آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

انڈیا میں سوا تین لاکھ سے زیادہ نئے یومیہ متاثرین، کورونا وارڈ میں آگ لگنے سے 13 مریض ہلاک

انڈیا میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے تین لاکھ 32 ہزار سے زیادہ نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں جو دنیا بھر میں یومیہ متاثرین کی اب تک کی سب سے بڑی تعداد ہے۔ پاکستان میں گذشتہ روز کورونا کے باعث ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 144 ہے۔

لائیو کوریج

  1. لاہور: عوامی مقامات اور پبلک ٹرانسپورٹ پر کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر مقدمات

    پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر لاہور میں بغیر ماسک موٹرسائیکل، گاڑیوں کے خلاف کارروائی کے دوران 157457 ہزار گاڑیوں، موٹرسائیکلوں کو چالان ٹکٹس جاری کیے گئے ہیں۔

    یاد رہے کہ صوبے میں سب سے زیادہیومیہ کورونا متاثرین کا تعلق اسی شہر سے ہے۔

    پبلک ٹرانسپورٹ میں کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 12 مقدمات بھی درج کیے گئے ہیں۔

    شہر میں دوران سفر 50 فیصد سے زائد سواریاں بٹھانے اور کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 1062 گاڑیاں بند کی گئی ہیں۔

    ایک لاکھ سے زائد موٹرسائیکلوں کو چالان ٹکٹ جاری کیے گئے۔

    شہر میں ماسک نہ پہننے والوںکے خلاف مجموعی طور پر 1454 مقدمات کا اندراج کیا گیا۔

  2. ویکسینیشن کے لیے ماقی ماندہ طبی اہلکاروں کی رجسٹریشن کا عمل شروع

    پاکستان میں ویکسینیشن کے پہلے مرحلے میں رہ جانے والے باقی ماندہ طبی اہلکاروں کو ویکسینیشن کے لیے رجسٹر کیا جا رہا ہے۔

    وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت فیصل سلطان کا کہنا ہے کہ ان طبی اہلکاروں کو ایک پورٹل پر رجسٹر کیا جا رہا ہے جو 30 اپریل تک کھلا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ طبی اہلکار دی گئی ہدایات کے مطابق خود کو رجسٹر کروائیں

  3. کورونا: لاشوں کی بڑھتی تعداد کے سبب کھیتوں میں جنازوں کی اجازت

    انڈیا کی ریاست کرناٹک میں حکومت نے کووڈ 19 کے سبب مرنے والے افراد کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر کھلے مقامات پر آخری رسومات اور تدفین کے لیے اجازت دے دی ہے۔

    حکومت نے وائرس کے باعث مرنے والوں کے لواحقین کو کھیتوں یا نجی اراضی پر آخری رسومات اور تدفین کی اجازت دی ہے۔

    انڈیا میں ایک سوشل میڈیا صارف نے وزیر اعظم نریندر مودی کو ٹیگ کر کے ٹویٹ کیا کہ پورے انڈیا میں اس عمل کی اجازت ہونی چاہیے۔

  4. انڈیا کی نو ریاستوں میں کورونا کے باعث 24 گھنٹوں میں کوئی ہلاکت نہیں ہوئی

    انڈیا میں کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ تو ہوا ہے لیکن کچھ ریاستیں ایسی بھی ہیں جہاں جانی نقصان کی شرح کم ہے۔

    انڈیا کی وزرات صحت کے مطابق کم از کم نو ریاستوں میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کووڈ 19 کے سبب کوئی ہلاکت نہیں ہوئی۔

    ان ریاستوں میں لداخ، ترپورہ، سکم، میزورام، ناگالینڈ اور ارونا چل پردیش بھی شامل ہیں۔

  5. پنجاب میں مزید 1902 کیسز، لاہور میں وائرس کا پھیلاؤ سب سے زیادہ

    پاکستان کے صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس کے 2902 نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد صوبے میں مجموعی متاثرین کی تعداد 279,437 ہو گئی۔

    ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق سب سے زیادہ متاثر ہونے والا شہر لاہور ہے جہاں مزید 1466 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ اس کے بعد راولپنڈی 133، فیصل آباد 179، سرگودھا 110، بہاولپور 103اور ملتان 204 کیسز کے ساتھ زیادہ پھیلاؤ والے شہر ہیں۔

    24 گھنٹوں میں مزید 54 ہلاکتوں کے بعد صوبے میں کورونا سے ہونے والی اموات کی کل تعداد 7718 ہوچکی ہے۔

    اب تک 4,404,301 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔ جبکہ صوبے میں کورونا وائرس سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 226,380 ہو چکی ہے۔

