کورونا وائرس: ڈاکٹر انتھونی فاؤچی کے مطابق وائٹ ہاؤس نے کووڈ 19 کی سپرسپریڈر تقریب منعقد کی

وقت اشاعت

امریکہ میں وائرس کے ماہر ڈاکٹر انتھونی فاؤچی نے گذشتہ ماہ ایک محفل کی میزبانی کرنے پر وائٹ ہاؤس کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے کیونکہ ان کے خیال میں وہ محفل کووڈ 19 کے پھیلنے سے وابستہ ہے۔

ڈاکٹر فاؤچی وائٹ ہاؤس میں کورونا وائرس ٹاسک فورس کے رکن ہیں۔ انھوں نے کہا کہ صدر کی جانب سے اپنے عدالتی امیدوار کی رونمائی کے لیے منعقد کی جانے والی تقریب ’سپر سپریڈر ایونٹ‘ یعنی کورونا کے بہت زیادہ پھیلنے کی تقریب ثابت ہوئی۔

مبینہ طور پر وائٹ ہاؤس کے درجنوں معاونین اور اور ان کے رابطے میں آنے والے لوگوں میں انفیکشن کی تشخیص ہوئی ہے۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ڈاکٹروں نے انھیں عوامی تقریبات میں شرکت کی حال ہی میں اجازت دی ہے کیونکہ وہ چند روز قبل ہی کووڈ 19 سے صحت یاب ہوئے ہیں۔

مسٹر ٹرمپ کو تین راتیں ہسپتال میں گزارنے کے بعد پیر کے روز ہسپتال سے فارغ کیا گیا تھا۔ جمعے کی شام فاکس نیوز کو ایک انٹرویو میں ان سے ان علامات کے بارے میں پوچھا گیا جس کا انھوں نے انفیکشن کے دوران تجربہ کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیے

صدر نے کہا کہ وہ اپنے جسم میں طاقت کی کمی محسوس کر رہے تھے لیکن انھیں سانس لینے میں کوئی دشواری نہیں تھی۔

جب ان سے پوچھا گيا کہ کیا انھوں نے دوبارہ کورونا کی جانچ کرروائی تو انھوں نے کہا یا تو وہ ’سطح میں بالکل نیچے ہیں یا پھر آزاد ہیں‘ لیکن انھوں نے یہ نہیں کہا کہ کورونا کی جانچ کا نتیجہ منفی آیا ہے۔

دریں اثنا ایسی بات بھی کہی جا رہی ہے کہ ممکنہ طور پر ٹرمپ ہفتے کے روز وائٹ ہاؤس میں ذاتی طور پر ایک پروگرام کی میزبانی کرنے والے ہیں۔

ڈاکٹر فاؤچی نے کیا کہا؟

سی بی ایس نیوز نے جمعے کے روز پوچھا کہ ڈاکٹر فاؤچی وائٹ ہاؤس کی جانب سے ماسک پہننے اور سماجی دوری برقرار رکھنے والی احتیاطی تدابیر کے بجائے باقاعدگی سے جانچ پر بھروسہ کرنے کے بارے میں کیا سوچتے ہیں؟

اس کے جواب میں ڈاکٹر فاؤچی نے کہا: ’اعداد و شمار خود بولتے ہیں۔ ہمارے وائٹ ہاؤس میں ایک سپر سپریڈر ایونٹ منعقد ہوا جہاں لوگ بڑی تعداد میں یکجا ہوئے اور انھوں نے ماسک نہیں پہن رکھا تھا۔‘

ڈاکٹر فاؤچی نے یہ بھی کہا کہ ماہرین پچھلے چھ ماہ سے ماسک پہننے کی سفارش کر رہے ہیں اور انھوں نے کورونا وائرس کا ’علاج‘ آ گیا ہے جیسی بات کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ در اصل مسٹر ٹرمپ نے ملٹری ہسپتال میں اپنے حالیہ قیام کے دوران موصول ہونے والے تجرباتی کووڈ 19 علاج کے حوالے سے اس کا اظہار کیا تھا۔

26 ستمبر کو ہفتے کے روز وائٹ ہاؤس میں صدر کی طرف سے سپریم کورٹ کے جج کے طور پر ایمی کونی بیرٹ کی نامزدگی کے موقعے پر ایک تقریب منعقد ہوئی تھی جس میں شرکت کرنے والوں میں سے بہت سے لوگوں میں کووڈ 19 کی جانچ کا نتیجہ مثبت آیا ہے۔

