آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
یورپ میں متاثرین 15 لاکھ سے زائد، چین کے شہر سوہلان میں لاک ڈاؤن نافذ
دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 41 لاکھ سے بڑھ گئی ہے جبکہ دو لاکھ 82 ہزار سے زیادہ افراد اس سے ہلاک ہو چکے ہیں۔ برطانیہ کے وزیراعظم بورس جانسن نے اپنے خطاب میں تصدیق کی ہے کہ انگلینڈ میں نیو کووِڈ الرٹ سسٹم کا استعمال ہو گا جس کی مدد سے وائرس کی نشاندہی کی جائے گی۔
لائیو کوریج
بریکنگ, جرمنی: لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد مرض پھیلنے کی شرح میں اضافہ
جرمنی میں وائرس کے پھیلنے کی شرح میں ایک مرتبہ پھر اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ سے پابندیوں میں نرمی کے ایک دن بعد ہی ایک مرتبہ پھر تحفظات میں اضافہ ہوا ہے۔
روبرٹ کوک انسٹیٹوٹ (آر کے آئی) فار ڈزیز کنٹرول کا کہنا ہے کہ ‘آر’ کی شرح یعنی ایک شخص سے وائرس کتنے لوگوں کو لگے گا، اب 1.1 ہوگئی ہے۔
اگر یہ شرح ایک سے اوپر ہو تو کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد میں انتہائی تیزی سے اضافہ ہوتا ہے۔
آر کے آئی نے اپنے ایک بلیٹن میں کہا کہ اس شرح میں اضافے کی وجہ سے ضروری ہے کہ آئندہ آنے والے دنوں میں صورتحال پر قریبی نظر رکھی جائے۔
بدھ کو جرمنی کی چانسلر اینگلا مرکل نے کہا تھا کہ وائرس کا پھیلاؤ سست کرنے کا جرمنی کا مقصد حاصل کر لیا گیا ہے، جس کا مطلب ہے کہ لاک ڈاؤن کو بتدریج نرم کیا جا سکتا ہے۔
سپین: یومیہ اموات کی تعداد مارچ کے وسط سے کم ترین سطح پر, اتوار کے روز 143 ہلاکتیں ریکارڈ
سپین میں کورونا وائرس کے سبب ہلاکتوں کی تعداد میں اتوار کو ایک مرتبہ پھر کمی دیکھنے میں آئی جہاں گذشتہ روز 179 ہلاکتوں کے مقابلے میں آج 143 ہلاکتیں ریکارڈ کی گئیں۔
وزارتِ صحت کے مطابق یہ مارچ کے وسط سے اب تک کم ترین یومیہ اموات ہیں۔
وزارت کے اعلامیے کے مطابق سپین میں اموات کی کُل تعداد 26 ہزار 621 ہے جبکہ متاثرین کی کُل تعداد دو لاکھ 24 ہزار 390 ہے۔
آسٹریلیا: لاک ڈاؤن کے خلاف مظاہرہ کرنے والے 10 افراد گرفتار
آسٹریلوی ریاست وکٹوریا میں پولیس نے لاک ڈاؤن کے خلاف مظاہرہ کرنے والے 10 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔
اتوار کو تقریباً 150 افراد نے سماجی دوری کے ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے میلبورن میں ریاستی پارلیمان کے سامنے مظاہرہ کیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مظاہرین پر 1600 آسٹریلوی ڈالر (1045 امریکی ڈالر) تک کا جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔
آسٹریلیا بتدریج لاک ڈاؤن اقدامات میں نرمی کر رہا ہے مگر ریاست وکٹوریا نے میلبورن میں ایک مذبح خانے سے منسلک وبائی لہر کی وجہ سے متاثرین کی تعداد میں اضافے کے باعث پابندیاں اٹھانے کو مؤخر کر دیا ہے۔
