آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

امریکی فوج کا اسرائیل کی مدد کے لیے بحری جہاز اور جنگی طیارے بھیجنے کا اعلان

پینٹاگون کا کہنا ہے کہ امریکی فوج اسرائیل میں جاری لڑائی کے دوران ’علاقائی مزاحمت کو تقویت دینے‘ کے لیے بحری جہاز اور لڑاکا طیارے تعینات کر رہی ہے۔ تازہ کشیدگی کے بعد اسرائیل میں ہلاکتوں کی تعداد 600 سے زیادہ بتائی گئی ہے جبکہ فلسطینی حکام کے مطابق غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فضائی حملوں میں کم از کم 370 لوگ ہلاک ہوئے ہیں۔

لائیو کوریج

  1. چین کا اسرائیل اور فلسطین کے درمیان دیرپا امن معاہدے پر زور

    چین نے اقوام عالم سے یہ مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر کشیدگی روکنے کے لیے اسرائیل اور حماس کے درمیان امن معاہدہ کرائیں۔

    اتوار کو چین کے دفتر خارجہ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ چین کو اس وقت اسرائیل اور فلسطین کے درمیان بڑھتی کشیدگی، تشدد اور تنازع پر گہری تشویش ہے۔

    بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم متعلقہ فریقین کو پرامن رہنے، طاقت کے استعمال سے پرہیز اور فوری طور پر لڑائی کو ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں تا کہ عام شہریوں کی جان کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے اور صوتحال کو مزید خراب ہونے سے بچایا جا سکے۔

    چین کے مطابق تنازع کا دوبارہ سر اٹھانے سے ایک بار پھر یہ بات عیاں ہو گئی ہے کہ عارضی امن معاہدہ زیادہ دیرپا ثابت نہیں ہو سکتا ہے۔

    چین نے عالمی برادری سے یہ مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر حرکت میں آئے اور دیرپا امن کے لیے کوئی حل تلاش کرے۔

  2. اسرائیل کا حماس کے اہم اہداف کو نشانہ بنانے کا دعویٰ

    اسرائیل کی فضائیہ نے نے غزہ میں متعدد عمارتو پر اپنے فضائی حملوں کی ایک فوٹیج ریلیز کرتے ہوئے یہ دعویٰ کیا ہے کہ اس نے حماس کے متعدد اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔

    فوج کے مطابق اسرائیل کے لڑاکا جنگی طیارے وہ حماس کے آپریشنل انفراسٹرکچر کو نشانہ بنا رہے ہیں۔

    غزہ میں بڑے تجارتی مرکز ’وطن ٹاور‘ کے قریب دھماکوں کی اطلاعات بھی ہیں۔

  3. حماس کا چونکا دینے والا انتہائی پیچیدہ آپریشن، اسرائیل کی جوابی کارروائی اور امن کی کوششیں جو ناکام ہوتی رہیں

  4. متعدد بین الاقوامی ایئر لائنز نے تل ابیب کے لیے پروازیں منسوخ کر دیں

    اسرائیل پر حماس کے حملے کے بعد کئی ایئر لائنز نے اس ہفتے کے آخر میں تل ابیب کے لیے درجنوں پروازیں منسوخ کر دیں۔

    ان کمپنیوں میں جنھوں نے تل ابیب کے بین گوریون ہوائی اڈے پر اپنی پروازیں معطل کی ہیں ان میں لفتھانسا، امارات، ریانیر، ایجین ایئر لائنز، امریکی کمپنیاں اور ایئر فرانس شامل ہیں۔

    لیکن حکام نے بین گوریون ہوائی اڈے اور نہ ہی جنوبی اسرائیل میں ایلات کے قریب رامون ہوائی اڈے پر تجارتی پروازوں کو روکا، جو ملک کا دوسرا بین الاقوامی ہوائی اڈہ ہے۔

