آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

کورونا: امریکہ میں کیلیفورنیا کے بعد فلوریڈا سب سے زیادہ متاثرہ ریاست بن گئی

کورونا وائرس سے دنیا بھر میں متاثرہ افراد کی تعداد ایک کروڑ 60 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے. فلوریڈا میں مزید 9300 متاثرین کی تصدیق ہوئی ہے۔ کیلیفورنیا کے بعد یہ امریکہ کی سب سے زیادہ متاثرہ ریاست بن گئی ہے۔

لائیو کوریج

  1. انگلینڈ میں تین کروڑ افراد کو فلو کی ویکسین دی جائے گی

    برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے کہا ہے کہ انگلینڈ میں تین کروڑ افراد کو موسم سرما سے قبل فلو کی ویکسین دی جائے گی تاکہ صحت کے نظام پر سے بوجھ ہٹایا جا سکے اور کورونا وائرس کی ممکنہ دوسری لہر کا مقابلہ کیا جا سکے۔

    نئے قوانین کے مطابق انگلینڈ میں دکانوں کے اندر چہرے کو ڈھانپنا لازم ہو گا۔

    برطانیہ میں جون کے دوران مختلف اشیا کی فروخت میں 13.9 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔ لیکن ماہرین کے مطابق معیشت کی بحالی میں ابھی کچھ وقت لگے گا۔

    وزیراعظم بورس جانسن نے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے پیدا ہونے والے بحران میں بتدریج کمی کے بعد اب وہ چاہتے ہیں کہ ملک معمول کی زندگی اور بحالی کی طرف گامزن ہو۔

    برطانوی حکومت رات 9 بجے کے بعد جنک فوڈ کے اشتہارات پر پابندی جیسے اقدامات سے ملک میں موٹاپے کی بیماری میں کمی کی کوششیں کر رہی ہے۔ کورونا وائرس کی عالمی وبا کے دوران اس مرض میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

  2. سکول کھولنے کے فیصلے پر اساتذہ اور حکومت میں اختلاف

    امریکہ کی ریاست فلوریڈا میں بڑھتے ہوئے کووڈ۔19 کے متاثرین کے ساتھ، وہاں کے اساتذہ نے مطالبہ کیا ہے کہ وہا کے سکول بند رہنے چاہیئں۔

    گورنر ران ڈی سینٹیس نے اگست میں تمام سکول کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    تاہم اساتذہ نے حکومت پر بچوں کو ’گنی پگز‘ سمجھنے اور ’تجربات‘ کے لیے استعمال کرنے کا الزام لگایا ہے۔

  3. اسلام آباد: گذشتہ روز کورونا کے ’نئے متاثرین کی شرح 1.8 فیصد رہی‘

    پاکستان کے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں گذشتہ روز کورونا وائرس کے 44 نئے متاثرین کی تصدیق ہوئی۔

    ضلعی صحت کے افسر کا کہنا ہے کہ 2351 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے صرف 44 افراد کے نتائج مثبت آئے۔ ’ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح صرف 1.8 فیصد رہی۔‘

    ان میں 22 مرد اور 22 خواتین شامل ہیں۔

  4. سواب ٹیسٹ کے بارے میں بے بنیاد دعوؤں کی حقیقت

    دماغ کی حفاظت کرنے کے لیے کئی حفاظتی تہیں ہوتی ہیں۔ اس میں سب سے پہلے تو گردن ہی ہے۔ اس کے علاوہ بھی دماغ کئی حفاظتی جھلیوں اور سیال میں گھرا ہوا ہوتا ہے۔

    خون کی وہ رگیں جو دماغ سے ملتی ہیں، وہ خلیوں کی تہوں میں گھری ہوتی ہیں جو خون میں شامل مالیکیولز کو دماغ تک پہنچنے سے روکتی ہیں جبکہ یہ آکسیجن اور غذائی اجزا کو دماغ تک جانے دیتے ہیں۔

    ناک میں ڈالے جانے والے سویب کو دماغ کو خون سے محفوظ رکھنے والی تہہ تک پہنچنے کے لیے بافتوں کی متعدد تہوں کو توڑنا اور ایک ہڈی کو ڈرل کرنا ہوگا۔

