بریکنگ, عید کی شاپنگ کے لیے آخری دنوں کا انتظار نہ کریں، لاک ڈاؤن لگ سکتا ہے: اسد عمر
این سی او سی کے اجلاس کے بعد وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے بھی خطاب کرتے ہوئے حکومت کی جانب سے لیے گئے پانچ اہم اقدامات کے بارے میں بھی تفصیل دی۔
اسد عمر نے کہا کہ وبا میں اضافے کے باعث اب بازار شام چھ بجے تک بند ہو جائیں گے اور صرف ضروری اشیا کے لیے دکانیں کھلی رہیں گی۔
انھوں نے عوام سے کہا کہ وہ عید کی شاپنگ کرنا چاہیں تو ضرور کریں لیکن صرف دن کے اوقات میں کریں اور رمضان کے آخری دنوں کا انتظار نہ کریں کیونکہ حالات میں خرابی کی صورت میں لاک ڈاؤن بھی لگ سکتا ہے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ دفاتر صرف 50 فیصد حاضری پر چلیں گےاور دن میں دو بجے تک کام ہوگا۔
ریستورانٹس کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عید تک آؤٹ ڈور کھانے پر بھی پابندی ہوگی اور صرف ٹیک اوے اور ڈیلیوری کی اجازت رہے گی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پانچ فیصد سے زیادہ پازیٹیویٹی ریٹ والے شہروں میں تمام سکول عید تک بند رہیں گے۔