امریکی ریاست کیلیفورنیا میں فائر فائیٹرز نے پہاڑی شیر کو درخت سے ’بچا لیا‘

امریکی تیندوا

،تصویر کا ذریعہCalifornia Department of Fish and Wildlife

وقت اشاعت

امریکی ریاست کیلیفورنیا میں حکام کے مطابق ایک بہت بڑی بلی کو درخت سے بچا لیا گیا۔

یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب کیلیفورنیا میں ایک جائیداد کے مالک نے باغ میں کام کرتے ہوئے اس بڑی بلی کو درخت پر دیکھا۔

پہاڑی شیر یا امریکی تیندوے کو 50 فِٹ اونچی درخت کی شاخ پر دیکھے جانے کے بعد امریکی فائر فائیٹرز سان برنارڈینو میں واقع اس جائیداد پر پہنچے۔

فائر فائیٹرز نے اس علاقے کو خالی کرنے کے بعد اس جانور کو بے ہوش کیا اور ایک زین استمعال کرتے ہوئے اسے زمین پر اتار لیا۔

یہ بھی پڑھیے

امریکی تیندوا

،تصویر کا ذریعہCalifornia Department of Fish and Wildlife

ماہرینِ حیاتیات کی جانب سے جانور کی تشخیص کے بعد اسے جنگل میں چھوڑ دیا گیا۔

کیلیفورنیا کی فش اور وائلڈ لائف ڈپارٹمنٹ سے وابستہ ماہر حیاتیات کیون برینن کا کہنا ہے ’یہ پہاڑی شیروں کے لیے باہر گھومنے، اپنے علاقے کو قائم کرنے کی کوشش اور اپنے رہنے کی جگہ بنانے کی عام عادت ہے۔‘

محکمہ وارڈن کے ریک فشر کا کہنا ہے کہ جانور کو درخت سے کھینچنا مشکل ہو سکتا تھا اگر فائر فائیٹرز سنیچر کی دوپہر کو منٹوں کے اندر اندر اپنے ساتھ سیڑھی لے کر نہ آتے۔

ریک فشر کا سان بررناڈینو کاؤنٹی فائر کے فیس بک اکاؤنٹ پر پوسٹ کیے جانے والے بیان میں کہنا تھا ’شیر کو درخت پر چھوڑ دینا کمیونٹی کے لیے محفوظ نہیں تھا۔‘

امریکی تیندوا

،تصویر کا ذریعہCalifornia Department of Fish and Wildlife

امریکی تیندوے جنھیں پہاڑی شیروں، پینتھروں یا پیوماز کے طور پر بھی جانا جاتا ہے، جنگلی بلی خاندان کے رکن ہیں۔

کولوراڈو پارکس اینڈ وائلڈ لائف حکام کے مطابق پہاڑی شیر شازو نادر حملے کرتے ہیں اور ایک صدی سے زیادہ عرصے کے دوران ان کے حملوں میں کم سے کم ایک درجن افراد ہلاک ہوئے ہیں۔