آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
امریکی گلوکارہ لیڈی گاگا کے دو کتے چوری، لوٹانے پر پانچ لاکھ ڈالرز کا انعام
- مصنف, مارک سیوویج
- عہدہ, بی بی سی میوزک رپورٹر
- وقت اشاعت
معروف امریکی گلوکارہ اور موسیقار لیڈی گاگا کے 'فرینچ بل ڈاگ' نسل کے دو کتے بدھ کی رات کو لاس اینجیلس کے علاقے ہالی وڈ سے چوری ہو گئے۔
یہ واقع اس وقت پیش آیا جب ان کی رکھوالی کرنے والے ملازم پر ایک نامعلوم شخص نے فائرنگ کی اور کتے لے کر بھاگ گیا۔
پولیس کے بی بی سی کو دیے گئے بیان کے مطابق ایک نامعلوم شخص نے سیمی آٹومیٹک پستول سے کتوں کی رکھوالی کرنے والے شخص جس کا نام ریان فشر بتایا گیا ہے، پر حملہ کیا، جسے بعد ہسپتال منتقل کر دیا گیا لیکن اس کی صحت کے بارے میں کوئی تفصیلات نہیں دی گئیں۔
لیڈی گاگا نے ’کوجی‘ اور ’گستاوو' نامی کتوں کو واپس کرنے کے عوض پانچ لاکھ ڈالرز معاوضہ دینے کا وعدہ کیا ہے۔ پولیس نے مس ایشیا نامی لیڈی گاگا کے تیسرے بل ڈاگ کو تلاش کر لیا ہے جو واقعے کے بعد وہاں سے بھاگ گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیے
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
لیڈی گاگا، جن کا اصل نام سٹیفانی جرمانوٹا ہے، اس وقت اٹلی کے دارالحکومت روم میں ہیں جہاں وہ ہدایتکار رڈلی سکاٹ کی فلم 'گوچی' کے لیے کام کر رہی ہیں۔
لیڈی گاگا کے ترجمان نے کہا ہے کہ ان کتوں کے بارے میں معلومات رکھنے والے افراد KojiandGustav@gmail.com پر ای میل کر سکتے ہیں اور ان سے 'کوئی سوال نہیں کیا جائے گا۔'
لاس اینجیلس پولیس نے تصدیق کی ہے کہ وہ ایک ایسے شخص کی تلاش میں ہیں جس نے ’بدھ کی شب رات 9.40 پر نارتھ سیئرا بونیٹا روڈ پر گولی چلائی تھی۔ اس کے بعد ایک مشکوک شخص جائے وقوع سے سفید گاڑی میں بھاگ گیا تھا۔‘
یہ ابھی تک واضح نہیں ہے کہ آیا لیڈی گاگا کے کتے بالخصوص اس حملے کا نشانہ تھے یا نہیں۔
گلوکارہ اور اداکارہ لیڈی گاگا اپنے کتوں کی حفاظت کے بارے میں بہت زیادہ سنجیدہ ہیں اور وہ اکثر اوقات انھیں اپنے ساتھ مختلف تقریبات میں لے کر جاتی ہیں۔