سُست رفتار انٹرنیٹ: اس سے پہلے کہ ہم کوئی آرڈر جاری کریں، یہ بتائیں کہ دراصل ہو کیا رہا ہے؟ چیف جسٹس

چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق نے انٹرنیٹ کی سُست رفتار سے متعلق درخواست پر ہونے والی سماعت کے دوران کہا کہ ’عدالت میں اُس کو بلائیں گے جو اس معاملے کا علم رکھتا ہو اور عدالت کو بریف کر سکے۔ آج کل انٹرنیٹ سست ہو گیا ہے؟‘ اس پر عدالت سے استدعا کی گئی کہ متعلقہ وزارتوں کے اعلیٰ عہدیداروں کو طلب کیا جائے اور اُن سے اس بارے میں پوچھا جائے۔

خلاصہ

  • پنجاب کے محکمہ جیل خانہ جات کے ایک اہلکار نے بی بی سی کو بتایا کہ اڈیالہ جیل میں سابق وزیر اعظم عمران خان کی مبینہ سہولت کاری پر سکیورٹی اداروں نے تفتیش کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے تین خواتین سمیت مزید چھ جیل ملازمین کو حراست میں لے لیا ہے۔
  • سابق وزیر اعظم عمران خان نے راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں نئے توشہ خانہ ریفرنس کی سماعت کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے تھا کہ آئی ایس آئی کے سابق سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ فیض حمید کی گرفتاری کا سارا ڈرامہ مجھے ملٹری کورٹ میں منتقل کیے جانے کے لیے کیا گیا ہے۔
  • امریکہ کے وزیر خارجہ انتونی بلنکن نے کہا ہے کہ اسرائیل کے وزیراعظم بنیامین نتن یاہو نے غزہ میں امریکی تجویز پر جنگ بندی پر اتفاق کر لیا ہے۔ انتونی بلنکن کے مطابق اب بات حماس پر آ گئی ہے کہ آیا وہ اس تجویز سے متفق ہیں یا نہیں۔
  • اسلام آباد میں مذہبی جماعتوں کا احتجاج ختم کر دیا ہے جبکہ پولیس نے مظاہرین کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔ پیر کی شام کو مذہبی جماعتوں کے کارکنان کی ایک بڑی تعداد پاکستانی دارالحکومت کے ریڈ زون میں داخل ہونے میں کامیاب ہوگئی تھی، جنھیں روکنے کے لیے پولیس کی جانب سے آنسو گیس کے شیل بھی فائر کیے گئے تھے۔

لائیو کوریج

  1. ’اسرائیل کو تسلسل سے اسلحے کی فروخت کا کوئی جواز نہیں بنتا‘: برطانوی دفترِ خارجہ کے افسر مستعفی

    Gaza

    ،تصویر کا ذریعہReuters

    برطانوی دفترِ خارجہ کے ایک افسر نے برطانیہ کی جانب سے اسرائیل کو اسلحہٰ فروخت کرنے کے معاملے پر احتجاجاً استعفیٰ دیتے ہوئے کہا ہے کہ برطانوی حکومت بھی ’شاید جنگی جرائم میں ملوث ہے۔‘

    برطانوی دفترِ خارجہ میں ملازمت کے دوران مارک سمتھ انسدادِ دہشتگردی کے امور پر کام کر چکے ہیں اور حالیہ دنوں میں وہ ڈبلن میں سفارتخانے میں خدمات سرانجام دے رہے تھے۔

    جمعے کو انھوں نے اپنے ساتھیوں کو بھیجی گئی ای میل میں لکھا کہ انھوں نے دفترِ خارجہ میں ’ہر سطح پر‘ اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

    برطانوی فارن، کامن ویلتھ اور ڈویلپمنٹ آفس (ایف سی ڈی او) نے اس معاملے پر تبصرہ کرنے سے معذرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت بین الاقوامی قوانین کا تحفظ کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔

    مارک سمتھ نے اپنا استعفیٰ ای میل کے ذریعے برطانوی حکومت کے سینکڑوں حکام، سفارتخانے کے ملازمین اور دفترِ خارجہ کے مشیروں کو بھیجا ہے۔

    مارک سمتھ نے اپنے استعفے میں لکھا ہے کہ وہ اس سے قبل مشرقِ وسطیٰ میں ہتھیاروں کی برآمدات کے امور پر کام کر چکے ہیں اور ’ہر دن‘ ان کے ساتھی غزہ میں اسرائیل کی جانب سے کیے جانے والے جنگی جرائم اور خلاف ورزیوں کی ’واضح مثالیں‘ دیکھ رہے تھے۔