اتوار کے مظاہرے امریکہ، برازیل اور دیگر ممالک میں کیے گئے مظاہروں جیسے تھے جہاں لوگ سماجی دوری کے قواعد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئے۔
کورونا بمقابلہ شکم
لبنان میں شامی مہاجرین پر کیا بیت رہی ہے؟
جب سے لبنان اقتصادی بحران کی لپیٹ میں آیا ہے، وہاں مقیم شامی مہاجرین کے لیے زندگی مشکل ہوگئی ہے۔ مگر اب کورونا وائرس لاک ڈاؤن کی وجہ سے ان کے لیے حالات مزید خراب ہوگئے ہیں۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق لبنان، اردن اور ترکی میں 56 لاکھ شامی مہاجرین ہیں جو معمولی اجرتوں پر کام کر کے اپنا پیٹ پالتے تھے لیکن لاک ڈاؤن کے باعث وہ روزگار کے یہ برائے نام مواقع بھی گنوا بیٹھے ہیں۔
چونکہ لبنان میں خود مالی بحران کی وجہ سے بے روزگاری اور مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے، اس لیے مقامی افراد لاکھوں شامی مہاجرین کے لیے عدم برداشت کے جذبات رکھتے ہیں۔
28 سالہ شامی مہاجر احمد المصطفیٰ اپنی ایک سالہ بہن کے لیے دودھ اور ڈائپر نہیں خرید سکتے کیونکہ ایک مقامی ریستوران میں ان کی ملازمت چند ماہ پہلے ختم ہوگئی ہے۔
سنہ 2014 میں لبنان آنے والے مصطفیٰ نے روئٹرز کو بتایا کہ وہ جب بھی کام کی تلاش میں جاتے ہیں تو لوگ انھیں کہتے ہیں کہ وہ شامی افراد کو ملازمت پر نہیں رکھیں گے۔
اقوامِ متحدہ کے ادارہ برائے پناہ گزین یو این ایچ سی آر کی لبنان میں نمائندہ میریئل گیرارڈ کا کہنا ہے کہ زیادہ تر مہاجرین اب وائرس کے بجائے بھوک سے زیادہ خوف زدہ ہیں۔
گذشتہ ماہ ایک سروے میں یو این ایچ سی آر نے پایا تھا کہ 70 فیصد افراد بھوک کے شکار تھے جبکہ کئی لوگ صابن خریدنے کے پیسے بھی نہیں رکھتے۔
نو سال قبل شام کی جنگ شروع ہونے سے اب تک کئی لوگ پرہجوم کیمپوں میں رہائش پذیر ہیں جہاں امدادی کارکنوں کے مطابق کورونا وائرس برق رفتاری سے پھیل سکتا ہے اور انتہائی مہلک ثابت ہوسکتا ہے۔
بریکنگ, روس: 24 گھنٹوں میں 11 ہزار سے زائد نئے متاثرین ریکارڈ
روس میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 11 ہزار 12 نئے متاثرین سامنے آئے ہیں۔
تازہ ترین اضافے کے بعد ملک میں متاثرین کی تعداد دو لاکھ نو ہزار 688 ہوگئی ہے۔
روس کی کورونا وائرس ٹاسک فورس نے بتایا ہے کہ گذشتہ روز 88 افراد ہلاک ہوئے ہیں جس کے بعد ملک میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 1915 ہوگئی ہے۔
روس فی الوقت متاثرین کی تعداد کے اعتبار سے دنیا کا پانچواں سب سے زیادہ متاثر ملک ہے۔
سنگاپور میں 876 نئے متاثرین، مجموعی تعداد 23 ہزار سے تجاوز کر گئی
سنگاپور کی وزارتِ صحت نے اعلان کیا ہے کہ ملک میں اتوار کو کورونا وائرس کے 876 نئے متاثرین سامنے آئے ہیں، جس کے بعد یہاں متاثرین کی مجموعی تعداد 23 ہزار 336 ہوگئی ہے۔