    جرمنی میں بڑی یورپی ایئر لائن لفتھانسا نے اعلان کیا ہے کہ وہ غزہ کی پٹی پر کنٹرول کرنے والی حماس تحریک کی طرف سے شروع کیے گئے اچانک فوجی حملے کے بعد اسرائیل کے لیے اپنی پروازوں کی تعداد میں کمی کرے گی۔

    لفتھانسا کے ترجمان نے کہا کہ ’تل ابیب میں سکیورٹی کی موجودہ صورتحال کی وجہ سے جرمن گروپ فرینکفرٹ کے لیے صرف ایک پرواز کو ہی جاری رکھا جائے گا، جب کہ ’اس ہفتے تل ابیب جانے اور آنے والی لفتھانسا کی دیگر تمام پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں‘۔

    وارسا میں پولینڈ کی کمپنی ایل او ٹی نے ہفتے کے روز ’اسرائیل کی صورتحال کی وجہ سے‘ پولینڈ کے دارالحکومت کو تل ابیب سے جوڑنے والی اپنی پروازیں منسوخ کرنے کا اعلان کیا ہے اور آنے والے دنوں میں پروازوں کے بارے میں معلومات فراہم نہیں کیں۔

    ہسپانوی ایئر لائن ’ابیریا‘ نے اعلان کیا کہ اس کی ذیلی کمپنی ابیریا ایکسپرس نے تل ابیب کے لیے اپنی پروازیں منسوخ کر دی ہیں۔

    اطالوی ایئر لائن آئی ٹی اے نے بھی اپنی پروازیں کم از کم اتوار کی صبح تک منسوخ کر دی ہیں تاکہ ’مسافروں اور عملے کی حفاظت‘ کو یقینی بنایا جا سکے۔

  5. اسرائیل کا لبنان کی سرحد پر ریزورٹس بند کرنے کا حکم

    اسرائیلی فوج نے لبنان کی سرحد کے قریب ریزورٹس کو بند کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔ اس وقت اسرائیلی فوج لبنان پر بمباری کر رہی ہے۔ فوج کا کہنا ہے کہ لبنان سے اسرائیل پر مارٹر گولے فائر کیے جانے کے بعد بمباری شروع کی گئی ہے۔

  6. اسرائیلی فوج نے لبنان پر بمباری شروع کر دی

    اسرائیل نے لبنان پر بھی بمباری شروع کر دی ہے۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ لبنان سے اسرائیل پر مارٹر گولے فائر کیے جانے کے بعد جنوبی لبنان میں کچھ اہداف کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

    اسرائیلی آرمی ریڈیو کے مطابق لبنان سے اسرائیل کے شمالی حصے میں مارٹر گولے فائر کیے گئے ہیں۔

  7. فلسطین اسرائیل تنازع: اس وقت کی تازہ ترین خبریں

    اسرائیل پر بڑے عرصے بعد اس شدت کا حملہ ہوا ہے، جس میں 250 اسرائیلی ہلاک ہوئے ہیں۔

    اسرائیل کے وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا ہے کہ حماس کے حملوں کے بعد اسرائیل اس وقت طویل اور مشکل جنگ میں داخل ہو چکا ہے۔

    اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ بچوں، خواتین، عام شہریوں اور فوجیوں سمیت درجنوں اسرائیلیوں کو حماس نے یرغمال بنا کر غزہ منتقل کر دیا ہے۔

    اسرائیل نے غزہ پر جوابی حملوں سے متعلق شہریوں کو خبردار کیا ہے اور انھیں محفوظ جگہوں اور پناہ گاہوں کا رخ کرنے کا کہا ہے

    اس وقت جنوبی اسرائیل میں حماس اور اسرائیلی فوج کے درمیان لڑائی جاری ہے۔

    اطلاعات کے مطابق رات کو بھی اسرائیلی فوج نے غزہ پر فضائی حملے کیے۔

    اسرائیل کے وزیر اعظم نیتن یاہو نے غزہ کے لیے بجلی کنکشن کاٹنے، فیول اور اشیائے ضروریہ کی سپلائی کو معطل کرنے کا کہا ہے۔