    انھوں نے مزید لکھا کہ ’برطانیہ کی جانب سے اسرائیل کو تسلسل سے ہتھیاروں کی فروخت کا کوئی جواز نہیں بنتا۔‘

    برطانوی دفترِ خارجہ کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ سیکریٹری خارجہ ڈیوڈ لیمی نے یہ معلوم کرنے کے لیے ریویو کا آغاز کردیا ہے کہ اسرائیل بین الاقوامی قوانین پر عمل کر رہا ہے یا نہیں۔

    برطانیہ، یورپ اور امریکہ میں سینکڑوں حکام اسرائیل اور غزہ میں جنگ کے حوالے سے اپنی مخالفت کا اظہار کر چکے ہیں، لیکن ان معاملات پر چند ہی استعفے دیکھنے میں آئے ہیں۔

    مارک سمتھ کی ای میل کے مطابق وہ بطور ’سیکنڈ سیکریٹری کاؤنٹر ٹیررازم‘ خدمات سرانجام دے رہے تھے، جو کہ ایک جونیئر رینک کی پوزیشن ہے۔

    انھوں نے اپنی ای میل میں مزید لکھا کہ وزرا دعویٰ کرتے ہیں کہ برطانیہ اسلحے کی فروخت کے حوالے سے شفافیت کو ملحوظِ خاطر رکھتا ہے تاہم ’یہ بات حقیقت کے برعکس ہے۔‘

    اسرائیل کی جانب سے متعدد مرتبہ غزہ میں بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کے الزامات کی تردید کی گئی ہے۔

  2. روس کے زیر قبضہ یوکرین کے زاپوریژیا جوہری پاور پلانٹ کا تحفظ خطرے میں ہے: اقوامِ متحدہ

    Nuclear

    ،تصویر کا ذریعہReuters

    اقوام متحدہ کے نیوکلیئر واچ ڈاگ کے سربراہ نے کہا ہے کہ روس کے زیر قبضہ یوکرین میں زاپوریژیا پاور پلانٹ میں جوہری تحفظ کی صورتحال خراب ہوتی جا رہی ہے۔

    بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے سربراہ رافیل گروسی نے کہا کہ وہ ’انتہائی فکرمند‘ ہیں اور انھوں نے پلانٹ کی حفاظت کے لیے ’ہر طرف سے زیادہ سے زیادہ تحمل‘ برتنے کی اپیل کی ہے۔

    ایجنسی کا کہنا ہے حملے سے مرکز کے باہر ایک سڑک متاثر ہوئی جو ضروری پانی کے چھڑکاؤ کے تالابوں کے قریب اور باقی رہ جانے والی واحد ہائی وولٹیج لائن سے تقریبا 100 میٹر دور ہے۔

    اس پلانٹ پر روسی افواج نے جنگ کے اوائل میں قبضہ کر لیا تھا اور اس پر متعدد حملے ہو چکے ہیں جن کے لیے فریق ایک دوسرے کو مورد الزام ٹھہراتے رہے ہیں۔

    گذشتہ ہفتے پلانٹ کے کولنگ ٹاورز میں سے ایک میں آگ لگنے کے بعد کیئو اور ماسکو نے اس کی ذمہ داری ایک دوسرے پر ڈالی تھی۔

    آئی اے ای اے نے یہ نہیں بتایا کہ سنیچر کو ہونے والا حملہ کس نے کیا لیکن زاپوریزیہ میں تعینات اس کی ٹیم کا کہنا ہے کہ ایسا لگتا ہے کہ یہ نقصان دھماکہ خیز مواد لے جانے والے ڈرون کی وجہ سے ہوا ہے۔

    ایجنسی نے ایک بیان میں کہا ’ٹیم نے پلانٹ سے کچھ فاصلے پر بار بار دھماکوں، بھاری مشین گن اور رائفل فائر اور توپ خانے کی آوازیں سنی ہیں۔ ‘