  5. ڈزنی نے کورونا کے باعث اپنی بلاک بسٹر فلموں کی ریلیز ملتوی کر دی

  6. کورونا وائرس: شہباز قلندر کے مزار کی بندش سے سیہون کی معیشت متاثر

    پاکستان میں شہباز قلندر کے مزار کا شمار ملک کے بڑے مزارات میں ہوتا ہے مگر کورونا وائرس کی عالمی وبا کے باعث یہ مزار تقریباً پانچ ماہ سے بند ہے۔

    اس بندش سے سیہون شہر کی معیشت کیسے متاثر ہو رہی ہے ، دیکھتے ہیں ریاض سہیل اور محمد نبیل کی اس رپورٹ میں۔

  7. چین میں مسافر پروازوں کی یومیہ تعداد میں اضافہ ہونے لگا

    چین کے محکمہ شہری ہوابازی نے کہا ہے کہ چین میں یومیہ مسافر پروازوں کی تعداد کورونا وائرس سے پہلے کی سطح کے 80 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔

    یاد رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس کی وجہ سے سفر میں کمی ہوئی ہے جس کے باعث ہوابازی کی صنعت کو شدید خسارہ اٹھانا پڑا ہے۔

    سول ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن آف چائنہ نے کہا کہ 23 جولائی کو چینی ایئرلائنز نے 13 ہزار 59 پروازیں چلائیں۔

    چین میں حالیہ چند دنوں میں کورونا کے نئے متاثرین سامنے آئے ہیں تاہم مقامی طور پر سفر میں اضافہ ہوا ہے کیونکہ سفری پابندیوں میں نرمی ہوئی ہے اور فضائی کرائے بھی کم ہوئے۔

    اس کے علاوہ بیجنگ پہلے سے زیادہ بین الاقوامی پروازوں کو ملک میں داخلے کی اجازت دے رہا ہے تاہم تمام مسافروں کے لیے کورونا کے منفی ٹیسٹ کا حامل ہونا لازم قرار دیا گیا ہے۔

  8. کورونا وارڈ سے بی بی سی کی خصوصی دستاویزی فلم کیسے بنائی گئی؟

    بی بی سی اردو کی فرحت جاوید اور موسیٰ یاوری نے پمز ہسپتال کے کورونا وائرس کے آئی سی یو سے خصوصی دستاویزی فلم پیش کی۔

    اس فلم کی تیاری کے دوران انھیں کیا احتیاطی تدابیر اپنانی پڑیں، یہ دیکھیے اس ڈیجیٹل ویڈیو میں۔

    پمز کے کورونا وائرس آئی سی یو سے بی بی سی اردو کی خصوصی دستاویزی فلم دیکھنے کے لیے اس لنک پر کلک کریں:https://bbc.in/39g0gEr

  9. کورونا وائرس: جنوبی افریقہ میں سرکاری سکول بند کیے جائیں گے

    جنوبی افریقہ میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد میں اضافے کے بعد وہاں پر سرکاری سکولوں کو ایک ماہ کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔

    جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق ملک میں کورونا کے مصدقہ متاثرین کی تعداد چار لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے اور چھ ہزار سے زائد لوگ اب تک وہاں ہلاک ہو چکے ہیں۔

    اس اقدام کا نفاذ پیر کے دن سے ہوگا اور غریب گھرانوں کے وہ طلبا جنھیں سکول کی جانب سے خوراک فراہم کی جاتی ہے، انھیں سکولوں کی بندش کے دوران بھی غذا دی جاتی رہے گی۔

    صدر سیرل رامافوسا نے کہا کہ سکولوں کو بند کرنا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے ضروری ہے۔

    اس سے قبل سکول مارچ میں پہلے لاک ڈاؤن کے دوران بند کیے گئے تھے تاہم کچھ تدریسی سرگرمیاں گذشتہ ماہ کے اوائل میں دوبارہ شروع ہوگئی تھیں۔

  10. آئی پی ایل کے میچز ستمبر سے متحدہ عرب امارات میں ہوں گے

    انڈین پریمیئر لیگ کرکٹ ٹورنامنٹ جو اس سال کورونا وائرس کی وبا کے باعث ملتوی کر دیا گیا تھا، اب ستمبر سے لے کر نومبر تک متحدہ عرب امارات میں ہوگا۔

