ناروے کی خواتین سے مار پیٹ کرنے والی اہلکار برطرف

،تصویر کا ذریعہGetty Images
- مصنف, شہزاد ملک
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
- وقت اشاعت
وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے کے حکام نے اسلام آباد کے بےنظیر بھٹو انٹرنیشل ایئرپورٹ پر دو خواتین پر تشدد کرنے والی خاتون اہلکار کو نوکری سے برطرف کر دیا ہے۔
چند روز قبل ناروے کی پاکستانی نژاد ماں بیٹی اسلام آباد سے ناروے جا رہی تھیں کہ بےنظیر بھٹو ایئرپورٹ کے راول لاؤنج میں دستاویزات کی کلیئرنس کے معاملے پر وہاں پر تعینات ایف آئی اے امیگریشن حکام کے ساتھ اُن کی تلخ کلامی ہو گئی۔
عینی شاہدین کے مطابق ناروے کی شہری خواتین کی تلخ کلامی کاؤنٹر پر تعینات مرد امیگریشن اہلکاروں کے ساتھ ہوئی تاہم اس دوران خاتون اہلکار غزالہ شاہین وہاں آ گئیں اور اُنھوں نے دونوں خواتین کو، جن کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ وہ ماں بیٹی تھیں، نہ صرف بالوں سے گھسیٹا بلکہ اُنھیں مارا پیٹا۔
عینی شاہدین کے مطابق وہاں پر تعینات امیگریشن کے اہلکار کچھ دیر تو خاموش تماشائی بن کر کھڑے رہے اور اس کے بعد اُنھوں نے بیچ بچاؤ کروا دیا۔
اس واقعے سے متعلق جب ایک ویڈیو ٹی وی چینلوں اور سوشل میڈیا پر چلی جس میں خواتین کو امیگریشن حکام کے ساتھ جھگڑا کرتے ہوئے دکھایا گیا تو وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے اس کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دے دیا۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
تحقیقاتی کمیٹی نے اپنی ابتدائی رپورٹ وزیر داخلہ کو بھجوا دی ہے جس میں ناروے کی شہری خواتین کو ذمہ دار قرار دیا گیا ہے لیکن اسی دوران غزالہ شاہین کی ان غیر ملکی خواتین پر تشدد کی ویڈیو سامنے آئی تو وزیر داخلہ کی جانب سے سخت ناراضی کا اظہار کیا گیا اور اُنھوں نے ایف آئی اے کے ڈائریکٹر جنرل کو اس واقعے سے متعلق تحقیقات کا حکم دیا۔
ایف آئی اے کے حکام کے مطابق تفتیش کے دوران غزالہ شاہین کو ذمہ دار قرار دیا گیا جس کے بعد اُنھیں نوکری سے برطرف کر دیا تھا۔ غزالہ شاہین کانسٹیبل کے عہدے پر تعینات تھیں۔
تحقیقاتی کمیٹی نے شفٹ انچارج محمد ندیم کے خلاف تادیبی کارروائی کے لیے ایف آئی اے حکام کو سفارش کی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
واضح رہے کہ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے بھی اس واقعے کا از خود نوٹس لیا ہے اور اُنھوں نے حکام سے اس ضمن میں رپورٹ بھی طلب کی ہے۔





