وزارت نے اپنے ایک اعلامیے میں بتایا کہ نئے متاثرہ افراد میں سے زیادہ تر پرہجوم اجتماعی رہائش گاہوں میں رہنے والے تارکینِ وطن ہیں جبکہ تین افراد مستقل شہری ہیں۔
لازمی قرنطینے کے متوقع اقدام پر برطانوی فضائی کمپنیوں میں تشویش
برطانوی فضائی کمپنیوں کی تنظیم نے خبردار کیا ہے کہ برطانیہ آنے والے افراد کے لیے 14 روزہ لازمی قرنطینے کا حکمنامہ ہوابازی کی صنعت کے لیے سخت نقصان دہ ثابت ہوگا۔
حکومت کی جانب سے یہ اعلان آج متوقع ہے۔
مبینہ طور پر ان اقدامات کے تحت مسافروں کو برطانیہ میں ایسے پتے فراہم کرنے ہوں گے جہاں وہ خود کو قرنطینے میں کریں گے۔ قواعد کی خلاف ورزی کرنے والوں پر بھاری جرمانے عائد کیے جائیں گے۔
برٹش ایئرویز اور ایزی جیٹ سمیت دیگر کمپنیوں کی نمائندہ تنظیم ایئرلائنز یو کے کے ایک ترجمن کے مطابق یہ اقدامات برطانیہ کی جانب ‘بین الاقوامی سفر کو ختم’ کر دیں گے۔
ایئرپورٹ آپریٹرز ایسوسی ایشن کی چیف ایگزیکٹیو کیرن ڈی نے کہا کہ اس اقدام کا نہ صرف برطانیہ کی ہوابازی کی صنعت پر بلکہ معیشت پر بھی تباہ کن اثر ہوگا۔
پہلی مرتبہ اس تجویز کے بارے میں خبر دینے والے دی ٹائمز اخبار کے مطابق اس اقدام کا مقصد کورونا وائرس کی دوسری ممکنہ لہر کو روکنا ہے۔ نقادوں کا کہنا ہے کہ یہ اقدام صرف تب کامیاب ہو سکتا ہے جب ایسے کسی ملک میں مقامی متاثرین کی تعداد بہت کم ہو۔ برطانیہ میں فی الوقت یورپ کی سب سے بڑی متاثرین کی یومیہ تعداد ریکارڈ کی جا رہی ہے۔
مبینہ طور پر ان ضوابط کا نفاذ جون کے اوائل میں ہوگا۔
جب کورونا وائرس کی وبا پھیلی تو چین نے کیا کیا؟
تھائی لینڈ میں پانچ نئے متاثرین، کسی ہلاکت کی اطلاع موصول نہیں ہوئی
تھائی لینڈ میں اتوار کو کورونا وائرس کے پانچ نئے متاثرین سامنے آئے ہیں مگر کسی بھی ہلاکت کا اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔
چنانچہ یہاں متاثرین کی کُل تعداد 3009 ہوگئی ہے جبکہ اب تک 56 افراد اس مرض سے ہلاک ہوچکے ہیں۔
پھوکیٹ کے تفریحی مقام سے چار مزید افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے لیکن انھیں پیر کے روز کے اعداد و شمار میں شامل کیا جائے گا۔
اتوار کے روز سامنے آنے والے نئے متاثرین میں سے دو افراد میں یہ مرض مقامی طور پر منتقل ہوا جبکہ تین افراد بیرونِ ملک سفر کر کے آئے تھے۔
نئے متاثرین کی تعداد میں کمی کی وجہ سے تھائی لینڈ کئی ہفتوں کے جُزوی لاک ڈاؤن کے بعد اب چند کاروبار کھولنے کی اجازت دے رہا ہے۔
ملائشیا: کاروبار کھولنے کی مشروط اجازت، ضوابط میں نو جون تک توسیع
ملائشیا کی حکومت نے کاروبار اور نقل و حمل پر پابندیوں میں چار ہفتوں کا اضافہ کرتے ہوئے جون کی نو تاریخ تک توسیع کر دی ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق وزیرِ اعظم محی الدین یاسین نے اتوار کو ٹی وی پر خطاب میں بتایا کہ نقل و حمل کے مشروط حکمنامے کے تحت ضوابط اب بھی نو جون تک موجود رہیں گے، جن میں سخت تر صفائی اور سماجی دوری شامل ہیں۔