    پلانٹ نے دو سال سے زیادہ عرصے سے بجلی پیدا نہیں کی ہے اور تمام چھ ری ایکٹرز اپریل سے بند ہیں۔ روس نے فروری 2022 میں اپنے ہمسایہ ملک پر حملے کا آغاز کیا تھا اور اس وقت مشرقی یوکرین کے مزید علاقوں پر قبضہ کرنے کے لیے پیش رفت کر رہا ہے۔ تاہم اسے اس وقت دھچکا لگا جب یوکرین کی فوجیں اس کے کرسک علاقے میں داخل ہوئیں جہاں وہ تقریبا دو ہفتوں سے اپنی پوزیشنیں مستحکم کر رہے ہیں۔ اس علاقے سے ہزاروں روسیوں کو نکال لیا گیا ہے۔

    اتوار کے روز یوکرین کی فضائیہ کے سربراہ میکولا اولیشک نے کہا تھا کہ ان کی افواج نے کرسک کے علاقے میں ایک دوسرے پل کو تباہ کر دیا ہے جس سے دشمن اپنی لاجسٹک صلاحیتوں سے محروم ہو گیا ہے۔

    اس ہفتے کے اوائل میں یوکرین نے دریائے سیم پر ایک پل کو تباہ کر دیا تھا جسے کریملن اپنے فوجیوں کی رسد کے لیے استعمال کرتا تھا۔ دوسری جنگ عظیم کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب غیر ملکی افواج روس کی سرزمین پر موجود ہیں۔

  3. دالبندین: کھمبوں سے بندھی لاشوں کی شناخت ہوگئی, محمد کاظم، بی بی سی اردو کوئٹہ

    بلوچستان کے ضلع چاغی کے علاقے دالبندین میں بجلی کے کھمبوں سے بندھی لاشوں کی شناخت ہو گئی ہے۔

    ضلع چاغی پولیس کے سربراہ حسین احمد لہڑی نے بی بی سی کو بتایا کہ مارے جانے تمام افراد افغان شہری تھے اور ان کی شناخت روزی محمد، رحمت اللہ، آغا ولی، سمیع اللہ اور سردار ولی کے ناموں سے ہوئی ہے۔

    خیال رہے ان پانچوں افراد کی لاشیں دالبندین شہر سے تقریباً تین کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ڈگری کالج کے نزدیک سے جمعے کو ملی تھیں۔

    پولیس افسر مزید کہتے ہیں کہ ان افراد کا تعلق افغانستان کے صوبے ہلمند کے علاقے لشکرگاہ سے تھا اور ان کی لاشیں کوئٹہ منتقل کردی گئی ہیں جہاں سے انھیں افغان حکام کے حوالے کیا جائے گا۔

    ایڈیشنل ایس ایچ او دالبندین پولیس عبدالحکیم کے مطابق پانچوں افراد کو کہیں اور قتل کر نے کے بعد ان کی لاشوں کو اس علاقے میں لاکر کھمبوں سے باندھ دیا گیا تھا۔

    ان افراد کی ہلاکت کی ذمہ داری کے حوالے سے تاحال کوئی دعویٰ سامنے نہیں آیا ہے، تاہم اس حوالے سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر ایک ویڈیو منظرِعام پر آئی ہے۔

    اس ویڈیو میں چھ افراد ایران میں شدت پسندی کی کارروائیاں کرنے والی تنظیم کالعدم جیش العدل کے ایک رہنما مراد نوتیزئی عرف طارق کو ہلاک کرنے کا اعتراف کررہے ہیں۔

    اس ویڈیو میں نظر آنے والے چھ میں سے پانچ افراد اپنا نام وہی بتارہے ہیں جو کہ دالبندین میں ہلاک ہونے والوں کے ہیں۔ اس ویڈیو میں انھوں نے بتایا تھا کہ ان کا تعلق افغانستان کے صوبے ہلمند سے ہے۔

    تاہم اس ویڈیو کی ابھی تک آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔

  4. بی بی سی اردو کے نئے لائیو پیج پر خوش آمدید

    • امریکی وزیر خارجہ انتونی بلنکن غزہ میں جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کے معاہدے پر پیش رفت کی تازہ کوششوں کے سلسلے میں اسرائیل پہنچ گئے ہیں۔
    • سٹیٹ بینک اور پاکستان میں کام کرنے والے ڈیجیٹل پیمنٹ نیٹ ورک 1 لنک نے اے ٹی ایم مشینوں کی بندش یا سائبر حملے کے حوالے سے گردش کرنے والی خبروں کی تردید کی ہے۔

    گذشتہ روز کی خبریں جاننے کے لیے اس لنک پر کلک کیجیے۔