ٹیرس ہاؤس: نیٹفلکس سٹار کی خود کشی کے بعد جاپانی شخص کو 80 ڈالر کا جرمانہ

،تصویر کا ذریعہGetty Images
جاپان کے ایک شہری پر 80 ڈالر جرمانہ عائد کیا گیا ہے جس نے ایک رئیلٹی شو کی سٹار کے ساتھ آن لائن گالم گلوچ کی تھی اور جس نے پھر بعد میں خودکشی کر لی تھی۔
اطلاعات کے مطابق اس نامعلوم شخص نے ہانا کیمورا کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر لکھا تھا کہ وہ ایک بہت 'بُری شخصیت` ہیں اور لکھا کہ 'آپ کب مریں گی۔‘
22 برس کی کیمورا کو سینکڑوں لوگوں کی طرف سے روزانہ کی بنیاد پر برا بھلا کہا جاتا تھا۔
مئی میں کیمورا کی موت کے بعد ان کا پروگرام ’ٹیرس ہاؤس‘ منسوخ کر دیا گیا تھا۔
’ٹیرس ہاؤس‘ جو عوام میں بہت مقبول تھا جاپان کے فُجی ٹی وی اور نیٹفلکس کی مشترکہ کاوش تھا۔ بغیر کسی سکرپٹ والا یہ شو ایسے چھ نوجوانوں کے بارے میں تھا جو جاپان میں ایک گھر میں اکھٹے رہتے ہیں مگر وہ عام روزمرہ کی زندگی بسر کر رہے ہیں۔
حالیہ برسوں میں اس شو کی مقبولیت میں بے پناہ اضافہ ہوا اور اس کی وجہ یہی تھی کہ یہ شو تمام ممبران کی آپس میں حقیقی بات چیت تھی اور اس میں ڈرامے کا پہلو کم تھا۔
یہ بھی پڑھیے
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
’بہت کم سزا سنائی گئی‘
کیمورا ٹوکیو 2019-2020 کے سیزن میں چھ ممبران میں سے ایک تھیں۔
اطلاعات کے مطابق ایک خاص قسط کے بعد سوشل میڈیا پر بہت گالم گلوچ کی گئی۔ یہ قسط صرف جاپان میں دکھائی گئی تھی جس میں وہ ایک روم میٹ کے ساتھ بحث و تکرار کرتی نظر آئیں۔ ان کی موت سے قبل انھوں نے ٹوئٹر پر اپنے آپ کو نقصان پہنچانے سے متعلق ایک تصویر شیئر کی اور اس کے ساتھ ایک پیغام بھی جس سے یہ ظاہر ہوتا تھا کہ وہ شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہیں۔
اطلاعات کے مطابق پولیس نے گرفتار شخص کی شناخت ظاہر کیے بغیر بتایا ہے کہ اس نے کیمورا کے خلاف آن لائن گالم گلوچ والے کئی پیغامات شیئر کیے۔ ان کو کیمورا کی بے توقیری کرنے کی پاداش میں سزا سنائی گئی۔ جاپانی قوانین کے مطابق اس جرم پر 9,999 یوان تک جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔
جاپان میں کسی کی شہرت کو نقصان پہنچانے کے قوانین زیادہ سخت ہیں، جن کے تحت کسی شخص کو اس جرم کے ارتکاب پر 500،000 یوان تک جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔ یہ معلوم نہیں ہے کہ اس شخص کو اتنی کم سزا کیوں دی گئی تھی۔
سوشل میڈیر پر رد عمل
اس سزا کے بعد سوشل میڈیا پر بہت ہوئی کہ اس شخص کو بہت کم سزا سنائی گئی ہے۔
ٹوئٹر پر ایک صارف نے لکھا کہ یہ بہت ہی نرم سزا سنائی گئی ہے۔ جبکہ ایک دوسرے صارف نے اس قانون کو سرے سے ہی غلط قرار دیا۔
روزنامہ جاپان ٹائمز کے مطابق کیمورا کی موت کے پس منظر میں جاپان کی وزارت مواصلات نے ایسے اقدامات پر غور شروع کر دیا ہے کہ متاثرہ شخص کو آن لائن کردار کشی کرنے والے کے بارے میں معلومات دی جا سکیں۔


