اس سے پہلے دو ماہ تک کاروبار بند رکھنے کے بعد ملائیشیا نے دکانوں کو معمول کے مطابق کھولنے کی اجازت دی تھی لیکن اس حوالے سے سخت طبی ضوابط متعین کیے گئے تھے۔
ملائشیا میں اب تک کورونا وائرس کے سبب 6589 افراد متاثر ہو چکے ہیں جبکہ 108 افراد کی ہلاکت ہوئی ہے۔
برطانیہ کا 50 ہزار نمونے ٹیسٹ کے لیے امریکہ بھیجنے کا اعتراف
برطانوی حکومت نے اعتراف کیا ہے کہ گذشتہ ہفتے برطانیہ کی لیبارٹریوں میں 'انتظامی مسائل’ کی وجہ سے 50 ہزار کورونا وائرس ٹیسٹ جانچ کے لیے امریکہ بھیجے گئے تھے۔
محکمہ صحت نے کہا کہ مشتبہ متاثرین سے حاصل کیے گئے نمونوں کو باہر بھیجنا ‘کڑے مسائل’ سے نمٹنے کے منصوبوں میں شامل تھا۔
سنڈے ٹیلیگراف کے مطابق ان نمونوں کو سٹینسٹیڈ ہوائی اڈے سے خصوصی پروازوں کے ذریعے امریکہ بھیجا گیا۔ حکام کے مطابق ان نتائج کی برطانیہ میں تصدیق کی جائے گی جس کے بعد یہ متعلقہ مریضوں کو بھیجے جائیں گے۔
جاپان: متعدد انتظامی یونٹس میں ہنگامی صورتحال کا خاتمہ زیرِ غور
جاپان کے وزیرِ معیشت یاسوتوشی نیشیمورا نے اتوار کو کہا کہ ان کی حکومت ’34 میں سے کئی انتظامی یونٹس’ سے ہنگامی صورتحال اٹھانے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے کیونکہ یہ کورونا وائرس کی وبا سے بدترین انداز میں متاثر نہیں ہوئے ہیں۔
ان کے مطابق یہ اقدام 31 مئی کی قومی ڈیڈلائن سے قبل ہی کیا جائے گا۔
نیشیمورا نے سرکاری ٹی وی این ایچ کے پر کہا کہ ان میں سے کئی علاقوں میں کافی دنوں سے نئے انفیکشن سامنے نہیں آئے ہیں اس لیے جن علاقوں میں خصوصی احتیاط نافذ ہیں، انھیں چھوڑ کر 34 میں سے کئی علاقوں میں ہنگامی صورتحال اٹھانا زیرِ غور ہے۔
وزیرِ معیشت حکومت کے کورونا وائرس کے خلاف مجموعی ردِعمل کے انچارج بھی ہیں۔
انھوں نے کہا کہ نئے متاثرین کی ہفتہ وار تعداد میں کمی ہنگامی صورتحال اٹھانے کا فیصلہ کرنے میں مدد دے گی۔
جاپان نے گذشتہ ہفتے قومی ہنگامی صورتحال میں مئی کے اختتام تک کے لیے توسیع کر دی تھی لیکن انھوں نے کہا تھا کہ وہ 14 مئی کو کورونا وائرس ٹاسک فورس کے اجلاس میں صورتحال کا دوبارہ جائزہ لیں گے اور ممکنہ طور پر چند علاقوں میں نافذ اقدامات کو اٹھا لیا جائے گا۔
ماسکو کے ہسپتال میں آگ سے ایک مریض ہلاک، 200 بحفاظت نکال لیے گئے
روس کے دارالحکومت ماسکو میں کورونا وائرس متاثرین کا علاج کرنے والے ایک ہسپتال میں آگ لگنے سے ایک مریض ہلاک ہوگیا۔
اطلاعات کے مطابق اب شہر کے شمالی حصے میں واقع ہسپتال میں لگنے والی آگ بجھا دی گئی ہے۔
