پانچ سالہ بچے نے باپ کی جان بچائی

ایک پانچ سالہ بچہ اپنی ماں کی تلاش میں سائکل سے نکل پڑا

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنایک پانچ سالہ بچہ اپنی ماں کی تلاش میں سائکل سے نکل پڑا
وقت اشاعت

فرانس کے ایک پانچ سالہ بچے کی بہادری کی تعریف ہو رہی ہے۔ ان کے والد کو دل کا دورہ پڑا تو بچہ سائکل چلاتا ہوا امداد کی تلاش میں نکل پڑا۔

جو کسان بچے کے کہنے پر مدد کو دوڑا آیا تھا اس نے بچے کی بہادری کی بہت تعریف کی ہے۔

ژان فرانسوا پنوٹ نے بی بی سی کو بتایا کہ دیہات کی ایک سڑک پر انھوں نے رات میں ایک بچے کو پاجامے میں سائکل چلاتے ہوئے دیکھا تھا۔

انھوں نے کہا کہ ایسی صورت حال میں فرانس کا قانون مداخلت کے لیے کہتا ہے۔

بچے نے بتایا کہ وہ تین کلو میٹر سائکل چلاتا ہوا اپنی ماں کے پاس امداد کے لیےگیا تھا۔

یہ واقعہ بریٹینی کے مشرق میں واقع سینٹ پیئرے لا کو میں پیش آیا۔

مسٹر پنوٹ نے بتایا کہ ’موسم بہت خراب تھا۔ بارش ہو رہی تھی اور تیز ہوا چل رہی تھی۔‘

انھوں نے مزید بتایا: ’مجھے حیرت ہوئی کہ آخر ایک بچہ اس وقت باہر اپنی سائکل پر کیا کر رہا ہے۔ اسی لیے میں نے اسے روک کر دریافت کیا تاکہ اس کی مدد کر سکوں۔‘

بچے کو کسی اور چیز کی نہیں سوجھی اور وہ اپنی سائکل سے امداد کی تلاش میں نکل پڑا

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشنبچے کو کسی اور چیز کی نہیں سوجھی اور وہ اپنی سائکل سے امداد کی تلاش میں نکل پڑا

’اس نے کہا کہ وہ اپنی ماں کو ڈھونڈنے جا رہا ہے کیونکہ اس کا باپ مرگیا ہے۔ اس کی ماں کہیں کام کررہی ہے۔ اس لیے میں نے فوراً اس کی ذمہ داری لے لی۔ میں نے اپنی لائٹ ایک دوسری کار پر فلیش کی اور وہ فوراً رک گئی اور گاڑی میں موجود شخص نے ہم دونوں کی مدد کی۔‘

پولیس اور ایمرجنسی سروسز نے بچے کیون جینے کی فراہم کردہ معلومات پر اس کے والد کی جگہ کا پتہ چلایا اور وہاں پہنچی۔

انھوں نے دیکھا کہ بچے کا باپ ابھی مرا نہیں تھا۔ انھوں نے ان کی جان بچائی۔ اب وہ ہسپتال میں صحت یاب ہو رہا ہے۔

مسٹر پینوٹ نے کہا کہ ’بچے کو فون کرنے یا کچھ اور کرنے کی نہ سوجھی۔ اسے بس یہ سمجھ آیا کہ وہ اپنی سائکل اٹھائے اور اپنی ماں کو تلاش کرکے لائے۔ اس کی ماں رات میں کام کرتی ہے۔‘

انھوں نے کہا کہ ’وہ بہت بہادر اور واضح سوجھ بوجھ والا لڑکا ہے۔‘