    آئی پی ایل کے چیئرمین برجیش پٹیل نے بتایا ہے کہ یہ ٹورنامنٹ 19 ستمبر سے شروع ہوگا اور اس کا فائنل آٹھ نومبر کو کھیلا جائے گا۔

    برجیش پٹیل نے پریس ٹرسٹ آف انڈیا کو بتایا کہ آئی پی ایل کی گورننگ کونسل اگلے ہفتے کی ملاقات میں پروگرام کو حتمی شکل دے گا۔

    متحدہ عرب امارات کے شہروں دبئی، ابوظہبی اور شارجہ میں تین بڑے کرکٹ کے میدان ہیں اور میچز انھی میدانوں میں ہونے کی توقع ہے۔

  11. انڈیا میں کورونا وائرس کے ایک دن میں 49 ہزار نئے متاثرین

    انڈیا میں جمعے کو کورونا وائرس کے ریکارڈ 49 ہزار نئے متاثرین سامنے آئے ہیں جبکہ 740 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

    یہ انڈیا میں اب تک متاثرین کی سامنے آنے والی سب سے بڑی تعداد ہے۔ ملک میں کورونا سے 30 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

    مغربی ریاست مہاراشٹر سب سے زیادہ متاثرہ علاقہ ہے جہاں اب تک ساڑھے تین لاکھ سے زیادہ متاثرین سامنے آ چکے ہیں اور جن کا 60 فیصد ملک کے معاشی دارالحکومت ممبئی اور اس کے مضافاتی علاقوں سے تعلق رکھتا ہے۔

    انڈیا میں طبی حکام کی جانب سے ہسپتال میں داخل مریضوں کے لیے دواؤں کی کمی کی شکایات بھی سامنے آ رہی ہیں۔

  12. ’میں آکسفورڈ کی کورونا ویکسین کے تجربے کا حصہ ہوں‘

  13. استنبول کی آیا صوفیہ میں کورونا ایس او پیز کے ساتھ نمازِ جمعہ کی ادائیگی

    ترکی کے شہر استنبول میں حال ہی میں دوبارہ مسجد قرار دی گئی عمارت آیا صوفیہ میں آج جمعے کی نماز ادا کی جائے گی۔

    استنبول کے گورنر علی یرلیکایا نے نماز میں شرکت کرنے والوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے ساتھ 'چہرے کے ماسک، جائے نماز، صبر اور سمجھ ساتھ لے کر آئیں۔'

    ترکی کے وزیر مذہبی اُمور علی ارباس نے کہا کہ تقریباً ایک ہزار لوگ یہاں بیک وقت نماز ادا کر سکیں گے۔ انھوں نے کہا کہ اندر کچھ 'تبدیلیاں' کی گئی ہیں اور یہ جگہ پوری رات کھلی رہے گی۔

  14. عالمی ادارہ صحت کی امریکی وزیر خارجہ کے بیانات کی مذمت

    عالمی ادارہ صحت نے امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کے 'ناقابل قبول' بیانات کی مذمت کی ہے جس میں انھوں نے کہا تھا کہ ڈبلیو ایچ او کو چین چلا رہا ہے۔

    ڈبلیو ایچ او کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس ادھانوم غیبریسیئس نے کہا کہ یہ الزامات 'غیر مصدقہ، ناقابلِ قبول اور بے بنیاد ہیں۔'

    انھوں نے کہا کہ ان کے ادارے کی توجہ 'ان بیانات سے متاثر نہیں ہوگی۔'

    ڈبلیو ایچ او پر امریکی انتظامیہ کی جانب سے مسلسل تنقید کی جاتی رہی ہے اور امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس پر الزام عائد کیا ہے کہ ادارے نے بیجنگ کو اس وبا کے معاملے پر ڈھیل دیے رکھی۔

    ٹرمپ نے مئی میں کہا تھا کہ چین کا 'عالمی ادارہ صحت پر مکمل کنٹرول ہے۔'

    اس حوالے سے بی بی سی ریئلٹی چیک کے مضمون میں پڑھیے کہ صدر ٹرمپ کے عالمی ادارۂ صحت پر الزامات کی حقیقت کیا ہے۔