    امریکی صدر جو بائیڈن نے اسرائیل کی کھل کر حمایت کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

    ایران میں حماس کے حملوں کے بعد جشن منایا گیا ہے۔

    حماس نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ ایران نے اس حملے کی حمایت کی ہے۔ سعودی عرب نے فوری طور پر کشیدگی کو روکنے پر زور دیا ہے۔

  8. حماس کے اسرائیل پر حملے پر ایران میں جشن

    اسرائیل پر حماس کے حملوں کے بعد ایران میں حکومت کے متعدد حامیوں نے تہران اور دیگر شہروں میں فلسطین سکوائر پر جشن منایا۔

    واضح رہے کہ حماس کے ان حملوں میں اب تک اسرائیل میں 250 سے زائد افراد ہلاک، ہزار سے زائد زخمی اور درجنوں افراد کو یرغمال بنایا جا چکا ہے۔ جوابی اسرائیلی فضائی حملوں میں 230 سے ​​زائد فلسطینی بھی ہلاک ہوئے ہیں۔

  9. اسرائیل نے پولیس سٹیشن دوبارہ اپنے قبضے میں لے لیا: مقامی میڈیا

    اسرائیل کے مقامی میڈیا کے مطابق غزہ کی پٹی کے ساتھ اسرائیلی فوج نے حماس سے ایک پولیس سٹیشن کا قبضہ واپس لے لیا ہے۔ حماس نے سنیچر کے روز سدروت شہر میں گھس کر پولیس سٹیشن پر حملہ کیا۔

    دی ٹائمز آف اسرائیل نے اسرائیلی پولیس کمانڈر امیر کوہن کا یہ بیان شائع کیا ہے جس میں انھوں نے کہا ہے کہ اسرائیلی پولیس کی کارروائی میں حماس کے دس عسکریت پسند بھی مارے گئے ہیں۔

  10. اسرائیل کا حماس کے رہنماؤں کے خلاف کارروائی

    اسرائیلی براڈکاسٹنگ کارپوریشن کے مطابق غزہ میں اسرائیلی فوج نے حماس کے رہنما یحییٰ سنوار، نزار عواد اللہ اور فتحی حماد کو نشانہ بنایا ہے۔

  11. ’یوم کپور کے بعد یہ اسرائیل کے لیے مہلک ترین دن تھا‘

    اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ رات بھر ملک کے 22 مقامات پر حماس سے لڑائی جاری رہی، جس میں کم از کم دو اسرائیلی بندوق بردار فوجیوں کو حماس نے اپنی حراست میں لیا ہے۔

    یوم کپور کے بعد اس مہلک ترین دن کو حراست میں لیے گئے ان اسرائیلیوں کو سرحد کے اس پار غزہ لے جایا گیا ہے۔

    اسرائیلی فوج کے مطابق حماس کے زمینی، فضائی اور سمندری حملوں میں کم از کم 250 اسرائیلی مارے گئے ہیں جبکہ 1000 سے زائد اسرائیلی زخمی ہوئے ہیں۔ اسرائیلی فوج کے مطابق حماس نے 3000 راکٹ اسرائیل کی سرزمین پر فائر کیے ہیں۔

    غزہ کے حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیل کے جوابی فضائی حملے میں 230 سے زائد فلسطینی مارے گئے ہیں۔

  12. حماس نے کن اسرائیلیوں کو حراست میں لے رکھا ہے؟

    اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ حماس نے اسرائیل کے عام شہریوں اور فوجیوں کی بڑی تعداد کو اپنی حراست میں لے رکھا ہے۔ حراست میں لیے گئے افراد میں بچے، خواتین، معمر اور معذور بھی شامل ہیں۔

