آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
شوبز ڈائری: ریا چکرورتی کو بگ باس میں شامل ہونے کے لیے ہر ہفتے 35 لاکھ روپے کی پیشکش
- مصنف, نصرت جہاں
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لندن
- وقت اشاعت
اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی موت کے بعد اچانک ہی بے تحاشا توجہ، الزامات، ٹرولز اور نفرت کے ساتھ تنقید کا نشانہ بننے یا بنائے جانے والی اداکارہ ریا چکرورتی کو انڈیا کے مشہور شو 'بگ باس' کے پندرہویں سیزن میں شامل ہونے کے لیے ہر ہفتے 35 لاکھ روپے دینے کی پیشکش کی گئی تھی، جسے ریا نے انتہائی نرمی کے ساتھ مسترد کر دیا۔
سشانت سنگھ کیس میں ضمانت پر رہا ہونے کے بعد سے ریا سب کی نظروں سے دور خاموش زندگی گزار رہی تھیں۔
بگ باس انڈیا کا انتہائی مشہور اور متنازع شو ہے اور ویب سائٹ بالی ووڈ ہنگامہ کے مطابق اس شو کے بنانے والوں نے ریا چکرورتی سے رابطہ کیا اور انھیں شو میں شامل ہونے کے لیے بڑی رقم کی پیشکش کی لیکن خبروں کے مطابق ریا آج کل بالی ووڈ اور جنوبی انڈیا کی فلم انڈسٹری کے پروڈیوسروں کے ساتھ بات چیت کے مرحلے میں ہیں اور جلدی ہی فلموں پر کام کرنا شروع کر دیں گی۔
ریا کو آخری مرتبہ فلم چہرے میں دیکھا گیا تھا فلم میں انکے ساتھ امیتابھ بچن اور عمران ہاشمی تھے پچھلے ماہ رلیز ہونے والی اس فلم پر ملا جلا ردِ عمل سامنے آتا تھا۔
جہاں تک فلم کی رلیز کا تعلق ہے تو پچھلے ہفتے کنگنا رناوت کی فلم 'تھلائیوی' کیا رلیز ہوئی کہ بالی ووڈ کی شامت ہی آگئی۔ اس فلم کی رلیز سے کنگنا کی بڑی توقعات وابستہ تھیں لیکن سو کروڑ کے بجٹ سے تیار ہونے والی انکی یہ فلم باکس آفس پر زیادہ کمال نہیں دکھا پائی اور پہلے ہفتے میں بمشکل ساڑھے چار کروڑ روپیہ ہی کما پائی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اب کنگنا کس کو الزام دیں لہذا بالی ووڈ کی شامت آئی اور انہوں نے بقول انکے 'بالی ووڈ مافیا' کو خطاب کرتے ہوئے لکھا 'میں منتظر ہوں کہ 'بالی وڈ مافیا' اپنے سیاسی اور نظریاتی اختلافات کو علیحدہ کرکے میری فلم کو پروموٹ اور اس کو سپورٹ کرے جس طرح مجھے اپنے اختلافات سے اوپر اٹھ کر حقیقی فن کی تعریف کرنا مشکل نہیں لگتا'۔
دراصل فلم 'تھلائیوی' جنوبی انڈیا کی مشہور اداکارہ اور قدآور کہی جانے والی سیاست دان جے للتا کی زندگی پر بنائی گئی ہے اور کنگنا اس فلم میں جے للتا کےکردار میں ہیں۔ تھیئٹر میں رلیز کے بعد اب یہ فلم 'نیٹ فلیکس پر دکھائی جا رہی ہے۔
کنگنا رناوت سے یاد آیا کہ بالی ووڈ کے مشہور نغمہ نگار جاوید اختر حال ہی میں ایک ٹی وی شو کے دوران انڈیا کی سخت گیر تنظیم آر ایس ایس کا موازنہ طالبان کے ساتھ کرنے پر تنازعے کا شکار ہو گئے تھے اور جواب میں آر ایس ایس کے ایک کارکن نے ان کے خلاف شکایت درج کروائی تھی۔ اس ہفتے ایڈیشنل چیف جسٹس کی عدالت میں آر ایس ایس کارکن نے جاوید اختر سے محض ایک روپیہ معاوضہ طلب کیا ہے۔
اس سے پہلے ممبئی میں بی جے پی ایم ایل اے رام کدم نے مطالبہ کیا تھا کہ جاوید اختر اپنے بیان پر معافی مانگیں ورنہ انکی یا انکے گھر والوں کی کسی بھی فلم کو رلیز نہیں ہونے دیا جائے گا۔
ادھر کنگنا رناوت کے خلاف ہتکِ عزت کا جاوید اختر کا کیس پندرہ نومبر تک کے لیے ملتوی کر دیا گیا ہے۔