آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

’اسرائیل مصر کے راستے امداد کی غزہ آمد میں رکاوٹ نہیں ڈالے گا‘: ہسپتال میں دھماکے کا ذمہ دار اسرائیل نہیں،‘ امریکہ

امریکی صدر جو بائیڈن نے اسرائیلی وزیراعظم سے ملاقات میں کہا ہے کہ جو کچھ انھوں نے دیکھا ہے اس سے بظاہر لگتا ہے کہ غزہ کے الاہلی ہسپتال پر حملہ اسرائیل کا نہیں بلکہ دوسرے فریق کا کام ہے تاہم ایسے لوگوں کی بھی کمی نہیں جنھیں اس بات کا یقین نہیں۔

لائیو کوریج

  1. بریکنگ, اسرائیل کی غزہ میں موجود لوگوں کو نقل مکانی کرنے کی وارننگ

    اسرائیل نے اب بھی غزہ میں موجود لوگوں کو جنوب کی طرف جانے کی وارننگ دہرائی ہے۔

    اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ فلسطینی انکلیو کے ساحل کی طرف المواسی میں ’انسانی بنیادوں پر محفوظ علاقہ‘ امداد کے ساتھ موجود ہے۔

    اسرائیلی فوج نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں غزہ شہر کے رہائشیوں سے ’اپنے تحفظ کے لیے جنوب سے نقل مکانی کرنے‘ کا مطالبہ کیا۔

    اسرائیل کی جانب سے حماس کے خلاف متوقع زمینی کارروائی کے لیے تیار ہونے پر لاکھوں فلسطینی شمالی غزہ سے پہلے ہی نکل چکے ہیں۔

  2. اب تک کی تازہ صورتحال

    • غزہ کے الاہلی عرب ہسپتال میں دھماکے کے نتیجے میں سینکڑوں افراد کی ہلاکت کا خدشہ ہے۔ حماس نے کہا کہ اس حملے کی ذمہ دار اسرائیلی فوج ہے۔ اسرائیل نے اس حملے کا ذمہ دار غزہ کے مسلح گروہ فلسطینی اسلامی جہاد کو قرار دیا ہے۔
    • مقبوضہ مغربی کنارے اور دنیا بھر کے بڑے شہروں میں مظاہرے پھوٹ پڑے ہیں اور کئی عالمی رہنماؤں نے دھماکے کی مذمت کی ہے اور کئی نے جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔
    • امریکی صدر جو بائیڈن کے چند گھنٹوں میں اسرائیل پہنچنے کی توقع ہے تاہم ہسپتال میں ہونے والے بم حملے کے بعد اردن میں عرب رہنماؤں کے ساتھ طے شدہ سربراہی اجلاس منسوخ کر دیا گیا ہے۔
    • بائیڈن کو اپنے غیر معمولی جنگی زون کے دورے کے دوران اسرائیل کے لیے اپنی حمایت اور جنگ میں کی انسانی جانوں کے بارے میں خدشات میں توازن رکھنا ہو گا۔
    • غزہ میں انسانی بحران گہرا ہوتا جا رہا ہے، امریکہ نے کہا ہے کہ وہ ’مصر سے غزہ تک امداد پہنچانے کے لیے ایک فریم ورک کے قریب پہنچ رہا ہے اور جلد رفح کراسنگ کے کھلنے کا امکان ہے۔ مصر کے ساتھ غزہ کی سرحد پر رفح کراسنگ غزہ کا وہ واحد داخلی راستہ ہے جو اسرائیل کے کنٹرول میں نہیں ہے۔
    • خبر رساں ادارے روئٹرز نے رپورٹ کیا ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل بدھ کو برازیل کی طرف سے تیار کردہ ایک قرارداد پر ووٹنگ کرے گی جس میں غزہ کی پٹی تک امداد کی رسائی کی اجازت دینے کے لیے تنازعے میں ’انسانی ہمدردی کی بنیاد پر جنگ بندی‘ کا مطالبہ کیا جائے گا۔
  3. ملالہ یوسفزئی کی غزہ ہسپتال حملے کی مذمت، فلسطینیوں کے لیے تین لاکھ ڈالر کی امداد کا اعلان

    ملالہ یوسف زئی نے غزہ میں ہسپتال پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔

    سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ان کا کہنا تھا کہ ’میں غزہ میں ہسپتال پر بمباری دیکھ کر شدید رنج میں ہوں اور اس کی واضح الفاظ میں مذمت کرتی ہوں۔ میں اسرائیلی حکومت پر زور دیتی ہوں کہ وہ غزہ میں انسانی بنیادوں پر امداد کی اجازت دے اور جنگ بندی کرے۔‘

    انھوں نے ’فلسطین کے جنگ زدہ شہریوں کی امداد کے لیے خیراتی اداروں کو تین لاکھ ڈالرز ‘امداد دینے کا بھی اعلان کیا۔

  4. بریکنگ, کینیڈین وزیر اعظم کی غزہ ہسپتال حملے کی مذمت، تحقیقات کا مطالبہ

    کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹس ٹروڈو نے غزہ کے الاہلی عرب ہسپتال پر حملے اور اس کے نتیجے میں ہونے والی سینکڑوں ہلاکتوں کی مذمت کرتے ہوئے اس واقع کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

