'زلزلے کے الارم کی آواز بہت دیر سے سنائی دی'

،ویڈیو کیپشنمیکسیکو میں شدید زلزلے کے نتیجے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 200 سے تجاوز کر گئی
وقت اشاعت

میکسیکو کے مرکز میں منگل کو آنے والے شدید زلزلے کے بعد بہت سے سوشل میڈیا صارفین نے یہ شکایت کی ہے کہ شہریوں کو زلزلے سے الرٹ کرنے کے لیے موجود وارننگ سسٹم صحیح طور پر کام نہیں کر رہا۔

میکسیکو سٹی کی روما کالونی میں رہنے والے روبرٹو رائٹاریا نے بی بی سی کو بتایا کہ عمارتوں کے گرنے کی آواز بہت تیز تھی اور 'زلزلے کے الارم کی آواز بہت دیر سے سنائی دی‘۔

اس شدید زلزلے کے نتیجے میں میکسیکو میں 200 سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے جبکہ درجنوں عمارتیں منہدم ہو گئیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ مرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

سوشل میڈیا پر پوسٹ ہونے والی کچھ ویڈیوز میں بہت سے لوگ یہ کہہ رہے ہیں کہ انھوں نے کھلی جگہ پر پہنچنے سے قبل زلزلے سے متعلق الرٹ کرنے والے الارم کی آواز سنی تھی۔

میکسیو زلزلہ

زلزلے کی شدت کو ریکارڈ کرنے والے ادارے سی آئی آر ای ایس کے ایک افسر کے مطابق 'زلزلے کی وارننگ ریڈیو، ٹی وی اور لاؤڈ سپیکرز کے ذریعے بروقت دی گئی تھی۔'

بی بی سی نے پوچھا کہ مختتلف علاقوں میں یہ الارم جلدی یا دیر سے کیوں سنا گیا؟

اس کے جواب میں متعلقہ ادارے میں شعبہ ریسرچ کے رکن آرمینٹو کوائر مارٹینز نے بتایا کہ میکسیکو میں مختلف جگہوں پر مختلف قسم کی مٹی پائی جاتی ہے اس لیے کچھ لوگوں نے الارم کو تھوڑی دیر کے لیے سنا‘۔

میکسیکو زلزلہ

روما کالونی جیسے علاقے کی مٹی نرم ہے اور دیگر علاقوں کی نسبت وہاں پہلے زلزلہ محسوس ہوا۔

آرمینٹو کوائر مارٹینز کہتے ہیں کہ 'اگرچہ الارم کام کر رہا تھا، لیکن ان علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو الارم سنائی دینے سے پہلے زمین کا اوپر اٹھنا محسوس ہوا جس کی وجہ لوگوں میں اچانک خوف پیدا ہوا۔ سخت زمین پر ایسا دیر سے ہوتا ہے۔'

میکسیکو

ماہرین کا کہنا ہے کہ زلزلے کے وقت کچھ سیکنڈز زندگیاں بچانے کے لیے بہت اہم ہوتے ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ اس وقت الارم کے نظام پر بہت کچھ منحصر ہوتا ہے کہ لوگ خود کو تیار کر لیں۔

کوائر مارٹینز کہتے ہیں کہ آٹھ ستمبر کو زلزلہ آنے سے دو منٹ پہلے الارم سنائی دیا۔ وجہ یہ تھی کہ میکسیکو سے بہت دور زلزلہ آیا تھا لیکن اس مرتبہ آنے والے زلزلے کا مرکز فقط 170 سے 180 کلومیٹر کی دوری پر تھا۔

مختصراً یہ کہ اگر زلزلے کا مرکز کسی بھی جگہ موجود الارم سسٹم کے قریب ہے تو اسے محسوس کرنے کے لیے آپ کے پاس بھی کم وقت ہوگا۔

میکسیکو زلزلہ

میکسیکو میں یہ الارم سسٹم سنہ 1991 میں لگایا گیا تھا۔

یہ سسٹم زلزلے کی صورت میں زمین کی حرکت کو مانیٹر کرتا ہے اور فوری طور پر ریڈیو، ٹی وی، فون اور لاؤڈسپیکر کے ذریعے ملکی دارالحکومت اور دیگر شہروں میں وارننگ جاری کرتا ہے۔