریڈیو پاکستان کے مطابق وزیر خزانہ آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک حکام سے ملاقات کریں گے. بین الاقوامی میڈیا اور تھنک ٹینک نمائندگان سے ملاقاتیں بھی وزیرِ خزانہ کے شیڈول میں شامل ہیں۔
خیال رہے کہ 29 مارچ کو وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا تھا ’پاکستان آئی ایم ایف کے بڑے پروگرام میں شامل ہو رہا ہے۔آئی ایم ایف حکام سے 14 اور 15 اپریل واشنگٹن میں ملاقات ہو گی جس میں نئے پروگرام کے خدوخال کے اوپر بات چیت ہو گی۔‘
انھوں نے مزید کہا تھا کہ ’آئی ایم ایف کے ساتھ تفصیلی مذاکرات پاکستان میں ہوں گے۔ آئی ایم ایف کے ساتھ مائیکرو اکنامک سٹیبیلیٹی جاری رکھیں گے۔ نئے پروگرام کے لیے سٹاف لیول معاہدہ جون تک کرنا چاہتے ہیں۔‘
ریڈیو پاکستان کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگ زیب کے ایرپورٹ پہنچنے پر سفیر پاکستان مسعود خان اور سفارتخانہ پاکستان کے افسران نے وزیرِ خزانہ کا استقبال کیا۔
گورنر سٹیٹ بنک جمیل احمد بھی وزیر خزانہ کے ہمراہ ہیں۔
صدر آصف علی زرداری نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس 18 اپریل کو طلب کرلیا
،تصویر کا ذریعہGetty Images
صدر مملکت آصف علی
زرداری نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس 18 اپریل کو طلب کرلیا ہے۔ دونوں ایوانوں کا
مشترکہ اجلاس جمعرات کو سہ پہر 4 بجے طلب کیا گیا ہے، اجلاس سے صدر مملکت آصف علی
زرداری خطاب کریں گے۔
صدر مملکت نے پارلیمنٹ
کے مشترکہ اجلاس بلانے کی منظوری آئین کے آرٹیکل 54 (1) اور 56 (3) کے تحت دی۔ خیال
رہے کہ اس سے قبل پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس 16 اپریل کو طلب کیا گیا تھا، اب 16
اپریل کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کا نوٹیفکیشن منسوخ ہو گیا ہے۔
گذشتہ روز کی خبروں کا خلاصہ
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ صرف سیکورٹی فورسز کی
نہیں ہے بلکہ امن دشمنوں کے خلاف یہ جنگ ریاست کی جنگ ہے۔انھوں نے کہا کہ ’یہ جنگ
سیاستدان، سول آرمڈفورسز، بیوروکریسی، عدلیہ، میڈیا سب نے لڑنی ہے۔‘بلوچستان کے ضلع نوشکی میں
پنجاب سے تعلق رکھنے والے 9 مسافروں سمیت 11 افراد کی ہلاکت کی تناظر میں وزیر اعلیٰ
بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیرِ صدارت امن و امان سے متعلق ایک اعلیٰ سطحی اجلاس
منعقد ہوا۔اجلاس میں آئی جی پولیس عبدالخالق شیخ، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر
خان، اے سی ایس داخلہ زاہد سلیم سمیت اعلیٰ سول و عسکری افسران نے شرکت کی۔ سرکاری
اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں سانحہ نوشکی کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا جس میں
کمشنر و ڈی آئی جی رخشان ڈویژن نے سانحہ نوشکی سے متعلق اجلاس کو بریفنگ دی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ ملکی معیشت بہترکارکردگی کا مظاہرہ
کررہی ہے، زرمبادلہ ذخائرمیں اضافہ ہو رہا ہے اور پاکستانیوں کیلئے بڑی خوشخبریاں
منتظر ہیں۔ اپنے بیان میں مریم نواز کا کہنا تھاکہ نوازشریف کی رہنمائی میں
پاکستانی معیشت پھر ترقی کی طرف گامزن ہے، مسلم لیگ ن کی حکومت میں معاشی پالیسیوں
کے ثمرات نمایاں ہو رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ بجلی کے نرخ اور مہنگائی کم ہونے سے
عام آدمی کو ریلیف ملے گا، آئی ایم ایف، ایشین ڈیویلپمنٹ بینک، بڑےعالمی مالیاتی
ادارے پاکستان کی معاشی پالیسیوں کے معترف ہیں، وزیراعظم شہبازشریف کی پالیسیوں کی
بدولت سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ مریم کا کہنا تھا کہ پاکستانیوں
کیلئے بڑی خوشخبریاں منتظر ہیں، آئندہ سال مہنگائی کی شرح کم ہوکر 12.2 فیصد ہونے
کا امکان ہے، پہلی بار 20 کلوگرام آٹے کی قیمت میں 500 روپے کی کمی ہوئی اور آٹے کی
قیمت میں مارکیٹ انڈیکیٹرز کے مطابق مزید 300 روپے کمی متوقع ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہےکہ آج بھی کچھ ایسے سیاستدان
ہیں جو پی این اے پارٹ 2 لانا چاہتے ہیں، یہ سیاستدان سازش کرکے ملک کو نقصان
پہنچانا چاہتے ہیں۔ گڑھی خدا بخش میں سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے
جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول نے تمام سیاسی جماعتوں کو میثاق مفاہمت کی دعوت بھی
دےدی۔ بلاول کا کہنا تھا کہ گالم گلوچ کی سیاست سے ملک کو نقصان ہوگا، سیاستدانوں
کو چاہیےکہ مل کر عوام کو پریشانی سے نکالیں، جمہوریت کا نقصان ہوگا تو سبسے پہلے نقصان عوام کا ہوگا، سیاسی قوتوں سے اپیل
کرتا ہوں ہوش کے ناخن لیں، تمام سیاسی جماعتوں کو قومی مفاہمت پر کام کرنا چاہیے۔
بی بی سی کے لائیو پیج میں خوش آمدید!
،تصویر کا ذریعہGetty Images
پاکستان کی سیاست، معیشت، حکومتی امور اور اہم عدالتی مقدمات سمیت دیگر تازہ ترین خبریں جاننے کے لیے بی بی سی کی لائیو پیج کوریج میں خوش آمدید!