ایک لاکھ پاکستانیوں کو قطر ویزے دے گا: قونصل جنرل

قطر

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنقطر پاکستان کے نذیک ترین خلیجی ملک ہے
وقت اشاعت

کراچی میں قطر کے قونصل جنرل مشعل ایم الانصاری نے کہا ہے کہ ان کا ملک مختلف شعبوں میں پاکستان کے ہنر منداور غیر ہنر مند افراد کو ایک لاکھ ویزے جاری کرے گا۔

پاکستان کے سرکاری نشریاتی ادارے ریڈیو پاکستان کے مطابق کراچی کے قریب مٹیاری کا دورہ کرتے ہوئے قطر کے قونصل جرنل نے کہا کہ قطر نے کراچی اور اسلام آباد میں ویزا دفاتر کھول دیئے ہیں تاکہ پاکستان کے ہنر مند اور غیر ہنر مند افراد قطر کے ویزا حاصل کرنے کے لیے درخواستیں دے سکیں۔

قطر کے قونصل جنرل نے مزید کہا کہ ان کی حکومت پاکستان سے تعلقات بہتر کرنے کی خواہش مند ہے اور اس سلسلے میں بھرپور کوششیں کی جا رہی ہیں اور پاکستان کی طرف سے کی جانے والی پیش کشوں پر مثبت انداز میں غور کیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

یاد رہے کہ قطر کا شمار دنیا کے امیر ترین ملکوں میں ہوتا ہے اور قطر اور پاکستان کے درمیان زیادہ فاصلہ بھی نہیں ہے۔

آم

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنپاکستانی آم انتہائی میٹھے ہوتے ہیں

انھوں نے کہا کہ قطر میں فی الوقت ڈیڑھ لاکھ پاکستانی کام کر رہے ہیں۔

قطر کے قونصل جنرل نے مٹیاری کے علاقے کے دورے کے دوران کہا کہ وہ پہلی مرتبہ پاکستان میں زراعی پیدوار دیکھنے کے لیے آئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ انھیں پاکستان کے آم بہت پسند ہیں۔

قطر پہلے ہی پاکستان سے سبزیاں اور پھل درآمد کر رہا ہے۔

سندھ چیمبر آف کامرس کے نائب صدر نبی بخش سیتھو نے قطر کے قونصل جنرل سے کہا کہ سندھ کے کاتشکاروں کو اپنی پیداوار خاص طور پر تازہ پھل اور سبزیاں قطر بھیجنے میں سہولت دینے کے لیے خصوصی اقدامت کیے جائیں۔

سندھ چیمبر آف ایگرکلچر کے جنرل سیکریٹری زاہد حسین بھرگری نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو قطر کے سفیر سے ہونے والی بات چیت کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ قطر پاکستان سے آم درآمد کرنے میں خصوصی دلچسپی رکھتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ خاص طور چونسا اور سندھڑی جیسے آم وہ پاکستان سے درآمد کرنا چاہتا ہے جن کی مثال دنیا بھر میں کہیں نہیں ملتی۔