آسٹریلیا: خود کو ڈاکٹر ظاہر کر کے ہسپتال میں آٹھ ماہ تک کام کرنے والی خاتون کے خلاف تحقیقات

،تصویر کا ذریعہGetty Images
آسٹریلیا میں ایک خاتون کو مبینہ طور پر خود کو ڈاکٹر ظاہر کرنے کے الزام میں تحقیقات کا سامنا ہے۔
مقامی میڈیا کے مطابق 27 سالہ خاتون سڈنی کے بینکس ٹاؤن لِڈکومب ہسپتال میں آٹھ ماہ تک ایک ڈاکٹر کے طور پر کام کرتی رہیں۔
ہسپتال کا کہنا ہے کہ بعد میں اُنھیں پتہ چلا کہ وہ آسٹریلیا کی ہیلتھ پریکٹشنر ریگولیشن ایجنسی کے ساتھ رجسٹرڈ نہیں ہیں۔ طبی شعبے میں کام کرنے والے میڈیکل سٹاف کو یہ ادارہ اس شعبے میں کام کرنے کی منظوری دیتا ہے۔
مقامی پولیس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیے
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ہسپتال کے ترجمان نے بتایا کہ ایک کارکن جس نے جنوری میں ہسپتال میں کام کرنا شروع کیا تھا اسے رجسٹرڈ نہ ہونے کے سبب ڈیوٹی سے ہٹا دیا گیا ہے۔
ساتھ ہی یہ بھی کہا گیا کہ سڈنی کے ہسپتال میں کام کے دوران اس خاتون نے کسی سُپروائزر کی موجودگی کے بغیر، یعنی اکیلے کام نہیں کیا۔
بینکس ٹاؤن لڈکومب ہسپتال نے آسٹریلیا کی ہیلتھ پریکٹشنر ریگولیشن ایجنسی کو اس معاملے کے بارے میں مطلع کر دیا ہے۔ ساتھ ہی ہسپتال معاملے کی اپنے طور پر جانچ بھی کر رہا ہے۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
مقامی نیوز چینل سیون نیوز کے مطابق یہ خاتون اپنے فائنل امتحانات میں فیل ہو گئی تھیں جس کے بعد اُنھوں نے جونیئر ڈاکٹر کی نوکری کے لیے جعلی دستاویزات کا استعمال کیا۔
مقامی نیوز چینل کے مطابق ان کے خلاف جعلسازی کا مقدمہ ہو سکتا ہے لیکن فی الحال کوئی فرد جرم عائد نہیں کی گئی ہے لیکن ان کے خلاف معاملہ درج ہو سکتا ہے۔
























