امریکہ ایرانی ٹیم کے بلا رکاوٹ اس ایونٹ میں شمولیت کو یقینی بنانے کا پابند ہے: اسماعیل بقائی

،تصویر کا ذریعہGetty Images
ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے 2026 فیفا ورلڈ کپ میں ایرانی قومی فٹبال ٹیم کی شرکت سے متعلق قیاس آرائیوں پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ ایرانی ٹیم کے بلا رکاوٹ اس ایونٹ میں شمولیت کو یقینی بنانے کا پابند ہے۔
یہ بیان اُن رپورٹس کے بعد سامنے آیا جن میں کہا گیا تھا کہ ایرانی فٹبال فیڈریشن کے صدر مہدی تاج نے امریکی ویزا کے حصول میں بار بار پیش آنے والی مشکلات کے باعث قومی ٹیم کا تربیتی کیمپ امریکہ کے بجائے میکسیکو منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ایران کے خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق سوموار 25 مئی کو اپنی ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران اسماعیل بقائی سے سوال کیا گیا کہ آیا فیفا ممکنہ امریکی رکاوٹوں کا مؤثر طور پر مقابلہ کر سکتا ہے یا نہیں۔ اس پر انھوں نے کہا کہ اگرچہ ٹورنامنٹ کے انتظامی امور کے حوالے سے فیفا بنیادی رابطہ کا ادارہ ہے، تاہم امریکہ بھی شریک میزبان ہونے کے ناطے ذمہ داری رکھتا ہے۔
انھوں نے کہا کہ ’امریکہ اس بات کا پابند ہے کہ وہ ایرانی قومی ٹیم کی بغیر کسی رکاوٹ شرکت کے لیے تمام ضروری سہولتیں فراہم کرے۔‘

،تصویر کا ذریعہGetty Images
اسماعیل بقائی نے واضح کیا کہ تربیتی کیمپ کو منتقل کرنے کا فیصلہ فیفا، میکسیکن فٹبال فیڈریشن اور متعلقہ امریکی حکام سے مکمل مشاورت کے بعد کیا گیا تاکہ ممکنہ رکاوٹوں کو پہلے ہی دور کیا جا سکے۔
انھوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایرانی ٹیم کا سفر مکمل طور پر کھیلوں کے مقاصد کے تحت اور فیفا کے ضوابط کے مطابق ہوگا۔
ترجمان وزارتِ خارجہ نے امید ظاہر کی کہ تمام انتظامات بین الاقوامی فٹبال کے اصولوں کے مطابق کیے جا رہے ہیں تاکہ ایرانی ٹیم عالمی سطح پر مقابلوں میں شرکت کے دوران کسی امتیازی سلوک یا رکاوٹ کا سامنا نہ کرے۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images























