انڈیا کا معاشی دارالحکومت ممبئی کورونا وائرس کی وبا کے باعث لاک ڈاؤن کی طرف بڑھ رہا ہے۔
انڈیا کی مغربی ریاست مہاراشٹرا کے وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے آج ممبئی، پونے، پمپری چنچواڑ اور ناگپور سمیت ریاست کے بڑے شہروں میں جزوی طور پر لاک ڈاؤن کے متعدد اقدامات کا اعلان کیا۔
ریاست مہاراشٹرا ملک میں سب سے زیادہ متاثرہ ریاست ہے اور یہاں مجموعی طور پر 52 کورونا وائرس کے مثبت کیسز سامنے آئے ہیں۔ جبکہ ممبئی میں اس سے اب تک ایک ہلاکت ہوئی ہے۔
لاک ڈاؤن کے حوالے سے مندرجہ ذیل اقدامات کیے گئے ہیں:
1. تمام نجی دفاتر، دکانیں، مالز، عوامی مقامات، تھیئٹرز کو 31 مارچ تک بند کر دیا گیا ہے۔
نجی دفاتر تمام ملازمین کو گھر سے کام کرنے کی سہولت فراہم کریں گے۔
2. شہر میں صرف اشیا خوردو نوش کی دکانیں، دودھ کی دکانیں، میڈیکل سٹورز اور بینک کھلے رہیں گے۔
سرکاری دفاتر صرف 25 فیصد افرادی قوت کے ساتھ کام کریں گے۔ تمام ملازمین روٹیشن میں کام کریں گے۔
3. سکول اور کالج 31 مارچ تک بند رہیں گے۔ اس تعلیمی سال کے بیشتر گریڈز کے امتحانات منسوخ کر دیئے گئے ہیں اور چند کو ملتوی کردیا گیا ہے۔
تاہم ریاست میں اب تک ٹرینیں، بسیں اور دیگر عوامی ٹرانسپورٹ چلتی رہے گی۔ لیکن اگر صورتحال خراب ہوئی تو حکومت ان کی بندش کا فیصلہ کر سکتی ہے۔
حکومت نے تمام عوامی، سماجی، سیاسی تقاریب کی اجازت پہلے ہی منسوخ کر دی ہے اور شہریوں کو گھر کے اندر ہی رہنے کا مشورہ دیا ہے۔