نامہ نگار محمد صہیب کا کہنا ہے کہ آج صبح سے میلبرن میں بارش نہیں ہوئی۔ سورج نکلنے کے بعد آسمان پر کچھ بادل ہیں اور ہوا چل رہی ہے۔ ’صبح سے بارش کی پیشگوئی تھی مگر پہلے دھوپ نکلی اور آسمان پر بادل آگئے ہیں۔‘
موسم کی پیشگوئیاں کرنے والے اداروں کے مطابق بارش کا امکان نسبتاً کم ہوا ہے۔
محمد صہیب کے مطابق میلبرن کے شہری اکثر ویدر ایپس پر یقین نہیں کرتے کیونکہ صورتحال اچانک بدل جاتی ہے۔ ’پہلے بارش کا امکان 95 فیصد تھا مگر اب یہ قریب 65 فیصد تک ظاہر کیا جا رہا ہے۔‘
ورلڈ کپ فائنل کے منتظمین نے بارش سے کھیل رکنے کے باعث کھیل کے دورانیے پر پڑنے والے اثرات کو کم کرنے کے لیے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ فائنل کے قوانین میں رد و بدل کر دیا ہے۔
جیسا کہ اتوار کو پاکستان اور انگلینڈ کا فائنل پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے شروع ہو گا لیکن اس دن بارش کی پیش گوئی بھی کی گئی ہے۔
فائنل مقابلے کے لیے پیر کا دن بھی مختص کیا گیا ہے یعنی اگر اتوار کو تیز بارش کے باعث کھیل نہ ہو سکا تو پیر کے روز میچ کھیلا جائے گا۔
مگر پیر کے روز بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے اس لیے منتظمین نے پیر کے روز بارش کی صورت میں کھیل کے قوانین میں رد و بدل کرتے ہوئے اس میں دو گھنٹے کے وقت کا اضافہ کر دیا ہے یعنی اگر پیر کی صبح بارش سے میچ تاخیر کا شکار ہوتا ہے تو اسے شام میں دو گھنٹے مزید جاری رکھا جائے گا تاکہ کھیل کے وقت کو زیادہ سے زیادہ کیا جا سکے۔
یاد رہے کہ جمعرات کو ایڈیلیڈ میں انگلینڈ نے دوسرے سیمی فائنل میچ میں انڈیا کو دس وکٹوں سے ہرا کر فائنل میں جگہ بنائی ہے جبکہ پاکستان بدھ کو نیوزی لینڈ کو سات وکٹوں سے ہرا کر فائنل میں پہنچا ہے۔
اس ٹورنامنٹ کے قواعد و صوابط میں کہا گیا ہے کہ پیر کا دن مختص کیے جانے کے باوجود ’ہر ممکنہ کوشش‘ کی جائے گی کہ فائنل مقابلہ اتوار کو ہی مکمل ہو اور اس کے لیے کھیل کو مختصر بھی کیا جا سکتا ہے یعنی میچ کو دس دس اوورز کا بھی رکھا جا سکتا ہے۔
منتظمین کا کہنا ہے کہ نئے قواعد کے مطابق اگر میچ اتوار کو مکمل نہ ہو سکا تو پیر کو وہیں سے شروع ہو گا جہاں اتوار کو روکا گیا تھا اور اس کو دوبارہ سے شروع نہیں کیا جائے گا۔
اور پیر کو کھیل انھی حالات میں کھیلا جائے گا جس طرح اتوار کو شروع ہوا تھا، یعنی اگر اتوار کو 10 اوور فی سائیڈ میچ شروع ہوتا ہے تو پیر کے دن کے کھیل میں دس اوورز ہی ہوں گے۔
اضافی دن میں دو گھنٹوں کا اضافہ کرنے کا مطلب ہے کہ میچ کو مکمل کرنے کے لیے سات گھنٹے اور دس منٹ کا کھیل ہو سکے گا۔
اور اگر ضرورت پڑی تو یہ میچ پیر کو پاکستانی وقت کے مطابق صبح نو بجے شروع ہو گا۔
اگر ریزرو ڈے میں بھی بارش کی وجہ سے میچ ممکن نہیں ہو پاتا تو پھر فائنل کھیلنے والی دونوں ٹیموں کو مشترکہ فاتح قرار دے دیا جائے گا۔
آئی سی سی کے مقابلوں میں ایسا صرف ایک مرتبہ ہوا کہ فائنل کھیلنے والی دونوں ٹیمیں مشترکہ فاتح قرار پائی ہوں۔