برازیل پیرو کو ہرا کر 12 سال بعد کوپا امریکہ کا چیمئین بن گیا

،تصویر کا ذریعہGetty Images
میزبان ملک برازیل نے پیرو کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے کر 12 سال بعد کوپا امریکا فٹ بال ٹائٹل اپنے نام کر لیا ہے۔
برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو کے تاریخی ماراکانا سٹیڈیم میں گیبرئیل جیزز نے برازیل کی جانب سے نہ صرف ایک گول کیا اور دوسرے گول میں معاونت کر کے برازیل کے لیے جیت کی راہ ہموار کی۔
مانچسٹر سٹی کے فارورڈ کھلاڑی جیزز نے اپنے فیصلہ کن دوسرے گول سے قبل ساتھی ایورٹن کو خوبصورت پاس دے کر برازیل کے لیے پہلے گول کے لیے راہ ہموار کی تھی جو 15ویں منٹ میں ان کے ساتھی ایورٹن نے کیا تھا۔
اس کے بعد 41ویں منٹ میں پیرو کی جانب سے پاؤلو گیریرو نے پیرو کی طرف سے پینالٹی کک پر گول کر کے میچ برابر کر دیا لیکن اس کے چند منٹ بعد ہی جیزز نے پہلے ہاف کے اختتامی مرحلے پر برازیل کو دوبارہ سبقت دلا دی۔
یہ بھی پڑھیے
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
برازیل کے جیزز کو میچ ختم ہونے سے 20 منٹ قبل دوسرا ییلو کارڈ دکھایا گیا جس کی وجہ سے انھیں ریڈ کارڈ مل گیا اور وہ میدان سے باہر چلے گئے تاہم برازیل کے رچرلیسن کی جانب سے پنالٹی کک پر کیے گیے گول نے برازیل کی فتح کو یقینی بنا دیا۔
اس جیت نے جیزیز کو کافی اطمینان بخشا ہو گا کیونکہ ییلو کارڈ دکھائے جانے پر وہ روتے ہوئے میدان سے باہر گئے تھے اور غضےمیں انھوں نے پانی کی بوتل کو لات مارنے کے ساتھ ساتھ مانیٹر کو بھی دھکیلا تھا۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
یہ نواں موقع ہے جب برازیل نے کوپا امریکا فٹ بال ٹائٹل اپنے نام کیا ہے، اور سنہ 2016 اولمپکس مقابلوں میں سونے کا تمغہ جیتنے کے بعد سے یہ ان کی پہلی فتح ہے۔
اس جیت نے برازیل کے کوپا امریکہ فٹ بال مقابلوں کی میزبانی کرتے ہوئے ہر مرتبہ اس کو جیتنے کے ریکارڈ کو بھی برقرار رکھا ہے۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
پیرو کی ٹیم جس نے دفاعی چیمئین چلی کو سیمی فائنل میں مشکل میں ڈال دیا تھا نے ہاف ٹائم سے کچھ وقت پہلے پنالٹی پر گول کر کے سکور برار کر دیا تھا۔ مگر جیزز نے پھر میدان سنبھالتے ہوئے پہلے ہاف کے آخری لمحات میں ایک اور گول کر دیا۔
خواتین فٹ بال ورلڈ کپ
جبکہ دوسری طرف خواتین کے فٹ بال کے عالمی مقابلے میں امریکہ نے نیدرلینڈز کو دو صفر سے ہرا کر ریکارڈ چوتھی مرتبہ خواتین کا ورلڈ کپ جیت لیا ہے۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
امریکی خواتین فٹ بال کھلاڑی میگن راپینو کی پنالٹی اور روز لاویل کے دوسرے ہاف میں شاندار گول کی بدولت امریکہ کو کامیابی ملی۔
پہلے ہاف میں نیدرلینڈز کی ٹیم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور دفاعی چیمئین امریکہ پر دباؤ بنائے رکھا۔
دفاعی چیمیئین امریکہ کا یہ چوتھا عالمی ٹائٹل ہے۔ اس سے قبل انھوں نے 1991، 1999 اور 2015 میں یہ مقابلہ جیتا تھا۔



























