نیوزی لینڈ میں مویشیوں کے ڈکار لینے اور پیشاب پر ٹیکس کی تجویز

،تصویر کا ذریعہGetty Images
نیوزی لینڈ نے آب و ہوا کی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے گرین ہاؤس گیسوں پر ٹیکس لگانے کی تجویز پیش کی ہے اور جو مویشیوں کے ڈکاریں لینے، ہوا خارج کرنے اور پیشاب کرنے پر بھی عائد ہوں گے۔
دنیا میں اپنی نوعیت کے اس پہلے اقدام کے تحت کسانوں کو سنہ 2025 تک کسی نہ کسی شکل میں زرعی اخراج پر ادائیگی کرنا پڑ سکتی ہیں۔
مضر گرین ہاؤس گیسوں کے مجموعی ملکی اخراج میں زراعت کی صنعت سے ہونے والے اخراج کا تناسب تقریباً نصف ہے۔
لیکن کسانوں نے اس منصوبے کو فوری طور پر تنقید کا نشانہ بنایا ہے، ایک لابی گروپ نے کہا ہے کہ یہ "چھوٹے سے ملک نیوزی لینڈ کا کچومر نکال دے گا۔'
وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن نے کہا کہ مجوزہ ٹیکس سے حاصل ہونے والی رقم کو صنعت میں واپس لایا جائے گا تاکہ کسانوں کے لیے نئی ٹیکنالوجیوں، تحقیق اور مراعاتی ادائیگیوں کی مالی اعانت کی جاسکے۔
انہوں نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ "نیوزی لینڈ کے کسان زرعی اخراج کو کم کرنے کے لیے پہل کرنے کے لے تیار ہیں، جس سے سب سے بڑی برآمدی مارکیٹ ہونے کے لیے مسابقتی فائدہ ہو گا خاص طور پر ایک ایسی دنیا میں جو اپنی خوراک کے بارے میں زیادہ حساس ہو گئی ہے۔
اس ٹیکس کی شرح کا ابھی تعین نہیں کیا گیا ہے، لیکن حکومت کا کہنا ہے کہ کسان ماحول دوست پیداوار کے زائد نرخوں سے ٹیکس کی لاگت کو پورا کرنے کے قابل ہو جائیں گے۔
لیکن کچھ کسانوں نے ان منصوبوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بہت سے کسان اپنی فارموں کو فروخت کرنے پر مجبور ہو سکتے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
وفاقی کسانوں کے قومی صدر اینڈریو ہوگارڈ نے کہا کہ یہ منصوبہ "چھوٹے ملک نیوزی لینڈ کا بھرکس نکال دے گا"، جس کے نتیجے میں کھیتوں کو درختوں کے لیے جگہ دینا پڑے گی۔
انہوں نے متبادل تجاویز کا جائزہ لینے کے لیے حکومت اور کسانوں کے درمیان مذاکرات سے شدید عدم اطمینان کا اظہار کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ کسان اب اپنی زمینیں تیزی سے فروخت کرنا شروع کر دیں گے۔ کچھ لوگوں نے یہ بھی دلیل بھی دی ہے کہ خوراک کی پیداوار ایسے مملک میں منتقل ہو جانے سے جہاں فضائی آلودگی کے بارے قوانین زیادہ موثر نہیں تو اس صورت میں مضمر گیسوں کے اخراج میں کمی کے بنائے اضافہ ہو سکتا ہے۔
سنہ 2019 میں کرۂ فضائی میں میتھین ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی جو صنعتی دور سے پہلے کے مقابلے میں ڈھائی گنا زیادہ ہے۔
