کووڈ 19 کی وجہ سے اب بھی ملک کے دارالحکومت میں بڑے اجتماعات پر پابندی عائد ہے لیکن وائٹ ہاؤس جیسی وفاقی املاک کو اس سے استثنیٰ حاصل ہے۔

صدر ٹرمپ نے کس طرح کے پروگرام کی منصوبہ بندی کی ہے؟

ڈاکٹروں کے مطابق آج سنیچر کے دن ان کی کووڈ تشخیص کا دسواں دن ہے لیکن مسٹر ٹرمپ وائٹ ہاؤس کی بالکونی سے ساوتھ لان میں یکجا ہونے والے ایک گروپ سے خطاب کرنے والے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق اس تقریب کے لیے سیکڑوں افراد کو مدعو کیا گیا ہے۔

بہرحال وائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ تمام شرکا کو ماسک پہننے کی ضرورت ہو گی، ان کے درجہ حرارت کی جانچ ہو گی اور سماجی فاصلے کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔

وائٹ ہاؤس کے مطابق مسٹر ٹرمپ ’امن و امان‘ کے عنوان پر بات کریں گے۔ اس کے ساتھ یہ بھی کہا کہ یہ انتخابی مہم کے بجائے صدارتی تقریب ہو گی۔

گروپ بلیکزٹ کی بھی ایک تقریب ہو گی۔ یہ سیاہ فام ووٹرز کو اس بات کے لیے راضی کرنے کی مہم ہے کہ وہ ڈیموکریٹک پارٹی کو مسترد کر دیں۔

سوموار کے روز ٹرمپ کی انتخابی مہم فلوریڈا کے سان فورڈ میں ایک بڑی ریلی کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔

بحث و مباحثے کا کیا ہو گا؟

اگلے ہفتے ٹرمپ اور ان کے ڈیموکریٹک حریف جو بائیڈن کے مابین دوسرے صدارتی مباحثے کو باضابطہ طور پر منسوخ کر دیا گیا ہے۔

صدارتی مباحثوں کے کمیشن نے جمعے کو ایک بیان میں کہا ہے کہ دونوں پارٹیوں کی انتخابی مہم نے ’اس تاریخ کے لیے متبادل منصوبوں‘ کا اعلان کر رکھا ہے۔

ٹرمپ نے کمیشن کی جانب سے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خطرے کو کم سے کم کرنے کے لیے 15 اکتوبر کے مباحثے کو مجازی طور پر منعقد کرنے کی درخواست کو مسترد کر دیا تھا۔

کمیشن نے کہا کہ وہ ابھی بھی 22 اکتوبر کو ٹینیسی کے شہر نیش وِلے میں تیسرے اور آخری صدارتی مباحثے کے انعقاد کا انتظام کر رہا ہے۔

ٹرمپ کی انتخابی مہم نے کہا ہے کہ کمیشن جو بائیڈن کے حق میں ’جانبدار‘ ہے جبکہ ڈیموکریٹ کی ٹیم نے صدر پر اس بحث سے بھاگنے کا الزام لگایا ہے۔

صدر ٹرمپ کے حلقے میں کس کس کا ٹیسٹ مثبت آیا؟

مسٹر ٹرمپ کے انفیکشن کے بعد پہلے اجتماع کے اعلان نے واشنگٹن میں خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے کیونکہ وائٹ ہاؤس کے حکام ابھی بھی سابقہ تقریب کے شرکا کے رابطوں کی تلاش میں ہیں جس سے صدر ٹرمپ اور ان کی اہلیہ سمیت کئی ریپبلیکن سینیٹرز اور وائٹ ہاؤس کے دیگر افراد متاثر ہوئے تھے۔

ٹرمپ کے ڈاکٹروں کے مطابق گذشتہ جمعرات کو صدر کی کووڈ 19 کی جانچ کا نتیجہ مثبت آیا تھا لیکن انھوں نے ابھی یہ نہیں بتایا ہے کہ کب ان کی جانچ کا نتجیہ منفی آیا ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق حالیہ دنوں میں وائٹ ہاؤس کے 34 معاونین اور دیگر رابطوں کی کووڈ 19 کی جانچ میں نتیجہ مثبت آیا ہے۔

جمعے کے روز منیسوٹا کے محکمہ صحت نے بتایا کہ ریاست میں ٹرمپ کی 18 ستمبر کی مہم ریلی سے نو انفیکشن منسلک ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ شرکا میں سے کم از کم ایک شخص اس وقت متاثر تھا جس سے یہ معاملہ پھیلا اور دو لوگوں کو ہسپتال میں داخل کرنا پڑا جن میں سے ایک کو انتہائی نگہداشت کے شعبے میں رکھنا پڑا۔