  6. عمان نے انڈیا ، پاکستان اور بنگلہ دیش پر سفری پابندی عائد کردی

    عمان نے 24 اپریل سے انڈیا، پاکستان اور بنگلہ دیش سے آنے والے لوگوں کے داخلے پر پابندی کا اعلان کیا ہے۔

    خلج ٹائمز کے مطابق ، یہ فیصلہ ملک کی اعلیٰ ترین کمیٹی نے لیا ہے ، جو کورونا وائرس کے انفیکشن کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے کام کرتی ہے۔

    ایک بیان کے مطابق ، پابندی کا اطلاق ان مسافروں پر بھی ہوگا جو گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ان تینوں ممالک سے پروازیں منتقل کرچکے ہیں۔ یہ پابندی 21 اپریل کی شام 6 بجے سے لاگو ہوگی۔

    عمانی شہری ، سفارت کار ، صحت کے کارکنان اور ان کے اہل خانہ کو ان لوگوں میں شامل ہیں جنہیں اس پابندی سے مستثنیٰ کیا گیا ہے۔

    پاکستان ، انڈیا اور بنگلہ دیش میں حالیہ دنوں میں کورونا وائرس کے کیسز میں زبردست اضافہ دیکھا گیا ہے۔

    نئے تارکین وطن ان ممالک کے لیے بہت مشکل ثابت ہورہے ہیں۔پچھلے چوبیس گھنٹوں میں تین لاکھ سے زیادہ کیسز کے ساتھ ، انڈیا ایک دن میں رپورٹ ہونے والے کورونا کیسز کے لحاظ سے دنیا کا سب سے متاثرہ ملک بن گیا ہے۔

  7. پشاور کے لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں کورونا سے متاثرہ مریضوں کی ریکارڈ تعداد

    پاکستان کے صوبہ خیبر پختثنخوا کے شہر پشاور میں لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے ترجمان کے مطابق ہسپتال میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد آج تک کی بلند ترین 422 تک پہنچ گئی ہے۔

    ترجمان محمد عاصم کے مطابق آئی سی یو میں 32 مریض داخل ہیں۔

    انھوں نے بتایا کہ ایل آر ایچ میں کورونا کے مریضوں کے لیے 485 بیڈز مختص کیے گئے ہیں۔ جبکہ صوبے کے مختلف اضلاع سے مریض ایل آر ایچ شفٹ ہو رہے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ ’اس وبا سے نمٹنے کے لیے عوام کا تعاون انتہائی ضروری ہے وبا تیزی سے پھیل رہی ہے۔‘

  8. بریکنگ, پاکستان: چوبیس گھنٹوں میں مزید 5857 افراد کورونا سے متاثر، 98 ہلاکتیں

    پاکستان میں نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق گذشتہ چوبیس گھنٹوں میں مزید 5857 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

    مجموعی طور پر 57591 ٹیسٹ کیے گئے جن میں مثبت کیسز کی شرح 10.16 فیصد رہی۔

    24 گھنٹوں کے دوران مزید 98 افراد جان کی بازی ہارگئے۔ سب سے زیادہ ہلاکتیں صوبہ پنجاب میں ہوئیں جبکہ دوسرے نمبر پر خیبرپختونخوا ہے۔

    91 افراد ہسپتالوں میں ہلاک ہوئے۔

    اب تک پاکستان میں اس وائرس سے صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد 676605 ہے۔

  9. دلی ہائی کورٹ: ’بھیک مانگیں، قرض لیں یا چوری کریں لیکن آکسیجن کی دستیابی کو یقینی بنائیں‘

    انڈیا میں دلی ہائی کورٹ نے مرکزی حکومت کو دارالحکومت دلی میں آکسیجن کی فراہمی کو یقینی بنانے کا حکم دیا ہے۔

    عدالت نے آکسیجن کی فراہمی کے لیے ایک ہسپتال کی درخواست پر فوری سماعت کرتے ہوئے مرکزی حکومت کو کہا: ’ہمیں فرق نہیں پڑتا، بھیک مانگیں، قرض لیں یا چوری کریں لیکن آکسیجن کی دستیابی کو یقینی بنائیں۔‘

    واضح رہے کہ دلی میں کل ایک ہسپتال نے الزام لگایا تھا کہ پڑوسی ریاست ہریانہ کے اہلکاروں نے اپنے دائرہ اختیار میں ایک پلانٹ سے ریاست سے باہر آکسیجن کی فراہمی کو روک دیا ہے۔

    وہیں ہریانہ کے ایک وزیر نے دلی پر ان کی ریاست کی آکسیجن چرانے کا الزام بھی لگایا۔

