طوفان ’ڈوریئن‘ کا رخ کینیڈا کی جانب، بہاماس میں امدادی سرگرمیاں تیز

اباکو جزائر

،تصویر کا ذریعہGetty Images

وقت اشاعت

سمندری طوفان ڈوریئن امریکہ کے مشرقی ساحل سے اب کینڈا کے صوبہ نووا سکوٹیا کی جانب بڑھ رہا ہے جبکہ اس کی زد میں آنے والے بہاماس کے کئی علاقوں میں امدادی سرگرمیاں تیز کردی گئیں ہیں۔

نجی طیاروں اور ہیلی کاپٹرز کو اباکو جزائر اور گرینڈ بہاما میں پھنسے افراد کی مدد کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔

اس طوفان کےنتیجے میں ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 43 ہو گئی ہے تاہم اس میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

امریکی پیشگوئی کے مطابق اس طوفان سے آنے والی ہواؤوں کی رفتار اب 155 کلومیٹر فی گھنٹہ ہو گئی ہے اور یہ پہلے درجے سے دوسرے درجے میں داخل ہو چکا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

یاد رہے کہ گذشتہ اتوار بہاماس سے ٹکرانے والا ڈوریئن طوفان درجہ پانچ کا طوفان تھا۔

حکام کو یقین ہے کہ اس طوفان سے تباہ و برباد ہونے والے علاقوں سے ابھی کئی لاشیں ملنا باقی ہیں۔

اباکو جزائر

،تصویر کا ذریعہGetty Images

امدادی سرگرمیوں کی صورتحال

اقوام متحدہ کے حکام کے مطابق گرینڈ بہاما اور اباکو جزائر میں تقریباً 70 ہزار افراد کو امداد کی ضرورت ہے۔

ورلڈ فوڈ پروگرام کے مطابق مارش ہاربر میں تقریباً 90 فیصد گھر اور عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے جبکہ ہزاروں افراد نے ایک حکومتی عمارت، میڈیکل سینٹر اور چرچ میں معمولی ساز و سامان کے ساتھ پناہ لے رکھی ہے۔

اباکو سے نکل کر دارالحکومت ناسو پہنچنے والے افراد اس طوفان سے ہونے والی تباہ کاریوں کی داستان ساتھ لے کر آ رہے ہیں۔

ہفتے کے روز اباکو ایئرپورٹ کسی حفاظتی مقام تک پہنچنے کے جہاز کا انتظار کرتی ایک خاتون چمیکا ڈورزیئر نے بتایا: ’جس گھر میں ہم رہتے تھے وہ ہمارے اوپر آ گرا، ہمیں رینگنا پڑا اور ہم رینگ کر باہر نکلے۔‘

انھوں نے مزید کہا: ’تقریباً ایک ہفتہ ہو چکا ہے اور لوگ ابھی تک یہاں ہیں۔ لوگوں کے پاس کھانے کو کچھ نہیں، پینے کو کچھ نہیں۔ لاشیں ابھی بھی ادھر ادھر پڑی ہیں اور یہ جراثیم سے پاک نہیں۔‘

کینیڈا کے محکمہ موسمیات نے صوبہ نووا سکوٹیا اور نیو فاؤنڈ لینڈ کے علاقوں میں طوفان کی وارننگ جاری کر دی ہے۔