    اسرائیلی فوج کے ترجمان کرنل جوناتھن کونریکس کا کہنا ہے کہ ایسا لگتا ہے کہ ان اسرائیلیوں میں سے کچھ ابھی زندہ ہیں اور کچھ کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔

    اس وقت آن لائن متعدد ایسی ویڈیوز بھی سامنے آئی ہیں جن میں حماس کی حراست میں ان شہریوں اور فوجیوں کو دکھایا گیا ہے۔

    بی بی سی نے بھی ایک ایسی ویڈیو کی تصدیق کی ہے جس میں ایک بھرے ٹرک کو غزہ کی پٹی میں رش سے لے کر جایا جا رہا ہے۔ اس بات کا غالب امکان ہے کہ اس ٹرک میں حراست میں لیے گئے اسرائیلی شہری اور فوجی تھے۔

  13. حماس نے کیسے اسرائیل پر حملے کیے۔۔ تفصیلات سامنے آ رہی ہیں

    سنیچر کو فلسطین کے عسکریت پسند گروپ حماس نے اسرائیل پر راکٹوں سے حملہ کیا جس میں متعدد ہلاکتیں ہوئیں اور کچھ اسرائیلیوں کو حراست بھی بنایا گیا ہے۔

    اس کے جواب میں اسرائیل نے غزہ پر فضائی حملے شروع کر دیے۔

    اسرائیل کے وزیراعظم نیتن یاہو کا کہنا ہے کہ اسرائیل اس وقت حالت جنگ میں ہے۔ انھوں نے کہا کہ حماس، جو غزہ پر حکمرانی کر رہی ہے، کو اس کی بھاری قیمت چکانی پڑے گی۔

    ’بی بی سی ویریفائی‘ اس وقت اسرائیل اور غزہ سے سامنے آنے والی تکلیف دہ فوٹیجز کا جائزہ لے رہی ہے۔

  14. امریکہ اور جرمنی کا اسرائیل سے اظہار یکجہتی

    حماس کے حملوں پر جرمنی اور امریکہ نے اسرائیل سے یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ جرمنی نے اسرائیل کے جھنڈے کے رنگ سے بریینڈ برگ گیٹ کے ستونوں کو نیلی اور سفید برقی قمقموں سے روشن کیا ہے۔

    امریکہ میں بھی نیویارک شہر کی امپائر سٹیٹ بلڈنگ کو اسرائیل کے جھنڈے کے رنگوں سے روشن کیا گیا ہے۔

  15. اسرائیل کا غزہ کے لیے تمام سپلائی معطل کرنے کا اعلان

    میڈیا میں اسرائیل کے وزیراعظم نیتن یاہو کا یہ بیان سامنے آیا ہے کہ اسرائیل غزہ کے لیے فیول، اشیا اور بجلی کی سپلائی معطل کر دے گا۔

    جب سنیچر کو اسرائیل نے اپنے علاقوں میں بجلی کی سپلائی معطل کر دی تو غزہ اندھیروں میں ڈوب گیا۔ سنہ 2007 سے اسرائیل نے سکیورٹی کو وجہ بتا کر مصر کے ساتھ غزہ کی پٹی کو ’بلاک‘ کر رکھا ہے۔

    اسرائیل غزہ کو جانے والی اور وہاں سے باہر نکلنے والی تمام سپلائی پر اسرائیل کا کنٹرول ہے۔ اسی طرح مصر بھی اپنی سرحد پر یہ یقینی بناتا ہے کہ غزہ کو کیا کچھ سپلائی ہو رہا ہے۔

  16. بریکنگ, اسرائیلی جنگی طیاروں کی غزہ میں بمباری اور اس کے بعد ہونے والی تباہی کے مناظر

    اسرائیلی جنگی جہازوں نے غزہ شہر کے وسط میں متعدد عمارتوں کو نشانہ بنایا ہے جن میں ایک 11 منزلہ فلسطین ٹاور بھی شامل ہے۔

