ریکارڈ قائم کرنے والے نو جڑواں بہن بھائی وطن واپس پہنچ گئے

نو جڑواں بہن بھائی

،تصویر کا ذریعہSALOUM ARBY

،تصویر کا کیپشنریکارڈ کے مطابق اس سے پہلے صرف دو مرتبہ نو جڑواں بچوں کی پیدائش ہوئی تھی لیکن ان میں کوئی بھی بچہ چند دن سے زیادہ زندہ نہیں رہا تھا
وقت اشاعت

دنیا کے پہلے نو جڑواں بچے مراکش میں اپنی زندگی کے ابتدائی 19 ماہ گزارنے کے بعد اب اپنے وطن مالی پہنچ گئے ہیں۔ گینس بُک آف ریکارڈ کے مطابق یہ پہلا موقع ہے کہ جب  کسی کے ہاں نو جڑواں بچے پیدا ہوئے اور تمام زندہ بھی رہے۔

مئی 2021 میں بچوں کی پیدائش سے پہلے ان کی 27 سالہ والدہ، حلیمہ کو خصوصی دیکھ بھال کے لیے مالی سے مراکش لے جایا گیا تھا۔

مالی واپس آنے سے پہلے یہ خاندان مراکش کے جزیرے کاسا بلانکا میں رہا جہاں والدہ اور بچوں کو خصوصی طبی سہولیات مہیا کی گئیں۔

مالی کے سرکاری حکام نے بتایا ہے کہ ان نو بچوں میں پانچ لڑکیاں اور چار لڑکے ہیں اور ان کی پیدائش آپریشن (سی سیکشن) کے ذریعے حمل کے  30 ہفتے پورے ہونے پر ہوئی تھی۔

ان جڑواں بہنوں کے نام کدیدیا، فاطمہ، حوّا، اداما، اومو رکھے گئے جبکہ بھائیوں کے نام محمد ششم، عمر، الہادی اور باہ ہیں۔ جس کلینک میں ان بچوں کی ولادت ہوئی تھی، اس کے میڈیکل ڈائریکٹر، یوسف علاوی نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا تھا کہ بچوں کے وزن 500 گرام سے لیکر ایک کلوگرام تک تھے، یعنی ایک اعشاریہ ایک پاؤنڈ سے دو اعشاریہ دو پاؤنڈ تک۔

چونکہ بچوں کی پیدائش وقت سے پہلے کرائی گئی تھی اور خدشہ تھا کہ انھیں طبی مسائل کا سامنا ہو سکتا ہے، اسی لیے انھیں پہلے ایک ماہ تک کلینک میں ہی رکھا گیا تھا۔

ایک ماہ بعد انھیں کاسابلانکا میں ہی ایک فلیٹ میں منقتل کر دیا گیا جہاں کلینک کی طرف سے انھیں دن رات طبی نگرانی فراہم کی گئی۔

رواں برس نو بہن بھائیوں کی پہلی سالگرہ کے موقع پر ان کے والد، عبدالقادر عربی نے بتایا تھا کہ ہر بچے کی اپنی مخصوص شحصیت ہے۔

نو جڑواں بچے

،تصویر کا ذریعہSALOUM ARBY

،تصویر کا کیپشنعبدالقادر عربی اور ان کی اہلیہ حلیمہ اپنی ایک بیٹی کے ساتھ

’ان سب کی اپنی اپنی شخصیت ہے۔ ان میں سے کچھ خاموش طبع ہیں جبکہ کچھ شور مچاتے ہیں اور بہت روتے ہیں۔ کچھ چاہتے ہیں کہ انھیں ہر وقت اٹھائے پھرتے رہے۔ سارے بچے ایک دوسرے سے مختلف ہی،  جو کہ بالکل قدرتی بات ہے۔‘

اس موقع پر انھوں نے یہ بھی کہا تھا کہ ایسے جوڑے جو بچے پیدا کرنے کی کوشش کر رہیں ہیں ’میری دعا ہے کہ خدا تمام لوگوں کو اولاد سے نوازے اور انھیں بھی وہ نعمت ملے جو ہمیں ملی ہے۔ یہ ایک بڑی خوبصورت چیز ہے، ایک حقیقی خزانہ۔‘

مالی واپسی پر ان کا مزید کہنا تھا کہ ان کے بچے پورے مالی میں مشہور ہو چکے ہیں اور بہت سے لوگ انھیں اپنی آنکھوں سے دیکھنا چاہتے ہیں۔