    کینیڈین وزیر اعظم نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے ایک بیان میں کہا کہ ’مجھے غزہ کے الاہلی عرب ہسپتال پر حملے کے نتیجے میں جانوں کے ضیاع پر شدید دکھ ہے۔ میری نیک تمنائیں ان لوگوں کے ساتھ ہیں جنھوں نے اپنے پیاروں کو کھو دیا ہے۔‘

    انھوں نے مزید کہا کہ ’یہ ضروری ہے کہ بے گناہ شہریوں کو تحفظ فراہم کیا جائے اور بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کی جائے۔ ہمیں مل کر اس بات کا تعین کرنا چاہیے کہ کیا ہوا۔ اس کی تحقیقات اور احتساب ہونا چاہیے۔‘

  5. بریکنگ, اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا ’فوری انسانی بنیادوں پر جنگ بندی‘ کا مطالبہ

    اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوتیریز نے اسرائیل اور غزہ جنگ میں فوری طور پر ’انسانی بنیادوں پر جنگ بندی‘ کا مطالبہ کیا ہے۔

    بیجنگ میں ایک فورم سے خطاب کرتے ہوئے جہاں چینی صدر شی اور روسی صدر پوتن دونوں ہی موجود تھے، انھوں نے اپنے خطاب کے اختتام پر کہا کہ انھیں لگتا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں جو کچھ ہو رہا ہے اس پر توجہ دینا ہو گی۔

    انھوں نے کہا کہ ’میں فوری طور پر انسانی بنیادوں پر جنگ بندی کا مطالبہ کرتا ہوں۔۔۔ اس ہولناک انسانی بحران کو کم کرنے کے لیے جس کا ہم مشاہدہ کر رہے ہیں۔‘ انھوں نے کہا کہ ’ہمیں انسانی جانوں اور پورے خطے کی صورتحال کو توازن رکھنا ہو گا۔‘

  6. بریکنگ, اسرائیل نے ہسپتال پر حملے کی ’ذمہ داری سے واضح طور پر انکار‘ کیا ہے: وائٹ ہاؤس

    امریکی صدارتی دفتر وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ وہ اسرائیل کی جانب سے غزہ کے ہپسپتال پر حملے کے ’واضح طور پر‘ انکار کو تسلیم کرتا ہے۔

    وائٹ ہاؤس کے ترجمان جان کربی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’اسرائیل نے واضح طور پر اور سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا اس حملے سے کچھ لینا دینا نہیں ہے۔‘

    فلسطینی حکام کا کہنا ہے کہ غزہ کے الاہلی عرب ہسپتال پر حملے میں 500 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ حماس نے اس حملے کے لیے اسرائیل کو مورد الزام ٹھہرایا جبکہ اسرائیل نے ایک اور فلسطینی گروہ اسلامی جہاد پر اس حملے کا الزام عائد کیا ہے۔

    تاہم دونوں نے اس حملے کی ذمہ داری سے انکار کیا ہے۔

    صدر جو بائیڈن اسرائیل سے یکجہتی کا اظہار کرنے اور رہنماؤں کے ساتھ جنگی منصوبوں پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے بدھ کو اسرائیل پہنچ رہے ہیں۔

    لیکن غزہ کے ہسپتال میں ہونے والے دھماکے کی وجہ سے ان کا دورہ انتہائی پیچیدہ ہو گیا ہے۔ غزہ میں ہلاکتوں پر غم و غصے کے باعث اردن مصر اور فلسطینی اتھارٹی کے عرب رہنماؤں نے جو بائیڈن سے طے شدہ ملاقات منسوخ کر دی ہے۔

    جان کربی نے کہا کہ بائیڈن کا اردن کا دورہ منسوخ کرنا ایک ’باہمی فیصلہ‘ تھا۔

  7. ایران کی اسرائیل کے خلاف کارروائی کی دھمکی: ایران اور حماس کے درمیان تعلقات اتنے گہرے کیسے ہوئے؟

  8. بریکنگ, حماس کے حملے میں 31 امریکیوں کی ہلاکت کی تصدیق

    امریکی وائٹ ہاؤس کے ترجمان جان کربی نے منگل کو بتایا کہ سات اکتوبر کو اسرائیل پر حماس کے حملے میں تقریباً 31 امریکی مارے گئے ہیں، جب کہ اسرائیل میں 13 امریکی اب بھی لاپتہ ہیں۔

    ان کا یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب صدر بائیڈن حملے کے بعد حمایت ظاہر کرنے کے لیے اسرائیل کے دورے پر ہیں۔

  9. بریکنگ, روس اور متحدہ عرب امارات کا سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ

    روس اور متحدہ عرب امارات نے غزہ میں ایک ہسپتال پر فضائی حملے کے بعد اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا ہے۔

