دس ماہ تک دریا میں ڈوبا رہنے والا فون سوشل میڈیا کی مدد سے اپنے مالک تک پہنچ گیا

،تصویر کا ذریعہOwain Davies / Miguel Pachaco
10 ماہ قبل برطانیہ کے دریائے وائی میں اپنا موبائل فون گنوا دینے والے ایک شخص کو اس کا فون پھر سے مل گیا ہے اور حیرت انگیز طور پر یہ اب بھی کام کر رہا ہے۔
اوین ڈیوس نامی شخص نے اگست سنہ 2021 میں گلوسٹر شائر میں کشتی چلاتے ہوئے اپنا آئی فون گرا دیا۔
رواں ماہ میگویل پییچکو نامی شحض کو یہ فون ملا اور اس نے اسے خشک کر کے اس کے مالک کا پتہ لگانے کی غرض سے اس کی تصاویر آن لائن پوسٹ کیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ’مجھے نہیں لگتا تھا کہ یہ فون اتنی اچھی حالت میں ہو گا۔ یہ پانی سے بھرا ہوا تھا۔‘

،تصویر کا ذریعہMiguel Pachaco
بی بی سی ریڈیو گلوسیسٹر شائر سے بات کرتے ہوئے انھوں نے بتایا کہ فون کو خشک کرنے کی بہت کوشش کی کیونکہ ممکن تھا کہ اس میں موجود چیزوں سے مالک کی جذباتی وابستگی ہو۔
’میں جانتا ہوں کہ اگر میں نے اپنا فون کھو دیا ہوتا جس میں میرے بچوں کی بہت سی تصاویر ہیں، میں جانتا ہوں کہ میں اسے واپس حاصل کرنا چاہوں گا۔‘
ڈرائی بروک سے تعلق رکھنے والے پچیکو نے فون ملنے کے بعد اسے ایئرلائن اور کمپریسر سے خشک کیا، پھر اسے رات بھر مزید خشک ہونے دیا۔
ان کا کہنا تھا ’صبح جب میں نے اسے چارج کیا تو مجھے یقین ہی نہیں آیا۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
سکرین سیور پر 13 اگست کی تاریخ کے ساتھ ایک مرد اور عورت کی تصویر دکھائی دی۔ یہ وہ دن تھا جب فون پانی میں گرا تھا۔
یہ بھی پڑھیے

،تصویر کا ذریعہOwain Davies / Miguel Pachaco
فیس بک پر مقامی گروپ سنڈر نوٹس بورڈ پر یہ تصاویر پوسٹ کی گئی جہاں سے انھیں 4,000 سے زیادہ مرتبہ شیئر کیا گیا۔
فون کے مالک کے گذشتہ چھ ماہ سے سوشل میڈیا سے دور رہنے کے باوجود، تصویر کو بالآخر ایڈنبرا میں رہنے والے اوین ڈیوس اور اس کی منگیتر فیونا گارڈنر کے دوستوں نے پہچان لیا۔
ڈیوس کا کہنا تھا کہ ’میں دو افراد کے لیے بنی کینوی (کشتی) میں تھا اور میری ساتھی کھڑی ہو گئیں اور ہم گر گئے۔‘
’فون میری پچھلی جیب میں تھا اور جیسے ہی یہ پانی میں گیا مجھے احساس ہوا کہ فون غائب ہو گیا ہے۔‘
وہ پچیکو کی جانب سے فون واپس کرنے کے لیے کی جانے والی کوششوں سے بہت متاثر ہوئے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’میرا رد عمل یہ ہوتا کہ میں اسے کسی قریبی شراب خانے میں دے دیتا نہ کہ اسے خشک کرنے کے لیے اپنی ایئر کمپریسر کا استمعال کرتا۔‘
