    دلی حکومت نے اس سے قبل ریاست اتر پردیش پر بھی دارالحکومت کو آکسیجن کی فراہمی روکنے کا الزام عائد کیا تھا اور انہی الزامات اور جوابی الزامات کے درمیان کال شام دلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے ریاست کا آکسیجن ’کوٹہ‘ بڑھانے پر مرکزی حکومت کا شکریہ بھی ادا کیا۔

    واضح رہے کہ انڈیا میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 3 لاکھ سے زائد انفیکشن جبکہ 2000 اموات ریکارڈ ہوئی ہیں۔

  10. مہاراشٹر: ناسک کے ایک ہسپتال میں آکسیجن کی کمی سے کورونا کے 22 مریض ہلاک

    انڈیا کی ریاست مہاراشٹر میں ، ناسک شہر کے ڈاکٹر ذاکر حسین اسپتال میں آکسیجن لیک ہونے سے کم از کم 22 کوووڈ مریض ہلاک ہو گئے ہیں۔

    ناسک میونسپل کارپوریشن کے کمشنر نے 22 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے۔ان کے مطابق ، مجموعی طور پر 150 افراد ہسپتال میں داخل ہیں اور ان میں سے 23 وینٹیلیٹر پر تھے۔

    آکسیجن لیک ہونے کی وجہ سے تقریبا آدھے گھنٹے تک ہسپتال میں آکسیجن کی رسد معطل رہی۔ خبررساں ادارے اے این آئی کے مطابق ، یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ٹینکروں کے ذریعہ آکسیجن بھری جارہی تھی۔

    ناسک میونسپل کارپوریشن کے کمشنر کیلاش جادھو نے کہا ، ’ٹیکنیکل انجینئر کی مدد سے ، رساؤ کو روک دیا گیا ہے۔ لیکن اب صرف 25 فیصد آکسیجن باقی ہے ہسپتال میں۔ آکسیجن کی فراہمی کم ہونے کی وجہ سے لوگ زندہ رہ سکتے ہیں۔ ، لیکن جو لوگ وینٹیلیٹر پر ہیں وہ زندہ نہیں رہ سکتے۔ ہم اس حادثے کی تحقیقات کریں گے اور مجرموں کے خلاف سخت کارروائی کریں گے۔

    ناسک کو روزانہ 139 میٹرک ٹن آکسیجن کی ضرورت ہوتی ہے ، لیکن اسے روزانہ 84 میٹرک ٹن آکسیجن مل رہی ہے۔

  11. بریکنگ, جمعے سے نئی پابندیاں، پاکستان کے بڑے شہر بند کرنے پڑ سکتے ہیں

    وفاقی وزیر برائے پلاننگ اسد عمر کا کہنا ہے کہ اگر کورونا پھیلتا رہا تو بڑے شہروں کو بند کیا جا سکتا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال ’انتہائی سنگین‘ ہو چکی ہے اور اگر وائرس کی پھیلاؤ کی موجودہ صورتحال مزید جاری رہی تو ملک کے بڑے شہروں میں لاک ڈاؤن نافذ کیا جا سکتا ہے۔

    این سی او سی کے اجلاس کی صدرات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر کا کہنا تھا کہ عوام کو چاہیے کہ وہ معاملے کی سنگینی کو سمجھیں اور حفاظتی اقدامات کو یقینی بنائیں۔

    انھوں نے کہا کہ این سی او سی نے چند نئی پابندیوں کی تجاویز پر غور کیا ہے تاکہ کورونا کا پھیلاؤ روکا جا سکے۔

    انھوں نے کہا کہ ان تجاویز کے حوالے سے صوبوں سے جلد بات کی جائے گی اور جمعے کے روز نئی پابندیوں کا اعلان کیا جائے گا۔

    انھوں نے کہا کہ ملک کے چند بڑے شہروں میں کیسز کے مثبت آنے کی شرح خطرناک حد تک بڑھی ہے جس کے پیش نظر نئے اقدامات اٹھانے ضروری ہیں۔

  12. انڈیا میں کورونا کے متاثرین میں ریکارڈ اضافہ، حکومت کا ویکسین اور دیگر دواؤں کے پروڈکشن بڑھانے کا اعلان

    انڈیا میں کورونا کے تیزی سے پھیلنے کا سلسلہ جاری ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے اعداد و شمار کے مطابق قریبا تین لاکھ افراد متاثر ہوئے۔ یہ تعداد دنیا کے کسی بھی ملک میں ایک دن میں ریکارڈ کی گئی کورونا سے متاثر ہونے والوں والوں کی دوسری سب سے بڑی تعداد ہے ۔ صرف ریاست مہاراشٹر میں 519 اموات ہوئی ہیں۔