    گذشتہ روز غزہ کے الاہلی عرب ہسپتال پر فضائی حملے کے نتیجے میں تقریباً 500 افراد ہلاک ہوئے جبکہ سینکڑوں زخمی ہو گئے تھے۔ حماس نے اس حملے کا الزام اسرائیل پر عائد کیا ہے جبکہ اسرائیل نے اس کی تردید کی ہے۔

    اقوام متحدہ میں روس کے معاون سفیر دمتری پولیانسکی نے ٹیلی گرام کے ذریعے کہا کہ ’غزہ میں ایک ہسپتال پر بمباری کی وجہ سے روس اور متحدہ عرب امارات نے 18 اکتوبر کی دوپہر ’سلامتی کونسل کا اجلاس بلانے کی درخواست کی ہے۔‘

    پیر کی شام سلامتی کونسل نے روس کی طرف سے اسرائیل اور حماس تحریک کے درمیان ’انسانی بنیادوں پر‘ جنگ بندی قائم کرنے کے لیے پیش کردہ ایک مسودہ قرارداد کو مسترد کر دیا تھا اور برازیل کی طرف سے پیش کی گئی قرارداد کے مسودے پر ووٹنگ کے لیے منگل کی شام ایک اور اجلاس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا۔

    سفارت کاروں نے عندیہ دیا ہے کہ کونسل منگل کی شام برازیل کے مسودہ قرارداد پر ووٹ ڈالنے جا رہی تھی، لیکن اس نے ووٹنگ بدھ کی سہ پہر تک ملتوی کر دی۔

    روسی مسودہ قرارداد میں ’فوری اور مستقل انسانی جنگ بندی کا مطالبہ کیا گیا ہے جس کا مکمل احترام کیا جانا چاہیے‘ اور محصور غزہ کی پٹی میں ضرورت مندوں تک ’انسانی امداد کی بلا روک ٹوک رسائی‘ کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

    روسی مسودے میں حماس کا تذکرہ نہیں کیا گیا، جسے امریکہ، برطانیہ اور فرانس نے ناقابل قبول قرار دیا، جبکہ برازیل کے مسودہ قرارداد میں حماس کی طرف سے شروع کیے گئے ’گھناؤنے دہشت گرد حملوں‘ کی خاص طور پر مذمت کی گئی ہے۔

  10. الاہلی ہسپتال کے زخمیوں کو دیگر ہسپتالوں میں منتقل کرنے کی کوشش

    منگل کے روز الاہلی عرب ہسپتال پر اسرائیلی حملے کے بعد سینکڑوں افراد زخمی ہوئے۔ الاہلی ہسپتال کے زخمیوں کو دیگر ہسپتالوں میں منتقل کرنے کی کوششوں کی تصویری جھلکیاں۔

  11. بریکنگ, غزہ اسرائیل کشیدگی کی تازہ صورتحال

    اسرائیل اور غزہ کی کشیدہ صورتحال میں پچھلے چند گھنٹوں میں کیا کچھ اہم ہوا

    فلسطینی حکام کا کہنا ہے کہ غزہ میں ایک ہسپتال پر اسرائیلی حملے میں 500 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ حماس نے اسرائیل پر اس حملے کا الزام عائد کیا جبکہ اسرائیل نے اس حملے کا ذمہ دار فلسطینی عسکریت پسندوں کو قرار دیا ہے۔

    حماس نے ہسپتال پر اسرائیلی فضائی حملے کا الزام عائد کرتے ہوئے اسے ’جنگی جرم‘ قرار دیا ہے جبکہ اسرائیل نے اس حملے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ یہ حملہ نادانستہ طور پر ایک اور عسکریت پسند گروپ فلسطینی اسلامی جہاد کی طرف سے فائر کیے گئے راکٹ کی وجہ سے ہوا۔

    غزہ کی پٹی میں دوسرے سب سے بڑے عسکریت پسند گروپ فلسطینی اسلامی جہاد نے اس حملے کی ذمہ داری سے انکار کیا ہے۔

    بین الاقوامی رہنماؤں نے ہسپتال میں جانی نقصان کی مذمت کرتے ہوئے بیانات جاری کیے۔

    اردن، مصر اور فلسطینی اتھارٹی کے رہنماؤں نے بدھ کو امریکی صدر جو بائیڈن کے ساتھ طے شدہ سربراہی اجلاس منسوخ کر دیا ہے۔

    بائیڈن اس وقت اسرائیل کے دورے پر ہیں جہاں وہ اسرائیلی رہنماؤں سے ملاقات کریں گے۔

    جنوبی لبنان پر قابض عسکریت پسند گروپ حماس اور حزب اللہ دونوں نے کہا ہے کہ ہسپتال میں ہونے والے دھماکے کے لیے امریکہ اور اسرائیل ذمہ دار ہیں۔

    بیروت میں امریکی سفارتخانے کے باہر رات بھر ہونے والے احتجاج میں مظاہرین نے کمپاؤنڈ کی دیواروں پر فلسطینی پرچم لٹکا دیے ہیں۔

  12. ’اسرائیل مصر کے راستے امداد کی غزہ آمد میں رکاوٹ نہیں ڈالے گا‘: ہسپتال میں دھماکے کا ذمہ دار اسرائیل نہیں،‘ امریکہ