جنوبی افریقہ میں سونے کی کان بیٹھ گئی، متعدد کان کن لاپتہ

جنوبی افریقہ میں دنیا کی سب سے گہری اور خطرناک کانیں پائی جاتی ہیں

،تصویر کا ذریعہasiaterra.info

،تصویر کا کیپشنجنوبی افریقہ میں دنیا کی سب سے گہری اور خطرناک کانیں پائی جاتی ہیں
وقت اشاعت

جنوبی افریقہ افریقہ میں سونے کی ایک کان میں حادثے کے بعد متعدد کان کن لاپتہ ہوگئے ہیں۔

کان کنوں کی یونین کے ایک ترجمان مانزینی زونگو کا کہنا ہے کہ یہ حادثہ جمعے کی صبح پومالانگا نامی صوبے میں پیش آیا۔

ان کا کہنا تھا کہ جوہانسبرگ سے 360 کلومیٹر مشرق میں باربرٹن کے مقام پر واقع ماکونجوان نامی کان اچانک دھماکے سے بیٹھ گئی۔

اے ایم سی یو نامی یونین کے ترجمان کا کہنا ہے کہ حادثے کے وقت 115 کان کن کان میں موجود تھے اور تاحال واضح نہیں کہ اس حادثے کی وجہ کیا ہے۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں اور خبر رساں ادارے روئٹرز نے امدادی اداروں کے حوالے سے کہا ہے کہ اب تک 49 کان کنوں کو نکالا جا چکا ہے جو کہ معمولی زخمی ہیں۔

خیال رہے کہ جنوبی افریقہ میں دنیا کی سب سے گہری اور خطرناک کانیں پائی جاتی ہیں۔

تاہم ملک میں حفاظتی انتظامات میں بہتری کی وجہ سے کان کنی کے شعبے میں جان لیوا حادثات میں کمی واقع ہوئی ہے۔

گذشتہ برس جنوبی افریقہ میں کانوں میں پیش آنے والے حادثوں میں 77 افراد ہلاک ہوئے جو کسی بھی ایک برس میں ہلاک ہونے والوں کی سب سے کم تعداد ہے۔