    دارالحکومت دلی میں چوبیس گھنٹے میں 28395 نئے کیسز درج کیے گئے۔ یہاں ایک دن میں 277 اموات ہوئی ہیں۔

    شہرکے ہسپتالوں میں افراتفری کا عالم ہے۔ ہسپتال پوری طرح بھر چکے ہیں اور اکسیجن کی شدید قلت کی خبریں مل رہی ہیں۔

    وزیر اعظم نریندر مودی نے گذشتہ شب قوم سے اپنے خطاب میں کہا کہ ویکسین اور دوسری تمام دواؤں کے پروڈکشن میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔

    انھوں نے ریاستوں پر زور دیا کہ کہ وہ کورونا پر قابو پانے کے لیے ہرممکن اقدامات کریں تاکہ ملک کو لاک ڈاؤن کی صورحال سے بچایا جا سکے۔

    کورونا کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر برطانیہ، امریکہ، سنگا پور، ہانگ کانگ اور بعض دوسرے ممالک نے اپنے شہریوں کو انڈیا سفر نہ کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

  13. بریکنگ, 24 گھنٹوں کے دوران انڈیا میں 2،95،000 افراد کورونا سے متاثر

    انڈیا میں گذشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا انفیکشن کے 2،95،041 واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔

    منگل کو کووڈ انفیکشن کی وجہ سے مجموعی طور پر 2023 افراد ہلاک ہوئے۔ پہلی بار 2000 سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

    یہ لگاتار ساتواں دن ہے جب کورونا کے نئے کیس دو لاکھ سے اوپر آئے ہیں۔ اب تک انڈیا میں کورونا انفیکشن سے مرنے والے افراد کی تعداد 1،82،553 ہوگئی ہے۔

    اب تک انڈیا میں 1.56 کروڑ افراد اس بیماری کا شکار ہوچکے ہیں جو امریکہ کے بعد دوسرے نمبر پر ہے اور برازیل سے آگے ہے۔ انڈیا کی وزارت صحت کے مطابق اس وقت 21 لاکھ 57 ہزار 538 کورونا کے ایکٹو کیسز ہیں۔

  14. دہلی کے اسپتالوں میں آکسیجن کی کمی

    منگل کی رات دہلی میں کووڈ مریضوں کے لیے ہسپتالوں میں میڈیکل آکسیجن کی فراہمی کچھ گھنٹوں کے لیے روک دی گئی۔

    دہلی کے وزیر اعلی نے ٹویٹ کیا تھا اور کہا تھا کہ اگر آکسیجن کی فراہمی فوری طور پر نہ کی گئی تو تباہ کن صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔

    خبر رساں ادارے پی ٹی آئی کے مطابق بدھ کی صبح دہلی کے بڑے سرکاری اور نجی اسپتالوں میں میڈیکل آکسیجن فراہم کردی گئی ہے۔

    دہلی کے وزیر صحت ستیندر جین نے منگل کی شب ٹویٹ کیا تھا کہ جی ٹی بی اسپتال میں آکسیجن چار گھنٹے سے زیادہ نہیں چل پائے گی جبکہ کوویڈ کے 500 سے زیادہ مریض آکسیجن پر ہیں۔

  15. پنجاب میں مزید 2969 کورونا کیسز، مزید 103 ہلاکتیں

    پرائمری اینڈسکینڈری ہیلتھ کیئر ڈیپارٹمنٹ کے مطابق پنجاب میں کورونا وائرس کے 2969 نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 276,535 ہو گئی۔ سب سے زیادہ کیسز لاہور میں 1454 رپورٹ ہوئے۔

    صوبے میں کورونا وائرس سے مزید 103 ہلاکتیں ہوئی ہیں جس کے بعد اموات کی کل تعداد 7664 ہوچکی ہے۔

    ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کورونا وائرس کو شکست دینے والوں کی تعداد 224,029 ہو چکی ہے۔ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کورونا وائرس کی علامات ظاہر ہونے پر فوراً 1033 پر رابطہ کریں۔

  16. عوام کی سہولت کے لیے پنجاب میں پبلک ٹرانسپورٹ پر پابندی ختم

    پاکستان میں صوبہ پنجاب حکومت نے ماس ٹرانزٹ اور شہر کے اندر چلنے والی ٹرانسپورٹ پر پابندی ختم کر دی ہے۔

    ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ نے پابندی کے خاتمے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

    نوٹیفیکیشن کے مطابق عوام کی سہولت کے لیے آج سے میٹرو بس اور اورنج لائن ٹرین چلنا شروع ہو جائے گی۔

    نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ عوام کی سفری مشکلات کو کم کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔

  17. محکمہ خارجہ کی امریکیوں کو 80 فیصد ممالک میں جانے سے گریز کرنے کا مشورہ

    امریکہ کے محکمہ خارجہ نے کورونا وائرس کی عالمی وبا کے باعث امریکیوں کو دنیا بھر کے ممالک میں سے 80 فیصد میں جانے سے پرہیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

    میڈیا کو جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق محکمہ خارجہ نے میڈیا کو بتایا کہ عالمی وبا کے باعث ’سیاحوں کو شدید خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔‘

    اس وقت دنیا کے 200 ممالک میں سے 34 ایسے ہیں امریکیوں کو ’سفر نہ کرنے‘ کی ہدایت دی گئی ہے تاہم ان میں پاکستان یا انڈیا شامل نہیں ہیں۔

    اب تک دنیا بھر میں کورونا وائرس سے تیس لاکھ سے زیادہ افراد ہلاک ہوچکے ہیں جن میں سے پانچ لاکھ سے زیادہ کی ہلاکت امریکہ میں ہوئی ہے۔

    عالمی ادارہ صحت کی جانب سے خبردار کیا گیا ہے کہ دنیا میں ’ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح ریکارڈ حد‘ تک پہنچنے والی ہے۔

  18. بریکنگ, راہل گاندھی میں کورونا وائرس کی تشخیص

    انڈیا کی حذبِ اختلاف کی جماعت کے سابق سربراہ راہل گاندھی نے ایک ٹویٹ کے ذریعے اعلان کیا ہے کہ ان کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔

    انھوں نے ان تمام افراد سے کورونا ٹیسٹ کروانے کی گزارش کی جن کی ان سے گذشتہ دنوں میں ملاقات ہوئی تھی۔

    خیال رہے کہ انڈیا میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کے آغاز کے بعد سے متاثرین میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے جبکہ گذشتہ روز ملک میں 1700 سے زائد افراد ہلاک بھی ہوئے ہیں۔

  19. انڈیا میں کورونا کی دوسری لہر: دہلی میں لاک ڈاؤن کے اعلان کے بعد کے مناظر

    دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے دہلی میں 26 اپریل تک لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا اعلان کیا تھا اور ساتھ ہی یہ اپیل بھی کی تھی کہ کوئی بھی تارکین وطن مزدور دہلی نہ چھوڑے۔ تاہم اس اعلان کے کچھ ہی گھنٹوں بعد بس اڈوں اور ریلوے سٹیشنز پر شدید رش دیکھنے کو ملا۔

  20. فائزر ویکسین وائرس کی انڈین قسم کے خلاف جزوی طور پر موثر، چین میں ایک دن میں 29 لاکھ ویکسینیشنز

    اسرائیل میں پہلی بار انڈیا میں شناخت کی جانے والی کورونا وائرس کی نئی قسم کے آٹھ کیسز ریکارڈ کیے گئے اور محمکہ صحت کے ایک اہلکار کا کہنا ہے کہ فائزر کی بائیوٹیک ویکسین اس کے خلاف کم از کم جزوی طور پر موثر ہے۔

    وزارت صحت نے بتایا کہ س نئی قسم کے مریض گذشتہ ہفتے اسرائیل میں بیرونِ ملک سے آنے والوں مسافروں میں سامنے آئے تھے جن کی ابتدائی ٹیسٹنگ کی گئی ہے۔

    وزارت کے ڈائریکٹر جنرل ہیزی لیوی نے کان پبلک ریڈیو کو بتایا کہ ’تاثر یہ ہے کہ فائزر ویکسین اس کے خلاف موثر ہے ، اگرچہ اس کی افادیت کم ہے۔‘

    برطانیہ اور آئرلینڈ نے بھی کہا ہے کہ وہ وائرس کی اس نئی قسم پر تحقیق کر رہے ہیں۔

    اسرائیل، جس کی آبادی 9.3 ملین ہے، وہاں 16 سال سے زیادہ عمر کے لگ بھگ 81 فیصد شہریوں یا رہائشیوں کو مکمل طور پر کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین لگا دی گئی ہے۔

    ادھر چین نے گذشتہ روز کووڈ 19 سے بچاؤ کے لیے ایک ہی دن میں 29 لاکھ افراد کو ویکسین لگائی۔

    چین کے ادارہ برائے صحت کے مطابق منگل تک چین میں 19 کروڑ سے زیادہ افراد کو ویکسین لگائی جا چکی ہے۔