سمگلرز نے ڈرونز کے ذریعے پولیس کی نگرانی کی!

،تصویر کا ذریعہAFP
آسٹریلوی حکام کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر منشیات سمگل کرنے والے ایک گروہ نے بڑی تعداد میں کوکین سمگل کرنے کے لیے ڈرون کے ذریعے پولیس کی نگرانی کی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ یہ منشیات جن کی قیمت تین کروڑ آسٹریلین ڈالرز تھی، کو پاناما سے میلبرن آنے والے بحری جہاز میں ایک کنٹینر میں لایا گیا۔
سمگلنگ کی اس کوشش میں چار آسٹریلین، دو کینیڈین اور ایک برطانوی شہری کو گرفتار کیا گیا ہے۔
پولیس نے منشیات کے علاوہ پانچ لاکھ 80 ہزار آسٹریلین ڈالر بھی ضبط کیے ہیں۔
آسٹریلین فیڈرل پولیس کمشنر جان بیوریج کا کہنا ہے کہ جس طریقے سے پولیس کی نگرانی کرنے کے لیے ڈرون کا استعمال کیا گیا اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ منشیات کے سمگلر وقت کے ساتھ ساتھ جدید طریقے استعمال کر رہے ہیں۔
انھوں نے کہا 'سمگلرز نے تفتیش کاروں کی نگرانی کے لیے ڈرونز کا استعمال کیا۔'
پولیس کمشنر نے تفتیش کاروں کی جانب سے سمگلرز کی نگرانی کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو سراہا۔
میلبرن پہنچنے والے بحری جہاز 'سپیرٹ آف شنگھائی' سے پکڑے جانے والے تین بیگوں میں سے 92 کلو کوکین برآمد ہوئی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
پولیس نے پانچ لاکھ 80 ہزار آسٹریلین ڈالرکی رقم اس وقت ضبط کی جب جمعرات کو میلبرن میں ایک مکان پر دھاوا بولا گیا۔
پولیس کے مطابق جن سات افراد کو گرفتار کیا گیا ہے ان کی عمریں 21 سے 33 سال کے درمیان ہیں۔



