ماسکو کے میئر سرگئی سوبیانن نے ایک مریض کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔ واقعے کے بعد 200 دیگر مریضوں کو ہسپتال سے نکال لیا گیا۔ میئر کے مطابق ان مریضوں کو دیگر ہسپتالوں میں منتقل کیا جائے گا۔
یہ معلوم نہیں ہو سکا ہے کہ باقی مریضوں میں سے کتنے کووِڈ-19 سے متاثر تھے۔
میکسیکو: 33 ہزار سے زائد متاثرین، 3353 افراد ہلاک, دارالحکومت میکسیکو سٹی کے متعدد ہسپتالوں میں جگہ ختم
میکسیکو میں کورونا وائرس متاثرین کی تعداد 33 ہزار 460 تک پہنچ گئی ہے جبکہ یہاں اب تک 3353 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
سنیچر کو یہاں 1938 نئے متاثرین سامنے آئے تھے جبکہ 193 ہلاکتیں ہوئی تھیں۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق دارالحکومت میکسیکو سٹی میں نجی و سرکاری ہسپتالوں میں جگہ ختم ہوگئی ہے اور کورونا وائرس کے مریضوں کو سنیچر کو واپس لوٹایا جا رہا تھا۔
شہری حکومت کے ڈیٹا کے مطابق دارالحکومت کے وسیع شہری علاقے میں کورونا کے مریضوں کے علاج کے لیے 64 ہسپتال متعین کیے گئے تھے اور ان میں سے 26 مکمل طور پر بھر چکے ہیں۔
شہر کے ایک غریب علاقے میں واقع اگناشیو زاراگوسا ہسپتال کے باہر بینر لگا دیکھا گیا کہ اب کورونا وائرس کے نئے مریضوں کے لیے جگہ نہیں ہے۔ ‘صورتحال سمجھنے کے لیے ہم آپ کے شکرگزار ہیں۔’
روئٹرز نے دارالحکومت کے جن پانچ نجی ہسپتالوں سے بات کی، ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنی گنجائش کو پہنچ چکے ہیں۔
برطانیہ: وزیرِ اعظم بورس جانسن آج کووِڈ-19 الرٹ سسٹم لانچ کریں گے
انگلینڈ میں کووِڈ-19 کے لیے ایک الرٹ نظام متعارف کروایا جائے گا اور اتوار کو وزیرِ اعظم بورس جانسن متوقع طور پر اس کا اعلان کریں گے۔
یہ سسٹم ایک سے پانچ کے درجے پر کورونا وائرس سے خطرے کی درجہ بندی کرے گا اور اس میں ڈیٹا کے ذریعے تبدیلیاں کی جاتی رہیں گی۔
یہ نیا نظام صرف انگلینڈ میں نافذ ہوگا لیکن حکومت برطانیہ کی خود مختار اقوام کے ساتھ مل کر ان کے اپنے اپنے نظام پر کام کر رہی ہے۔
وزیرِ اعظم جانسن آج قوم کو لاک ڈاؤن کے اقدامات پر پیش رفت سے آگاہ کریں گے۔
یہ بھی توقع کی جا رہی ہے کہ وزیرِ اعظم ایک نیا نعرہ دیں گے جس میں عوام سے کہا جائے گا کہ ‘ہوشیار رہیں، وائرس کنٹرول کریں، زندگیاں بچائیں۔’
لیکن یہ متوقع نہیں ہے کہ وہ 23 مارچ سے نافذ لاک ڈاؤن میں نرمی کا اعلان کریں گے یا اس حوالے سے کوئی تاریخیں فراہم کریں گے۔
اس نئے نظام سے یہ جاننے میں مدد ملے گی کہ ملک کا کون سا حصہ کورونا وائرس سے کتنا متاثر ہے، اور اس بنیاد پر مقامی سطحوں پر لاک ڈاؤن میں نرمی یا سختی کا فیصلہ کیا جا سکے گا۔
کورونا وائرس: امریکی ریاست نیو جرسی میں اس وقت کیا صورتحال ہے؟
امریکی ریاست نیو جرسی میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے کیے گئے لاک ڈاؤن میں نرمی آئی ہے جس کے بعد پوری ریاست میں پارکوں کو کھول دیا گیا ہے۔ مزید تفصیلات کے لیے دیکھیے صحافی صباحت زکریا کی ویڈیو۔۔۔