    حکام کے مطابق اسرائیل کی جانب سے یہ حملے سنیچر کی صبح حماس کے اسرائیلی علاقوں میں کیے جانے والے حملوں کے بعد سامنے آئے ہیں۔

  17. غزہ میں اس وقت کیا چل رہا ہے؟

    حماس کے اسرائیل پر اچانک کیے جانے والے حملے کے بعد اسرائیل نے غزہ پر متعدد فضائی حملے کیے ہیں۔

    ان حملوں میں 230 سے زائد لوگ مارے گئے ہیں اور ہزار سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔

    اسرائیلی فوج نے غزہ کے سات علاقوں سے لوگوں کو گھر چھوڑ کر شہروں کی طرف جانے یا پناہ گاہوں کا رخ کرنے کا کہا ہے۔

    عینی شاہدین نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ درجنوں خاندان اپنے گھر چھوڑنا شروع ہو گئے ہیں اور وہ اقوام متحدہ کے تحت کام کرنے والے سکولوں میں پناہ لے رہے ہیں۔

    ایکس، سابقہ ٹوئٹر، پر غزہ سے صارفین ان فضائی حملوں کے بارے میں لکھ رہے ہیں کہ یہ مسلسل جاری ہیں اور بہت زیادہ شدت سے یہ حملے کیے جا رہے ہیں۔

  18. اسرائیلی انٹیلیجنس ایجنسیاں موساد اور شاباک حماس کے آپریشن ’طوفان الاقصیٰ‘ کو روکنے میں کیسے ناکام رہیں؟

  19. اسرائیل کو ایک طویل اور مشکل جنگ کا سامنا ہے: اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو

    ایسے وقت پر جب اسرائیل کی فوج اور غزہ سے حماس کے عسکریت پسندوں کے درمیان لڑائی جاری ہے تو ایسے میں اسرائیل کے وزیراعظم نیتن یاہو نے اپنے شہریوں کو بتایا ہے کہ وہ اب ایک طویل اور مشکل جنگ کا حصہ بننے جا رہے ہیں۔

    رات کو دیے گئے اپنے پیغام میں اسرائیلی وزیراعظم نے کہا کہ حماس کے قاتلانہ حملے کے ذریعے جنگ ہم پر مسلط کر دی گئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس جوابی جنگ کا پہلا حصہ چند گھنٹوں میں ختم ہو جائے گا جبکہ اسرائیل کی سر زمین پر زیادہ تر عسکریت پسندوں کا خاتمہ کر دیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ حماس نے سنیچر کو جنوبی اسرائیل پر حملہ کر دیا، جس میں اب تک 250 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ اسرائیل نے اس حملے کا جواب غزہ پر فضائی حملے کی صورت دیا جس میں، فلسطین کی وزارت صحت کے حکام کے مطابق 230 سے زائد لوگ ان حملوں میں مارے گئے ہیں۔

    اسرائیل کی حکومت نے کہا ہے کہ وہ غزہ کے لیے فیول، اشیا اور بجلی کی سپلائی معطل کر دیں گے۔

  20. امریکہ کی اپنے پائلٹس کو اسرائیلی فضا میں پرواز لے جانے میں محتاط رہنے کی ہدایت

    امریکی شہری ہوا بازی کے ریگولیٹر نے امریکی فضائی کمپنیوں اور پائلٹوں پر زور دیا ہے کہ وہ اسرائیلی فضائی حدود میں پرواز کرتے وقت ’انتہائی احتیاط‘ برتیں۔

    امریکہ کی فیڈرل ایویشن ایڈمنسٹریشن نے فضا میں ہر سطح پر امریکی پروازوں کو احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑنے سے متعلق بتایا ہے۔

    امریکہ کے دفتر خارجہ نے بھی اسرائیل میں اپنے شہریوں کو چوکنا رہنے کی ہدایت کی ہے۔

    امریکی سفارت خانے کا عملہ اس وقت اپنے ہیڈ کوارٹر میں پناہ لے رہا ہے۔