  15. انڈیا: کورونا سے متاثرہ لڑکی پر قرنطینہ مرکز میں ایک اور مریض کا جنسی تشدد

    انڈیا کے دارالحکومت دلی میں کورونا وائرس کے قرنطینہ مرکز میں ایک 14 سالہ لڑکی کو مبینہ طور پر ایک اور مریض نے جنسی تشدد کا نشانہ بنایا ہے۔

    19 سالہ ملزم اور اس واقعے کی مبینہ طور پر ویڈیو بنانے والے شخص کو پولیس کے مطابق گرفتار کر لیا گیا ہے۔

    تینوں افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی اور ان میں میں معتدل علامات تھیں۔ ان تینوں کو دس ہزار بستروں پر مشتمل انڈیا کے سب سے بڑے قرنطینے میں رکھا گیا تھا۔ یہ مبینہ واقعہ 15 جولائی کو پیش آیا تاہم اس کی خبر اب سامنے آئی ہے۔

    پولیس نے اخبار انڈین ایکسپریس کو بتایا کہ انھوں نے دونوں افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔

    انڈیا میں کورونا وائرس کے 12 لاکھ سے زیادہ مصدقہ متاثرین ہیں جو دنیا میں تیسری بڑی تعداد ہے۔ مگر یہاں کے قرنطینہ مراکز سے پہلی مرتبہ ایسی خبر سامنے نہیں آئی ہے۔

    گذشتہ ہفتے ایک خاتون کو ممبئی کے ایک قرنطینہ مرکز میں مبینہ طور پر جنسی تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا جبکہ ریاست بہار کے شہر پٹنہ میں ایک آئسولیشن وارڈ کے اندر ایک کمسن لڑکی کا مبینہ طور پر ریپ کرنے پر ایک شخص کو گرفتار کیا گیا تھا۔

  16. آسٹریلیا کی آبادی میں سو سال کا کم ترین اضافہ متوقع

    آسٹریلیا میں اس سال آبادی میں ہونے والا اضافہ سو سال کی کم ترین سطح پر ہوگا۔

    سرحدی بندشوں اور امیگریشن میں تاخیر کی وجہ سے آبادی میں اضافہ سالانہ دو فیصد کے بجائے صفر اعشاریہ چھ فیصد رہے گا۔

    کئی دہائیوں تک تارکینِ وطن کی وجہ سے آسٹریلیا کی آبادی میں اضافہ ہوا ہے اور نتیجتاً اس کی معیشت نے ترقی پائی ہے۔

    گذشتہ روز آسٹریلیا کے محکمہ خزانہ کے ڈیٹا سے یہ بات سامنے آئی تھی کہ آسٹریلیا کی معیشت دوسری عالمی جنگ کے بعد سے اب تک کی بدترین صورتحال کی شکار ہے۔

    حکومتی قرضہ ملک کی مجموعی قومی پیداوار کے ایک چوتھائی حصے تک پہن چکا ہے جو کہ 488 ارب آسٹریلین ڈالر کے برابر ہے۔

    اس وقت آسٹریلیا میں حکومت کی تمام کوششیں وائرس کا پھیلاؤ روکنے پر مرکوز ہیں جس سے سب سے زیادہ میلبرن اور سڈنی متاثر ہو رہے ہیں۔

    میلبرن میں کونٹیکٹ ٹریسنگ کے لیے مزید دو ہزار فوجی اہلکار بھیجے جائیں گے۔ ریاست وکٹوریا میں جمعے کو 300 نئے متاثرین سامنے آئے۔

  17. کورونا وائرس: چین میں تمام ٹینس مقابلے منسوخ کر دیے گئے

    راوں سال چین میں انعقاد کے لیے طے شدہ تمام ٹینس مقابلوں کو کورونا وائرس کے خدشات کے پیشِ نظر منسوخ کر دیا گیا ہے۔ ان مقابلوں میں شنگھائی ماسٹرز اور ڈبلیو ٹی اے فائنلز شامل تھے۔

    خبر رساں ادارے اے ایف پی نے وومین ٹینس ایسوسی ایشن (ڈبلیو ٹی اے) کے سربراہ سٹیو سائمن کے حوالے سے بتایا کہ انھوں نے اس فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے تاہم ایونٹس کی منسوخی پر مایوسی کا اظہار بھی کیا ہے۔

