آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
انڈیا کا نیا ریکارڈ، لگاتار چار مرتبہ اننگز کی شکست دینے والی پہلی ٹیم
انڈیا کی کرکٹ ٹیم کولکتہ ٹیسٹ میں بنگلہ دیش کو ایک اننگز 46 رنز سے شکست دے کر کرکٹ کی تاریخ میں وہ پہلی ٹیم بن گئی ہے جس نے لگاتار چار میچوں میں اپنے حریفوں کو اننگز کی شکست دی ہو۔
یہ انڈیا کا پہلا پنک بال ٹیسٹ تھا جس میں اس نے بنگلہ دیش کو میچ کے تیسرے ہی روز شکست دے کر دو میچوں کی سیریز 2-0 سے اپنے نام کر لی۔
اس سے قبل انڈیا نے بنگلہ دیش کو اندور میں ایک اننگز اور 130 رنز، جنوبی افریقہ کو رانچی میں ایک اننگز اور 202 رنز اور جنوبی افریقہ کو ہی پونے میں ایک اننگز اور 137 رنز سے شکست دی تھی۔
یہ بھی پڑھیے
کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں کھیلے جانے والا ٹیسٹ میچ فاسٹ بولرز کے نام رہا۔ حیران کن طور پر انڈیا کی سپن بولرز کے لیے موافق وکٹوں پر سپنرز نے ایک بھی وکٹ حاصل نہیں کی۔
کرکٹ کے تجزیہ کار عام طور پر پنک بال ٹیسٹ میچوں میں فاسٹ بولرز کی کامیابی کی وجہ فلڈ لائٹس میں کھیلنا اور پنک بال کی ساخت کو گردانتے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
انڈین فاسٹ بولرز نے اس ٹیسٹ میں 19 وکٹیں حاصل کیں۔ ایشانت شرما نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی اننگز میں پانچ جبکہ دوسری اننگز میں چار آؤٹ کیے۔
اسی طرح امیش یادو نے ان کا بھرپور ساتھ دیتے ہوئے میچ میں آٹھ وکٹیں حاصل کیں۔
اتوار کے روز بنگلہ دیش نے اپنی دوسری اننگز چھ وکٹوں کے نقصان پر دوبارہ شروع کی تو اسے اننگز کی شکست سے بچنے کے لیے صرف 89 رنز درکار تھے لیکن انڈین بولرز نے بقیہ چار کھلاڑیوں کو بھی پہلے ہی سیشن میں پولین کی راہ دکھا دی۔
اس سے قبل انڈیا نے اپنی پہلی اننگز صرف 347 رنز سکور کرنے اور 241 رنز کی برتری سمیٹنے کے بعد ڈکلیئر کر دی تھی۔ انڈیا کی جانب سے کپتان وراٹ کوہلی 136 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
اس کے بعد بنگلہ دیش کی بیٹنگ دوسری اننگزکے آغاز میں ایک مرتبہ پھر لڑکھڑا گئی۔ ایک موقع پر تو بنگلہ دیش کے صرف 13 رنز پر چار کھلاڑی پولین لوٹ چکے تھے۔
تاہم مشفیق الرحیم نے ایسے موقع پر ٹیم کو سہارا دیتے ہوئے 74 رنز کی اہم اننگز کھیلی اور میچ کو تیسرے دن میں دھکیلا۔ ان کے علاوہ بنگلہ دیش کا کوئی بلے باز نصف سنچری بھی سکور نہ کر سکا۔
یاد رہے کہ بنگلہ دیش کی ٹیم پہلی اننگز میں صرف 106 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