آسٹریلیا کی سب سے بڑی ریاست کا جمعے سے لاک ڈاؤن میں نرمی کا اعلان
آسٹریلیا کی سب سے بڑی ریاست نیو ساؤتھ ویلز جہاں سڈنی بھی واقع ہے، 15 مئی سے لاک ڈاؤن میں نرمی کرے گی۔
خبر رساں ادارے روئٹرز نے ریاست کے سربراہ گلیڈس بیریجیکلیان کے حوالے سے بتایا ہے کہ وسیع پیمانے پر ٹیسٹنگ کے بعد یہ بات سامنے آئی ہے کہ کورونا وائرس کا پھیلاؤ تیزی سے کم ہوا ہے، چنانچہ جمعے سے کیفے، ریستوران، کھیل کے میدان اور تالاب کھول دیے جائیں گے۔
یہ ریاست آسٹریلیا میں سب سے زیادہ متاثرہ ریاست ہے جہاں ملک کے مصدقہ متاثرین اور ہلاکتوں کا 45 فیصد وقوع پذیر ہوا۔ مگر سنیچر کو یہاں 10 ہزار لوگوں کی ٹیسٹنگ کے باوجود صرف دو لوگوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد لاک ڈاؤن اقدامات میں محتاط انداز میں نرمی کی راہ ہموار ہوئی ہے۔
15 مئی سے نیو ساؤتھ ویلز میں کیفے اور ریستورانوں میں بیک وقت 10 افراد کو بیٹھنے کی اجازت ہوگی، 10 افراد کو باہر جمع ہونے کی اجازت ہوگی، ایک گھر کا پانچ لوگ دورہ کر سکیں گے۔
کھیل کے میدان اور تالاب بھی سخت پابندیوں کے تحت کھولے جائیں گے۔
یہ آسٹریلیا کی حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن میں نرمی کے تین مرحلوں پر مشتمل منصوبے کا حصہ ہے۔
جنوبی کوریا: 34 نئے متاثرین سامنے آگئے، ایک ماہ کی بلند ترین یومیہ تعداد
جنوبی کوریا میں اتوار کو کورونا وائرس کے 34 نئے متاثرین سامنے آئے ہیں جو کہ ایک ماہ کی بلند ترین یومیہ تعداد ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق دارالحکومت سیئول میں ایک مصدقہ متاثر شخص کے نائٹ کلب جانے کی وجہ سے نائٹ کلبز جانے والے افراد میں وبا کی ایک چھوٹی سی لہر پھیلی تھی۔
کورین سینٹر فار ڈزیز کنٹرول اینڈ پریونشن کے مطابق ان نئے متاثین میں سے 26 مقامی طور پر متاثر ہوئے جبکہ آٹھ متاثرین بیرونِ ملک سے آئے ہیں۔
اتوار کو سامنے آنے والی تعداد نو اپریل سے سب سے زیادہ تھی۔ چین کے بعد وبا ابتدائی طور پر سب سے زیادہ جنوبی کوریا میں پھیلی تھی مگر اس پر قابو پا لیا گیا تھ۔ جنوبی کوریا نے گذشتہ 10 دنوں تک یا صفر یا نہایت کم مقامی متاثرین کی اطلاع دی تھی اور یومیہ مجموعی تعداد حالیہ ہفتوں میں 10 یا اس سے بھی کم رہی۔
متاثرین کی تعداد میں یہ اضافہ سیئول کے چند نائٹ کلبز سے منسلک افراد میں پایا گیا ہے۔ ایک 29 سالہ شخص ان نائٹ کلبز گیا تھا اور اس کے بعد اس کا کورونا کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔
جمعے تک اس شخص سے منسلک 15 لوگوں کی نشاندہی کر لی گئی تھی جبکہ اتوار کو 26 میں سے 14 متاثرین سیئول سے سامنے آئے تاہم حکام نے یہ نہیں بتایا کہ کتنے متاثرین اس شخص سے منسلک ہیں۔