    ڈبلیو ٹی اے کا ووہان اوپن ایونٹ منسوخ ہوا ہے جو اکتوبر میں منعقد ہونا تھا۔ ایسوسی ایشن آف ٹینس پروفیشنلز (اے ٹی پی) نے کہا کہ وہ شنگھائی ماسٹرز اور بیجنگ میں منعقد ہونے والا چائنہ اوپن منسوخ کریں گے۔

  18. گلیات میں غیرقانونی طریقوں سے پہنچنے والے سیاحوں کو علاقہ چھوڑنے کا حکم

  19. ویتنام: وباؤں کے پیشگی سدِباب کے لیے جنگلی جانوروں کی تجارت پر پابندی

    ویتنام کی حکومت نے ملک میں جنگلی جانوروں کی تجارت پر فوری طور پر پابندی عائد کر دی ہے تاکہ کسی بھی قسم کی وبا کا پیشگی سدِباب کیا جا سکے۔

    ویتنام ایشیا میں جنگلی جانوروں سے غیر قانونی طور پر تیار کردہ مصنوعات کا اہم مرکز ہے۔ یہاں سے گینڈے کے سینگ، ہاتھی دانت اور گوہ کی کھال بھی برآمد کی گئی ہے۔

    گینڈے کے سینگوں کے بارے میں خیال ہے کہ ان میں طبی خصوصیات پائی جاتی ہیں، چنانچہ ویتنام میں اس کی تجارت ہوتی ہے۔

    نئے حکمنامے کے ذریعے زندہ جنگلی جانوروں اور ان سے تیار کردہ مصنوعات کی درآمد پر پابندی عائد کر دی گئی ہے، جنگلی جانوروں کے بازار ختم کر دیے گئے ہیں اور غیر قانونی شکار اور تجارت کی ممانعت کر دی گئی ہے جن میں آن لائن فروخت بھی شامل ہے۔

    سائنسدانوں کو شک ہے کہ کورونا وائرس انسانوں میں جانوروں کے ذریعے منتقل ہوا اور مرض کے اولین متاثرین وہ لوگ تھے جو چین کے صوبے ہوبائی کے دارالحکومت ووہان میں جنگلی جانوروں کے ایک بازار سے منسلک تھے جہاں چمگادڑوں، سانپوں اور دیگر جانوروں کی تجارت ہوتی تھی۔

  20. کورونا وائرس: امریکہ میں مرض پھیلنے کی شرح دنیا میں سب سے بلند

    امریکہ میں جمعرات کو لگاتار تیسرے روز بھی کورونا وائرس کے سبب 1100 سے زیادہ اموات ہوئیں جبکہ امریکہ میں اب متاثرین کی تعداد 40 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔

    اموات کی شرح میں اضافے کے باوجود یہ تعداد اب بھی اپریل سے کم ہے جب روزانہ اوسطاً دو ہزار کے لگ بھگ افراد اس مرض کے باعث ہلاک ہو رہے تھے۔ بدھ کو امریکہ میں 1135 جبکہ منگل کو 1141 ہلاکتیں ہوئی تھیں، اور جمعرات کو یہ تعداد 1118 رہی۔

    اس وقت امریکہ میں فی گھنٹہ اوسطاً 2600 نئے متاثرین سامنے آ رہے ہیں جو امریکہ میں مرض کے پھیلنے کی سب سے بلند شرح ہے۔

    امریکہ میں اب وبا کا مرکز نیویارک سے جنوبی اور مغربی ریاستوں میں منتقل ہو چکا ہے۔ مگر ایسے وقت میں جب ملک وبا کی شدید لہر کی زد میں ہے تو وہاں پر وفاقی اور ریاستی حکام کے درمیان چہرے کے ماسک سے لے کر لاک ڈاؤن تک پر اختلافات سامنے آ رہے ہیں۔

    یہاں تک کہ امریکہ میں چہرے کے ماسک بھی سیاسی تقسیم کا سبب بن چکے ہیں اور کئی قدامت پسند امریکیوں کا کہنا ہے کہ ماسک لازمی پہننے کا حکم امریکی آئین کی خلاف ورزی ہے۔

    امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ جو خود بھی ریپبلیکن ہیں، ماسک پہننے سے ہچکچاتے رہے ہیں تاہم رواں ہفتے انھوں نے اپنے مؤقف میں تبدیلی کی اور امریکیوں پر ماسک پہننے کے لیے زور دیا۔