یاسر شاہ: قومی کرکٹر خلاف مبینہ ریپ میں معاونت کا الزام، پولیس تفتیش کے بعد ایف آئی آر سے نام خارج

یاسر شاہ

،تصویر کا ذریعہReuters

وقت اشاعت

پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیگ سپنر یاسر شاہ کو مبینہ زیادتی کیس میں اعانتِ جرم کے الزامات سے بری الذمہ قرار دیتے ہوئے اُن کا نام اس حوالے سے درج ہونے والی ایف آئی آر سے خارج کر دیا گیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات اور دستاویزات کے مطابق یاسر شاہ کا نام متاثرہ خاتون کی غلط بیانی کی وجہ سے ایف آئی آر میں شامل کیا گیا اور یہ کہ اب قومی کرکٹر کا اس کیس سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

اس حوالے سے ایف آئی آر کی ضمنی رپورٹ بھی جاری کر دی گئی ہے۔

یاد رہے کہ گذشتہ ماہ یاسر شاہ کا نام ایک مبینہ ریپ کیس میں اعانت جرم کے الزامات کے تحت ایف آئی آر میں درج کیا گیا تھا۔ ان پر الزام تھا کہ انھوں نے اپنے ایک دوست کی مدد کی جس نے ایک 14 برس کی لڑکی کا مبینہ ریپ کیا۔

19 دسمبر کو اسلام آباد کے شالیمار تھانے میں درج ہونے والی ایف آئی آر کی تفصیلات کے مطابق یاسر شاہ کے فرحان نامی ایک مبینہ دوست پر 14 برس کی لڑکی کے ساتھ ریپ کرنے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ یہ مقدمہ لڑکی کی خالہ کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

درخواست کے مطابق جب متاثرہ لڑکی ٹیوشن کے لیے جا رہی تھی، تو فرحان نے اسے ٹیکسی میں بٹھایا اور اسلام آباد کے ایف الیون سیکٹر کے ایک اپارٹمنٹ پر لے گیا، جہاں مبینہ طور پر فرحان نے گن پوائنٹ پر جنسی زیادتی کی اور ویڈیو بھی بنائی۔

ایف آئی آر کے مطابق یاسر شاہ نے لڑکی کو یہ دھمکی دی کہ اگر اس نے کسی کو شکایت کی تو پھر وہ اسے اپنے اثر و رسوخ کے ذریعے کسی بھی مقدمے میں پھنسا سکتا ہے۔

کرکٹر یاسر شاہ

،تصویر کا ذریعہSocial Media

،تصویر کا کیپشنیاسر شاہ

تھانہ شالیمار کے ایس ایچ او ٹیپو سلطان نے کہا تھا کہ کرکٹر یاسر شاہ پر کوئی براہ راست الزام عائد نہیں کیا گیا تھا جس کی وجہ سے فوری طور پر پولیس اُن سے تفتیش یا گرفتاری سے متعلق غور نہیں کر رہی ہے۔

واضح رہے کہ ایف آئی آر میں یاسر شاہ پر ہراسانی اور ریپ میں معاونت جیسے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ ’ہمارے علم میں آیا ہے کہ ہمارے سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ ایک کھلاڑی پر چند الزامات عائد کیے گئے ہیں. پی سی بی فی الحال اس حوالے سے معلومات اکٹھی کر رہا ہے اور جب تک اس سلسلے میں مکمل حقائق سامنے نہیں آ جاتے اس پر کوئی تبصرہ نہیں کیا جائے گا۔‘

تاہم بدھ کے روز پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس کیس کی ضمنی اور ایف آئی آر سے یاسر شاہ کی بریت سے متعلق تفصیلات میڈیا کے ساتھ شیئر کی ہیں۔